[pullquote]جنوبی کوریا اپنے 52 ملین شہریوں کو کورونا ویکیسن مفت فراہم کرے گا[/pullquote]
جنوبی کوریا نے اپنے تمام تر شہریوں کو کورونا ویکیسن مفت فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ صدر مون جے اِن نے یہ اعلان اپنے سال نو کے خطاب کے دوران کیا ہے۔ جنوبی کوریائی حکام کے مطابق ان کے پاس 56 ملین افراد کے لیے ویکیسن موجود ہے جبکہ ملکی آبادی باون ملین ہے۔ حکومت کے مطابق فروری میں ٹیکے لگانے کا آغاز کر دیا جائے گا۔ صدر مون جے ان کا کہنا تھا کہ سرنگ کی دوسری جانب روشنی نظر آنا شروع ہو چکی ہے اور عنقریب ملک میں اس وباء پر قابو پا لیا جائے گا۔
[pullquote]کورونا وائرس: عالمی سطح پر متاثرین کی تعداد 90 ملین سے متجاوز[/pullquote]
دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد نوے ملین سے تجاوز کر گئی ہے۔ امریکا کی جان ہاپکنز یونیورسٹی کے تازہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ دس ہفتوں کے دوران مریضوں کی تعداد دوگنا ہو گئی ہے۔ یہ عالمگیر وبا گزشتہ تقریبا ایک برس کے دوران دنیا بھر میں تقریبا بیس لاکھ افراد کی جان لی چکی ہے۔ کووڈ انیس سے سب سے زیادہ متاثرہ ملک امریکا ہے جبکہ اس کے بعد بھارت دوسرے اور برازیل تیسرے نمبر پر ہے۔ دوسری جانب دنیا کے مختلف ممالک میں کورونا ویکیسنیشن کا سلسلہ شروع ہو چُکا ہے تمام ممالک اس مہم کو تیز تر بنانے کے لیے کوشاں ہیں۔
[pullquote]کرغزستان میں صدارتی انتخابات، صادر چپاروف کی واضح کامیابی[/pullquote]
وسطی ایشیائی ریاست کرغزستان میں اقتدار کی پرتشدد منتقلی کے تین ماہ بعد صادر چپاروف ملک کے نئے صدر منتخب ہو گئے ہیں۔ مقامی میڈیا کے مطابق صدارتی عہدے کے لیے سترہ امیدواروں کے درمیان مقابلہ تھا اور صادر چپاروف تقریباً اسی فیصد ووٹوں کے ساتھ یہ مقابلہ جیت گئے ہیں۔ بشکیک کے مرکزی الیکشن کمیشن کے مطابق ان انتخابات میں رائے دہندگان کی تعداد اڑتیس فیصد رہی۔ رائے دہندگان کو ساتھ ہی آئینی اصلاحات کے ایک ریفرنڈم میں بھی ووٹ دینا تھا۔ ریفرنڈم میں اکیاسی فیصد ووٹروں نے صدارتی اختیارات میں اضافے کے لیے ووٹ دیے۔
[pullquote]کورونا وائرس، عالمی ادارہ صحت کے ماہرین کو چین میں تفتیش کی اجازت[/pullquote]
عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے ماہرین رواں ہفتے چین پہنچ جائیں گے۔ بیجنگ حکومت کے مطابق ان ماہرین کا مقصد یہ معلوم کرنا ہے کہ کورونا وائرس کی ابتدا کیسے ہوئی تھی؟ قبل ازیں ڈبلیو ایچ او نے الزام عائد کیا تھا کہ بیجنگ حکومت ماہرین کو ملک میں داخل ہونے اور تفتیش کرنے کی اجازت دینے سے انکار کر رہی ہے۔ ابھی یہ واضح نہیں کہ یہ ماہرین ووہان شہر کب جائیں گے، جہاں سن دو ہزار انیس میں سب سے پہلے یہ مہلک وائرس دریافت ہوا تھا۔
[pullquote]امریکا یمنی حوثی باغیوں کو ’دہشت گرد تنظیم‘ قرار دینے کے لیے تیار[/pullquote]
اطلاعات کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ انتظامیہ یمن کے حوثی باغیوں کو پیر کے روز’غیر ملکی دہشت گرد تنظیم‘ قرار دے سکتی ہے۔ یہ پیش رفت ایک ایسے وقت ہو رہی ہے، جب نو منتخب صدر جو بائیڈن، ٹرمپ انتظامیہ سے بیس جنوری کو اقتدار اپنے ہاتھ میں لینے کی تیاری کر رہے ہیں۔ اس وقت یمن میں سعودی عرب کا عسکری اتحاد اور ایرانی حمایت یافتہ حوثی باغی ایک دوسرے کے خلاف مسلح کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔ ماہرین کے مطابق اس امریکی فیصلے سے یمن میں جاری امن مذاکرات مزید پیچیدگی کا شکار ہو جائیں گے۔ صدر ٹرمپ حالیہ کچھ دنوں کے دوران اقتدار چھوڑنے سے پہلے پہلے ایران مخالف متعدد اقدامات کر چکے ہیں۔
[pullquote]کورونا وائرس، جرمنی میں پیر سے نئی پابندیاں نافذ العمل[/pullquote]
مہلک کورونا وائرس کی روک تھام کے لیے آج سے جرمنی بھر میں نئی پابندیاں عائد کر دی گئی ہیں۔ جنوری کے اواخر تک ملک کے زیادہ تر حصوں میں شاپنگ مالز، کنڈر گارٹن اور اسکول بند رکھے جائیں گے جبکہ ایک دوسرے سے ملاقات کی آزادی کو بھی مزید محدود بنا دیا گیا ہے۔ ایک گھر کے افراد ایک وقت میں دوسرے گھر کے کسی ایک ہی فرد سے ملاقات کر سکتے ہیں۔ اسی طرح متاثرہ علاقے میں کسی ایمرجنسی کے بغیر پندرہ کلومیٹر سے دور جانے کی اجازت نہیں ہو گی۔ جرمنی میں گزشتہ چند روز کے دوران کورونا وائرس سے یومیہ ہلاکتوں کی تعداد ایک ہزار سے تجاوز کر چکی ہے۔
[pullquote]امریکی ڈیموکریٹس ٹرمپ کے مواخذے کے لیے دوبارہ تیار[/pullquote]
ڈونلڈ ٹرمپ کے حامیوں کی جانب سے امریکی کانگریس کی عمارت پر حملے کے بعد ڈیموکریٹس ٹرمپ کے دوبارہ مواخذے کے لیے تیار ہیں۔امریکی ایوان نمائندگان کی اسپیکر نینسی پیلوسی نے کہا ہے کہ ڈیموکریٹک پارٹی اسی ہفتے صدر کے مواخذے کی کارروائی کا آغاز کر سکتی ہے۔ اتوار کو ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ اگر نائب صدر مائیک پینس نے ٹرمپ کو صدر کے منصب کے لیے غیر موزوں قرار نہ دیا تو ٹرمپ کو مواخذے کا سامنا کرنا پڑے گا۔ صدر ٹرمپ کی چار سالہ مدت صدارت کے دوران ایسا دوسری بار ہو گا کہ انہیں مواخذے کا سامنا کرنا پڑے گا۔ مبصرین کے نزدیک نائب صدر مائیک پینس کی طرف سے پچیسویں آئینی ترمیم کے تحت صدر ٹرمپ کو نااہل قرار دیے جانے کا امکان نہ ہونے کے برابر ہے۔
[pullquote]ماحولیاتی تبدیلیاں، فرانس میں ’ون پلینٹ سمٹ‘ کا آغاز[/pullquote]
فرانس کے دارالحکومت پیرس میں عالمی ’ون پلینٹ سمٹ‘ کا آغاز پیر 11 جنوری سے ہو گیا ہے۔ دنیا کے درجنوں ملکوں کے سربراہان حکومت و مملکت اس ورچوئل کانفرنس میں حیاتیاتی تنوع اور ماحولیات کے تحفظ کے شعبے میں مزید سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے بارے میں مذاکرات کریں گے۔ بنیادی طور پر اس عالمی اجلاس میں تمام تر توجہ پھیلتے ہوئے صحراؤں، آب و ہوا کی تبدیلی اور حیاتیاتی تنوع کے تحفظ کے امور کو ایک ساتھ دیکھنے پر مرکوز رکھی جائے گی۔ اس کانفرنس میں جرمن چانسلر انگیلا میرکل، اقوام متحدہ کے جنرل سیکریٹری انٹونیو گوٹیرش، برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن کے علاوہ کئی دیگر رہنما شرکت کر رہے ہیں۔
[pullquote]جرمنی، سیاسی پناہ کی درخواستیں دینے والوں کی تعداد میں واضح کمی[/pullquote]
جرمنی میں سیاسی پناہ کی درخواستوں میں سن دو ہزار بیس کے دوران اس سے پہلے سال کی نسبت ایک تہائی کمی آئی ہے۔ جرمن وزیر داخلہ ہورسٹ زیہوفر کے مطابق سن دو ہزار بیس میں تقریبا 76 ہزار افراد نے سیاسی پناہ کی درخواستیں دیں، جو سن دو ہزار انیس کے مقابلے میں تقریباً اکتیس فیصد کم ہیں۔ وزیر داخلہ کے مطابق اس کمی کی بنیادی وجوہات کورونا وباء کے ساتھ ساتھ وہ اقدامات ہیں، جو نقل مکانی روکنے کے لیے یورپی سرحدوں کے باہر کیے گئے ہیں۔ جرمنی میں پہنچنے والے زیادہ تر مہاجرین کا تعلق شام، افغانستان، عراق اور ترکی سے ہے۔ سال 2020 ء کے اواخر تک سیاسی پناہ کی 52 ہزار درخواستوں پر کوئی فیصلہ نہیں ہوا تھا۔