ہماری دعائیں قبول کیوں نہیں ہوتیں؟

دنیا کا نقشہ نکالیں اور مشرق وسطی ٰ کا علاقہ دیکھیں، ایک سے بڑھ کر ایک طرم خان مسلمان ملکوں کے نام نظر آئیں گے، مصر، اردن، عمان، لبنان اورنہ جانے کیا کیا، اِن تمام ملکوں کے درمیان ایک دو مرلے کا ملک گھرا ہے، نام ہے اسرائیل، مشکل سے 22ہزار مربع کلومیٹر رقبہ ہے اور 91لاکھ کی آبادی مگر اِس چھوٹے سے ملک نے پورے مشرق وسطی ٰ تو کیا دنیا کو نکیل ڈال کر رکھی ہوئی ہے ۔

1967میں چھ دن کی عرب اسرائیل جنگ ہوئی تھی، اِس جنگ میں اسرائیل نے اِن مسلمان ممالک کے ساتھ جو کیا اس کے بعد کسی کی جرات نہیں ہوئی کہ دوبارہ اسرائیل کے ساتھ کوئی ایڈونچر کریں ۔ ترقی میں بھی اسرائیل کا دور دور تک کوئی مقابل نہیں، اسرائیل کے پاس عربوں کی طرح تیل کے کنوئیں نہیں مگر اِس کے باوجود آج بینک آف اسرائیل کے پاس 113ارب ڈالر کے زر مبادلہ ذخائر ہیں۔

اسرائیل دنیا کا واحد ملک ہے جہاں بڑے پیمانے پرنئی کاروباری کمپنیاں شروع کرنے کی تعدادامریکہ کے بعد دنیا میں سب سے زیادہ ہے اور نیسڈک اسٹاک ایکسچینج میں ’’ لسٹڈ‘‘اسرائیلی کمپنیاں تعداد میں صرف امریکہ اور چین سے پیچھے ہیں، باقی تمام دنیا سے اسرائیل آگے ہے۔اسرائیل ایک یہودی ریاست ہے، دنیا کا کوئی بھی یہودی یہاں آکر رہ سکتا ہے۔

تمام تر جدیدیت کے باوجود آج بھی اسرائیلی یہودی مذہبی عقائد رکھتے ہیں، تہوار مناتے ہیں، عبادت گاہوں میں دعائیں مانگتے ہیں اوراپنی مذہبی رسومات ادا کرتے ہیں ۔ مذہب سے اِس تمام ترعقیدت کے باوجود جب اسرائیل کی عربوں سے جنگ ہوئی تو اسرائیلیوں نے یہ جنگ پرستش گاہوں میں دعائیں مانگ کر نہیں جیتی بلکہ اسرائیل نے اپنی جنگی طاقت اور حکمت کی بدولت عربوں کو شکست دی۔

سوال یہاں یہ پیدا ہوتا ہے کہ کیا یہ سمجھ لیا جائے کہ اُس وقت خدا نے عربوںکی دعائیں نہیں سنیں اور اگر ایسا ہی تھا تو کیا خدا اسرائیل کے ساتھ تھا؟

یہ کائنات کچھ آفاقی قوانین کے تحت چل رہی ہے، ان قوانین کے مجموعے کو ہم طبعی قوانین کہتے ہیں، آج سے ساڑھے تیرہ ارب سال پہلے جب یہ کائنات وجود میں آئی تو ساتھ ہی یہ طبعی قوانین بھی وجود میں آ گئے، یہ قوانین کائنات میں یکساں انداز میں لاگو ہیں۔

مثلاً ہائیڈروجن اور آکسیجن ایک خاص ترکیب سے مل کر ہمیشہ پانی بنائیں گے، یہ ترکیب چاہے پادری استعمال کرلے یا کاہن، پانی کو اس سے کوئی فرق نہیں پڑے گا، ان طبعی قوانین کے تحت بننے والی ریوالور کی گولی کسی لا دین کے سینے میں اتار دو یا کسی پانچ وقت کے نمازی کے دل میں سوراخ کر دو، نتیجہ ایک ہی نکلے گااور اِن طبعی قوانین کے تحت تیار ہونے والی سر درد کی دوا کسی ملحد کاسر درد بھی ویسے ہی ٹھیک کرے گی جیسے کسی حاجی کا۔

اِن آفاقی قوانین کے علاوہ کچھ غیر طبعی قوانین بھی ہیں جو ہماری دنیا میں وقت کے ساتھ ساتھ بنتے چلے گئے ہیں اور آج یہ قوانین ایک خاص شکل میںہمارے درمیان موجود ہیں، مثلاً کرنسی، مندر کے پجاری کو بھی اس کی ضرورت ہے اور دہریے کو بھی، سائنس دان کو بھی چاہیے اور عالم دین کو بھی، ضرورتوں میں فرق ہو سکتا ہے مگر کرنسی کی افادیت دنیا بھر میں یکساں ہے ۔

اسی طرح زمانے کے ساتھ دنیا نے طاقت کے بھی کچھ اصول وضع کر لیے ہیں، اسرائیل نے یہ اصول اپنائے، اپنی طاقت اور دولت میں اضافہ کیا اور عربوں کو پیچھے چھوڑ دیا۔1914سے لے کر 1945تک دنیا میں دوعظیم جنگیں لڑی گئیں، ساڑھے بارہ کروڑ لوگ مارے گئے۔

یورپ کے وہ تمام ممالک جنہوں نے آپس میں جنگ لڑی آج ایک یورپین یونین کا حصہ ہیں اور وہ تمام مسلمان ممالک جن کے درمیان جنگوں کے باوجود اِس پیمانے پر خوں ریزی نہیں ہوئی آج تک ایک دوسرے کے ساتھ بیٹھنے پر راضی نہیں جبکہ روزانہ ہماری مساجد میں امت مسلمہ کے درمیان اتحاد کی دعائیں مانگی جاتی ہیں۔

ایسے میں کیا پھر وہی سوال دہرایا جائے کہ خدا ہماری دعائیں کیوں نہیں سنتا ؟

دراصل دنیاوی معاملات میں مذہب کا کوئی عمل دخل نہیںہوتا، دنیاکے معاملات دنیاکے اصولوں پر چلتے ہیں، یورپ نے اتحاد کے لیے کلیساؤں میں دعائیں مانگیں اور نہ اسرائیل نے عربوں کو شکست دینے کے لیے فقط دعاؤں پر انحصار کیا،آج امریکہ اِس وجہ سے سپر پاور نہیں کہ وہاں پادری ہر اتوار کو چرچ میں جا کر امریکہ کی سر بلندی کی دعائیں کرتے ہیں بلکہ امریکہ کی طاقت انھی اصولوں کو اپنانے کی وجہ سے جو دنیا میں طاقت کے حصول کے لیے اپنائے جاتے ہیں ۔

یہ دنیا جن اصولوں کے تحت چلتی ہے اگر وہ مذہب کے تابع ہوتے تو کسی کے ساتھ نا انصافی نہ ہوتی،کوئی بچہ اپاہج پیدا نہ ہوتا، کوئی شخص بھوکا نہ سوتا، کوئی بے گناہ جنگ میں نہ مارا جاتا، کسی کمزور کی عزت نیلام نہ ہوتی، کسی زلزلے میں دودھ پیتے بچے نہ ہلاک ہوتے ۔

یہ دنیا طبعی اور غیر طبعی قوانین کا مجموعہ ہے، جب ہم بے بس ہو کر خدا سے دعا کرتے ہیں تو دراصل اُس سے اِن قوانین میں ترمیم کا مطالبہ کر رہے ہوتے ہیں جو ممکن نہیں کیونکہ اگر ایسا ہونا شروع ہو جائے تو پھر سر درد کی گولی تو ایمان والوں پر اثر کرے مگر پستول کی گولی ایمان والوںکا کچھ نہ بگاڑ سکے ۔

ہم سمجھتے ہیں کہ دعاؤں سے دنیاوی مسئلے حل ہو سکتے ہیں(پیغمبروں کی فضیلت اور اُن کی دعا کی بات الگ ہے جسے ہم گناہگار نہیں پا سکتے ) جبکہ مذہب کا یہ موضوع ہی نہیں، مذہب تو انسان کے زندگی بعد از موت کے معاملے کو سلجھاتا ہے اور بتاتا ہے کہ مرنے کے بعد جب تم اٹھائے جاؤ گے تو روز حشر بر پا ہوگا، وہاں جزا اور سزا کا تعین ہوگا۔

اس امتحان میں کامیابی کے لیے ضروری ہے کہ تم دنیا میں ایک پاکیزہ زندگی اپنے رب کے احکامات کے مطابق گزارو، مگر اِس کا یہ مطلب نہیں کہ پاکیزہ زندگی گزارنے کی صورت میں دنیا میں تم پر کوئی آنچ نہیں آئے گی کیونکہ یہ دنیا جن اصولوں پر قائم ہے وہ اُن اصولوں سے مختلف ہیں جو روز محشر لاگو ہوں گے۔

سوخدا کے احکامات کے مطابق زندگی گزارنے کا اجر ہمیں بعد از موت جنت کی صورت میں ملے گا،یہ خدا کا وعد ہ ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے