اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے ملک بھر میں سوا لاکھ سے زائد سرکاری آسامیوں پر فوری طور پر بھرتیوں کا حکم دے دیا ہے۔
پی ایم ڈلیوری یونٹ نے وزارتوں اور محکموں کی استعداد کار پر رپورٹ تیار کرکے تفصیلات وزیراعظم کو پیش کردیں جس کے مطابق وزارتوں اور محکموں کی غفلت کے باعث سوا لاکھ سے زائد سرکاری نوکریاں بھرتی کی منتظر ہیں۔
35 وزارتوں میں ایک لاکھ 29 ہزار آسامیاں خالی ہیں جن میں سے 4 ہزار آسامیاں فیڈرل پبلک سروس کمیشن کے ذریعے پر ہونا ہیں۔ وزیراعظم عمران خان نے وزارتوں کو خالی آسامیاں فوری پر کرنے کی ہدایت کردی۔
رپورٹ کے مطابق گریڈ 21 اور گریڈ 22 کی 96 آسامیاں خالی ہیں، گریڈ 8 سے گریڈ 15 تک کی 41 ہزار، گریڈ ایک سے گریڈ 7 تک کی 51 ہزار جبکہ گریڈ 16 سے گریڈ 22 کی 13 ہزار421 پوسٹوں پر کوئی افسر تعینات نہیں۔
واضح رہے کہ وفاقی حکومت نے ان آسامیوں کی تفصیلات اور انہیں پُر کرنے کےلیے وزارتوں کو ریڈلیٹر بھی جاری کیے تھے۔