جمعہ : 08 جنوری 2021 لی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]ایران نے امریکا اور برطانیہ کی کورونا ویکسین منگوانے پر پابندی لگادی[/pullquote]

ایران کے رہبر اعلیٰ آیت اللہ خامنہ ای نے امریکا، برطانیہ اور فرانس سے کورونا ویکسین لینے پر پابندی لگا دی اور کہا یہ ممالک قابل بھروسہ نہیں، کسی اور قابل بھروسہ ملک سے کورونا ویکسین لے سکتے ہیں۔ایرانی سپریم لیڈر نے ایران پر سے امریکی پابندیاں فوری ختم کرنے کا بھی مطالبہ کر دیا۔آیت اللہ خامنہ ای کا کہنا تھا کہ ملک میں امریکا اور برطانیہ میں تیار کردہ کورونا ویکسین منگوانے پر پابندی لگا دی ہے، یہ ممالک قابل بھروسہ نہیں، دوسری اقوام کو نقصان پہنچا سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ایران دوسرے قابل بھروسہ ممالک سے کورونا ویکسین لے سکتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ عالمی جوہری معاہدے میں امریکا کی واپسی کی جلدی نہیں لیکن ایران پرسے پابندیاں فوری ہٹنی چاہئیں۔خامنہ ای نے کہا کہ مشرق وسطیٰ میں امریکا کے برخلاف ایران کا کردار تعمیری ہے اور یہ کردار جاری رہے گا، ایران میں گذشتہ ماہ مقامی طور پر تیار کردہ کورونا ویکسین کی انسانی آزمائش شروع کر دی گئی ہے، ایران میں کورونا متاثرین کی تعداد بارہ لاکھ چوہتر ہزار سے زیادہ اور اموات چھپن ہزار سے زائد ہیں۔

[pullquote]برطانیہ میں کورونا کے خلاف ایک اور ویکسین کے استعمال کی اجازت[/pullquote]

برطانیہ میں کورونا کے خلاف ایک اور ویکسین کے استعمال کی اجازت مل گئی۔میڈیا رپورٹ کے مطابق برطانوی ریگولیٹرز نے موڈرنا ویکسین کو بھی کورونا مریضوں میں استعمال کیلئے محفوظ قرار دے دیا ہے۔امریکی کمپنی کی تیارکردہ موڈرنا ویکسین کو کووڈ 19 کے خلاف حتمی ٹرائل میں 94 فیصد مؤثر پایا گیا، برطانیہ نے موڈرنا ویکسین کی سات ملین خوراکوں کا آرڈر دے دیا ہے جو مارچ تک دستیاب ہونگی۔برطانیہ میں کورونا کے انسداد کیلئے منظور کی جانے والی ویکسینز کی تعداد تین ہوگئی ہے۔

[pullquote]کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد نو کروڑ کے قریب[/pullquote]

عالمی سطح پر کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد ستاسی ملین سے زائد ہو چکی ہے، جب کہ اس عالمی وبا کے نتیجے میں مجموعی ہلاکتیں بھی انیس لاکھ کے قریب پہنچ چکی ہیں۔ اس وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ ملک امریکا ہے، جہاں اب تک اکیس ملین سے زائد افراد اس وائرس کا شکار ہوئے ہیں اور مجموعی ہلاکتیں ساڑھے تین لاکھ سے زائد ہیں۔ کورونا وائرس سے متاثرہ ممالک کی فہرست میں بھارت اور برازیل بدستور دوسرے اور تیسرے نمبر پر ہیں۔

[pullquote]پاکستانی قبائلی علاقوں میں پرتشدد واقعات میں اضافہ، رپورٹ[/pullquote]

غیرسرکاری تنظیم فاٹا ریسرچ سینٹر نے اپنی ایک رپورٹ میں کہا ہے کہ پاکستانی قبائلی علاقوں میں گزشتہ برس پرتشدد واقعات میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ جمعرات کے روز شائع کردہ اس رپورٹ کے مطابق پاکستانی قبائلی علاقوں میں عسکریت پسندوں اور سکیورٹی فورسز کے ہاتھوں ہلاک ہونے والے عام شہریوں کی تعداد میں گزشتہ برس سن 2019 کے مقابلے میں چالیس فیصد اضافہ دیکھا گیا ہے۔ اس رپورٹ کے مطابق پچھلے سال افغان سرحد سے ملحق ان پاکستانی علاقوں میں مجموعی طور پر 226 عام شہری ہلاک جب کہ 164 زخمی ہوئے۔ اس رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان میں متعدد عسکریت پسند گروپ اب مربوط کارروائیاں کر رہے ہیں۔

[pullquote]خلیج کےخطے میں زیرزمین میزائل اڈا، ایرانی انقلابی گارڈز کا انکشاف[/pullquote]

ایران کے انقلابی گارڈز نے انکشاف کیا ہے کہ خلیج کے خطے میں ایران نے زیرزمین میزائل اڈا قائم کر رکھا ہے۔ انقلابی گارڈز کی جانب سے تاہم اس اڈے کے مقام سے متعلق تفصیلات ظاہر نہیں کی گئی ہیں۔ ایرانی پاسداران انقلاب کے سربراہ میجر جنرل حسین سلامی نے ریاستی میڈیا سے بات چیت میں کہا کہ یہ اڈا خلیج میں انقلابی گارڈز کی بحیرہ کے کئی اڈوں میں سے ایک ہے۔ گزشتہ برس ایران نے اعلان کیا تھا کہ وہ خلیج کی ساحلی پٹی پر ’زیرزمین میزائل شہر‘ تعمیر کر رہا ہے۔

[pullquote]قطر سے تجارتی اور سفری رابطے بحال مگر سفارتی رابطہ نہیں، امارات[/pullquote]

متحدہ عرب امارات کا کہنا ہے کہ امریکی ثالثی میں قطر کے ساتھ طے پانے والے معاہدے کے تحت سفری اور تجارتی روابط بحال ہو گئے ہیں، تاہم سفارتی رابطے ابھی بھی منقطع ہیں۔ جمعرات کے روز متحدہ عرب امارات کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ قطر کے ساتھ سفارتی رابطوں کے قیام میں ابھی مزید وقت درکار ہے۔ واضح رہے کہ سعودی عرب نے منگل کے روز قطر کے ساتھ روابط کی بحالی کا اعلان کیا تھا۔ اس بیان میں کہا گیا تھا کہ سعودی عرب کے اتحادی ممالک بھی جلد ہی قطر پر عائد پابندیاں ختم کر دیں گے۔ کئی برس سے جاری اس تنازعے کے بعد گزشتہ روز پہلی مرتبہ قطر ایئرویئر کی ایک پرواز نے سعودی فضائی حدود کا استعمال کیا۔

[pullquote]جرمن پروفیسر اقوام متحدہ کے سوڈان مشن کے سربراہ[/pullquote]

جرمن پروفیسر اور سیاسی ماہر فولکر پیرتھیس کو اقوام متحدہ کا خصوصی مندوب برائے سوڈان نامزد کیا گیا ہے۔ اقوام متحدہ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ پروفیسر پیرتھیس سوڈان کے لیے نئے عالمی مشن کی سربراہی کریں گے۔ 62سالہ جرمن پروفیسر کو انگریزی اور عربی زبانوں پر عبور ہے۔ اس عہدے سے فقط چار ماہ قبل انہیں برلن میں قائم جرمن انسٹیٹیوٹ فار انٹرنیشنل اور سیکیورٹی افیئرز میں سینیئر مشیر کی ذمہ داریاں سونپی گئی تھیں۔ پروفیسر پیرتھیس اس سے قبل سن 2015 اور 2016 میں اقوام متحدہ کے مشن برائے شام کے لیے بھی کام کر چکے ہیں۔

[pullquote]امریکی کانگریس پر ہلے میں زخمی ہونے والا پولیس افسر چل بسا[/pullquote]

امریکی کانگریس پر بدھ کو مشتعل افراد کے ہلے میں زخمی ہونے والا ایک پولیس افسر زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔ کاپیٹول پولیس کے مطابق یہ اہلکار مظاہرین کو کانگریس کی عمارت میں داخلے سے روکنے کے دوران زخمی ہوا تھا۔ واشنگٹن پولیس کے مطابق اس ہلاکت کی قتل کے طور پر تفتیش کی جائے گی۔ واضح رہے کہ بدھ کو سینکڑوں مظاہرین نے امریکی کانگریس کی عمارت پر حملہ کر دیا تھا۔ اس دوران مظاہرین محافظوں کو پرے دھکیلتے ہوئے اور عمارت کی کھڑکیاں توڑتے ہوئے اندر داخل ہو گئے تھے اور توڑ پھوڑ کی تھی۔ بعد میں تاہم پولیس نے عمارت مظاہرین سے خالی کرا لی تھی۔

[pullquote]امریکا میں کورونا وائرس سے پہلی بار چار ہزار سے زائد یومیہ ہلاکتیں[/pullquote]

امریکا میں جمعرات کو پہلی بار کورونا وائرس سے چار ہزار سے زائد ہلاکتیں ریکارڈ کی گئیں۔ امریکا کے کووِڈ ٹریکنگ پروجیکٹ کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں چار ہزار تنتیس افراد اس وبا کے نتیجے میں ہلاک ہوئے۔ امریکا کی جانز ہاپکنز یونیورسٹی کے مطابق تین سو تیس ملین آبادی کے ملک امریکا میں اب تک تین لاکھ پینسٹھ ہزار افراد کووِڈ انیس کی وجہ سے ہلاک ہوئے ہیں۔ جمعرات کے روز امریکا میں دو لاکھ چھاسٹھ ہزار نئے کیسز ریکارڈ کیے گئے۔ اس طرح امریکا میں اس وبا سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد اب اکیس اعشاریہ چھ ملین سے زائد ہو گئی ہے۔

[pullquote]عدن میں دھماکے کی آواز[/pullquote]

جنوبی یمنی شہر عدن میں جمعرات کی شام ایک زوردار دھماکا سنا گیا۔ بتایا گیا ہے کہ یہ دھماکا اس جنوبی بندرگاہی شہر کی مرکزی جیل کے باہر ہوا۔ سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ دھماکا ایک خالی مقام پر ہوا اور اس سے فقط دیوار کو نقصان پہنچا۔ فی الحال اس دھماکے کے نتیجے میں کسی شخص کے ہلاک یا زخمی ہونے کی اطلاعات نہیں ملیں ہیں۔ سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی ویڈیو فوٹیجیز میں تاہم مرکزی جیل کے قریب سے دھوئیں کے بادل اٹھتے دیکھے جا سکتے ہیں۔

[pullquote]یوکرائنی طیارے کی تباہی پر ایران سے انصاف کا مطالبہ[/pullquote]

یوکرائن، فرانس، برطانیہ، کینیڈا اور سویڈن نے ایران سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ یوکرائنی طیارے کو تباہ کرنے کے واقعے پر انصاف کرے۔ یہ وہ پانچ ممالک ہیں، جن کے شہری ایران کی جانب سے حادثاتی طور پر مار گرائے گئے یوکرائنی مسافر بردار طیارے میں سوار تھے۔ یہ یوکرائنی طیارہ ایرانی انقلابی گارڈز نے تین جنوری کو مار گرایا تھا۔ اس طیارے پر 57 کینیڈین، گیارہ یوکرائنی، سترہ سویڈیش اور چار برطانوی شہری سوار تھے۔

[pullquote]فائزر اور بائیواین ٹیک کی ویکسین کورونا وائرس کی نئی اشکال پر موثر[/pullquote]

ایک تازہ تحقیق میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ فائزر کی کورونا ویکسین برطانیہ اور جنوبی افریقہ میں سامنے آنے والی کورونا وائرس کی دو نئی اشکال کے خلاف بھی موثر ہے۔ کورونا وائرس کی ان دو نئی میوٹیشنز پر عالمی سطح پر تشویش ظاہر کی جا رہی ہے۔ کہا جا رہا ہے کہ کورونا وائرس کی یہ دو نئی میوٹیشنز نہایت متعدی ہیں۔ ان اشکال پر فائزر اور ٹیکساس یونیورسٹی کے محققین نے مشترکہ طور پر تحقیق کی۔

[pullquote]فرانس کے ساتھ تعلقات میں بہتری کے لیے کوششیں صحیح سمت میں گامزن، ترکی[/pullquote]

ترک وزیرخارجہ میولت چاؤس آؤلو نے کہا ہے کہ فرانس کے ساتھ تعلقات کو دوبارہ بہتر بنانے کے لیے جاری کوششیں بہتر سمت میں گامزن ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر فرانس بھی کوشش کرے تو ترکی بھی نیٹو اتحادی فرانس کے ساتھ تعلقات میں بہتری کے لیے تیار ہے۔ واضح رہے کہ شام، لیبیا، مشرقی بحیرہ روم اور پیغمبر اسلام کے خاکوں سے متعلق فرانسیسی پالیسیوں پر ترک تنقید اور دوسری جانب فرانس کی جانب سے ترکی کے خلاف یورپی پابندیوں کی حمایت سے دونوں ممالک کے تعلقات کشیدہ ہیں۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے