اتوار : 03 جنوری 2021 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]امریکا میں کووڈ انیس کے سبب ہلاکتوں کی تعداد ساڑھے تین لاکھ سے بڑھ گئیں[/pullquote]

امریکا میں کووڈ انیس کا شکار ہو کر موت کے منہ میں جانے والے افراد کی تعداد ساڑھے تین لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے۔ دنیا بھر سے کورونا کے بارے میں اعداد وشمار جمع کرنے والی امریکا کی جانز ہاپکنز یونیورسٹی کے مطابق امریکا میں کووڈ انیس کے سبب ہلاک ہونے والوں کی تعداد تین لاکھ پچاس ہزار دو سو سے زائد ہو گئی ہے۔ کورونا کی وبا کے آغاز سے اب تک امریکا میں اس وائرس سے متاثر ہونے والوں کی تعداد بھی دو کروڑ چار لاکھ تیس ہزار سے بڑھ گئی ہے۔ امریکا دنیا بھر میں کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والا ملک ہے۔

[pullquote]متعدد ری پبلکن ارکان پارلیمان کی طرف سے جو بائیڈن کی فتح کی مخالف[/pullquote]

ری پبلکن جماعت سے تعلق رکھنے والے 11 امریکی سینیٹرز نے کانگریس کی طرف سے صدارتی انتخابات کے نتائج کا باقاعدہ اعلان کرنے کی مخالفت کی ہے۔ بدھ کے روز ہونے والے اجلاس میں یہ ارکان ایک انکوائری کمیشن کا مطالبہ کرنا چاہتے ہیں جو 10 دن کے اندر انتخابی نتائج کی چھان بین کرے۔ انتخابات جیتنے والے امیدوار کا اعلان ایک رسمی کارروائی سمجھی جاتی ہے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ابھی تک نو منتخب صدر جو بائیڈن کے مقابلے میں انتخابی شکست کو تسلیم نہیں کیا۔

[pullquote]جرمنی کی مشرق وسطیٰ کو 2020ء کے دوران ہتھیاروں کی فروخت ایک بلین یورو کے برابر رہی[/pullquote]

جرمن حکومت نے سال 2020 کے دوران مشرق وسطیٰ کے ان ممالک کو ایک بلین سے زائد مالیت کے ہتھیار فروخت کرنے کی اجازت دی، جو یمن اور لیبیا کے تنازعات میں شریک ہیں۔ جرمن وزارت اقتصادیات نے یہ بات ایک رکن پارلیمان کے سوال کے جواب میں بتائی ہے۔ صرف مصر کو 752 ملین یورو کے ہتھیار اور دیگر فوجی ساز وسامان برآمد کرنے کی اجازت دی گئی۔ اس کے علاوہ قطر کو 305.1 ملین یورو، متحدہ عرب امارات کو 51.3 ملین یورو، کویت کو 23.4 ملین یورو جبکہ ترکی کو 22.9 ملین یورو مالیت کے ہتھیار اور دیگر فوجی ساز وسامان فراہم کیا گیا۔ یہ تمام ممالک یمن اور لیبیا میں کئی برسوں سے جاری خانہ جنگی میں کسی نا کسی حد تک اپنا کردار رکھتے ہیں۔

[pullquote]ایران کا جرمنی سمیت کئی ممالک پر قاسم سلیمانی کے قتل کا الزام[/pullquote]

ایرانی سرکاری میڈیا میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ امریکا کے علاوہ کئی ممالک نے قدس فورس کے اس وقت سربراہ جنرل قاسم سلیمانی کے قتل میں کردار ادا کیا تھا جن میں عراق، شام، لبنان، کویت، قطر، جرمنی، اردن اور برطانیہ بھی شامل ہیں۔ بدھ کو ایرانی استغاثہ نے دعویٰ کیا تھا کہ ایک برطانوی سکیورٹی کمپنی اور جرمنی میں رامشٹائن کا فوجی اڈہ سلیمانی کے قتل میں استعمال ہوئے تھے۔ دوسری طرف ایران کی ایلیٹ قدس فورس کے سربراہ اسماعیل غنی نے تہران میں سلیمانی کی برسی کے حوالے سے منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایک بار پھر کہا ہے کہ وہ سلیمانی کی ہلاکت کا بدلہ لیں گے۔

[pullquote]نائجر میں شدت پسندوں کا حملہ، کم از کم 70 افراد ہلاک[/pullquote]

افریقی ملک نائجر میں دو دیہات پر دہشت گردانہ حملوں میں کم از کم 70 افراد مارے گئے ہیں۔ سکیورٹی حکام کے مطابق ان حملوں کے پیچھے کسی مسلم شدت پسند گروپ کا ہاتھ دکھائی دیتا ہے۔ ان حملوں کا نشانہ بننے والے گاؤں مالی کی سرحد کے قریب واقع ہیں۔ حملوں کی وجہ ابھی تک غیر واضح ہے۔ ماضی میں شدت پسند گروپ داعش اور القاعدہ نائجر میں حملے کرتے رہے ہیں۔ گزشتہ برس اس مغربی افریقی ملک میں سینکڑوں افراد ایسے حملوں میں مارے گئے۔

[pullquote]جرمنی میں لاک ڈاؤن کی مدت بڑھانے پر اتفاق[/pullquote]

جرمنی میں کورونا وباء سے بچاؤ کے لیے ملک میں لاگو لاک ڈاؤن کی مدت بڑھانے پر اتفاق ہوا ہے۔ جرمن میڈیا کے مطابق جرمن چانسلر انگیلا میرکل اور ریاستی سربراہان حکومت کے درمیان ٹیلی کانفرنس میں تاہم ابھی یہ طے کیا جانا باقی ہے کہ آیا 10 جنوری کے بعد یہ لاک ڈاؤن دو ہفتوں کے لیے بڑھایا جائے یا تین ہفتوں کے لیے۔ جرمنی ریاستوں میں ابھی تک اسکول اور کنڈرگارٹن کھولنے کے معاملے پر اتفاق رائے نہیں ہے۔ جرمنی میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے مزید 10,315 کیسز سامنے آئے ہیں جبکہ اسی مدت میں کووڈ انیس کے سبب ہلاکتوں کی تعداد 312 رہی۔

[pullquote]دو فرانسیسی فوجی مالی میں ایک بم دھماکے میں ہلاک[/pullquote]

فرانس کے دو فوجی افریقی ملک مالی میں ہونے والے ایک بم دھماکے میں ہلاک ہو گئے ہیں۔ فرانسیسی صدارتی دفتر کے مطابق مالی کے شمال مشرقی حصے میں ہفتے کے روز ایک فوجی گاڑی ایک مقامی طور پر تیار کردہ بم کے دھماکے کا نشانہ بنی جس کے نتیجے میں یہ ہلاکتیں ہوئیں۔ اسی علاقے میں پیر کے روز ہونے والے اسی طرح کے ایک حملے میں تین فرانسیسی فوجی مارے گئے تھے۔ فرانسیسی صدر ایمانویل ماکروں نے ان ہلاکتوں پر دکھ کا اظہار کیا ہے۔ مالی میں اس وقت قریب 5100 فرانسیسی فوجی تعینات ہیں۔

[pullquote]بھارت نے آسٹرا زینیکا ویکسین کے ایمرجنسی استعمال کی اجازت دے دی[/pullquote]

بھارت نے آکسفورڈ یونیورسٹی کی تیار کردہ کورونا سے انسداد کی ویکسین آسٹرا زینیکا کے استعمال کی باقاعدہ اجازت دے دی ہے۔ آج اتوار کے روز بھارتی ڈرگ اتھارٹیز نے ایک مقامی دوا ساز کمپنی بھارت بائیو ٹیک کی تیار کردہ ویکیسن کے استعمال کی بھی اجازت دے دی ہے۔ بھارت کے ڈرگز کنٹرولر جنرل وی جی سومانی کے بقول تاہم ان دونوں ویکسین کی صرف ایمرجنسی صورتحال میں استعمال کی اجازت دی گئی ہے۔ بھارت امریکا کے بعد کورونا کی وبا سے دوسرا سب سے زیادہ متاثرہ ملک ہے جہاں اب تک ایک کروڑ تین لاکھ سے زائد افراد اس وائرس سے متاثر ہو چکے ہیں جبکہ اسی سبب ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد ڈیڑھ لاکھ کے قریب ہے۔

[pullquote]بلوچستان میں مسلح افراد نے 11 کان کنوں کو قتل کر دیا[/pullquote]

پاکستان کے جنوب مغربی صوبہ بلوچستان میں مسلح افراد نے فائرنگ کر کے کوئلے کی کان میں کام کرنے والے 11 کان کنوں کو قتل کر دیا۔ یہ بات مقامی حکام کی طرف سے بتائی گئی ہے۔ مقامی حکام کے مطابق قتل کیے جانے والے مزدوروں کا تعلق شیعہ ہزارہ کمیونٹی سے تھا۔ مسلح افراد اس واردات کے بعد وہاں سے فرار ہو گئے اور اب پولیس اور سکیورٹی فورسز ان کی تلاش میں ہیں۔ اب تک کسی گروپ نے اس واقعے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے