جمعہ : 26 مارچ 2021 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]برازیل میں ایک لاکھ نئے کورونا انفیکشن کا نیا ریکارڈ[/pullquote]

برازیل میں پہلی بار ایک دن کے دوران ایک لاکھ سے زیادہ نئے کورونا انفیکشن رجسٹرڈ ہوئے ہیں۔ وزارت صحت کے مطابق چوبیس گھنٹوں کے اندر اندر 2 ہزار 6 سو انتالیس افراد کووڈ انیس کے سبب ہلاک ہوئے ہیں۔ برازیل میں اچانک اتنے زیادہ کیسز اور اموات کی وجہ بہت تیزی سے پھیلنے والا وائرسP.1 میٹوٹیشن بنی ہے۔ برازیل میں کورونا وائرس کے سبب اب تک تین لاکھ تین ہزار انسان موت کے مُنہ میں جا چُکے ہیں۔ اُدھر امریکا میں 67 ہزار 4 سو 43 نئے کورونا انفیکشن کیسز اور 15 سو 58 اموات کا اندراج کیا گیا ہے۔ امریکا کورونا وائرس سے اب تک ہونے والی 5 لاکھ 46 ہزار اموات اور 30 ملین انفیکشنز کے ساتھ اس وبائی بیماری سے سب سے زیادہ متاثرہ ملک بن گیا ہے۔

[pullquote]جرمنی آنے والی تمام مسافروں پر کورونا ٹیسٹ منفی رپورٹ لازمی[/pullquote]

جرمن حکومت نے بذریعہ ہوائی جہاز جرمنی پہنچنے والے تمام مسافروں کے لیے کورونا ٹیسٹ کی منفی رپورٹ پیش کرنے کو لازمی قرار دے دیا ہے۔ اب تک صرف ریڈ زون سےآنے والے مسافروں کو جرمنی میں ٹیسٹ کی منفی رپورٹ پیش کرنا پڑتی تھی۔ اب جرمنی نے بلا تخصیص یہاں آنے والے تمام مسافروں کے لیے کورونا ٹیسٹ لازمی قرار دے دیا ہے۔ ان ضوابط پر آئندہ اتوار اور پیر کی درمیانی شب سے ہی عملدرآمد شروع ہو جائے گا۔ دریں اثناء برلن کے رابرٹ کوخ انسٹیٹیوٹ کے ماہرین نے کورونا کی تیسری لہر کو اب تک کی سب سے خطرناک لہر قرار دیتے ہوئے خبردار کیا ہے۔

[pullquote]سعودی عرب، تیل کی تنصیبات پر ڈرون حملہ[/pullquote]

سعودی وزارت توانائی کے ایک بیان کے مطابق جمعرات کو ملک کے جنوبی علاقے جازان میں واقع تیل کی ایک تنصیب کو ڈرونز حملوں کا نشانہ بنایا گیا، جس سے آئل ٹرمنل میں آگ لگ گئی۔ تاہم اس سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے۔ سعودی وزارت توانائی نے یہ نہیں بتایا کہ اس حملے کے پیچھے کس کا ہاتھ ہے تاہم حوثی باغیوں نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔ یہ حملہ یمن میں سعودی عرب کی قیادت میں فوجی اتحاد کے قیام کی چھٹی سالگرہ کے موقع پر ہوا۔ یمن کے حوثی باغیوں نے حالیہ دنوں میں سعودی عرب پر بالخصوص اس کی توانائی کی تنصیبات پر ڈرون اور میزائل حملے تیز کر دیے ہیں۔

[pullquote]بھارتی وزیراعظم نریندر مودی بنگلہ دیش کے دورے پر[/pullquote]

بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی جمعہ 26 مارچ کو بنگلہ دیش کے دورے پر ڈھاکا پہنچے، جہاں بنگلہ دیش کی وزیراعظم شیخ حسینہ نے ان کا خیرمقدم کیا۔ مودی دوروزہ دورے کے دوران بنگلہ دیش کی آزادی کی گولڈن جوبلی تقریبات اور شیخ مجیب الرحمان کی صد سالہ سالگرہ کی تقریبات میں شرکت کے علاوہ اورکانڈی ٹھاکر باڑی کا بھی دورہ کریں گے، جو بنگالیوں کے روحانی پیشوا گرو ہری چند ٹھاکر کی جائے پیدائش ہے۔ مودی اپنے اس دورے سے یہ تاثر دینا چاہتے ہیں کہ بھارت، بنگلہ دیش کو بہت اہمیت دیتا ہے۔

[pullquote]شکاگو میں فائرنگ کے ایک واقعے میں ایک شخص ہلاک اور سات دیگر زخمی[/pullquote]

امریکی شہر شکاگو میں آج جمعے کو فائرنگ کے ایک واقعے میں ایک شخص ہلاک اور سات دیگر زخمی ہو گئے۔ پولیس کی ابتدائی معلومات کے مطابق شگاکو کے جنوبی محلے ایشبرن میں کم از کم دو مردوں نے ایک مجمع پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں ایک 26 سالہ شخص ہلاک اور سات دیگر زخمی ہوئے۔ چند زخمیوں کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔ پولیس نے بتایا کہ ابھی تک کوئی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی ہے تاہم بہت سے ہتھیاربرآمد ہوئے ہیں، جنہیں تحویل میں لے لیا گیا ہے۔ قبل ازاں جمعرات کو شکاگو کے ایک پولیس افسر اور ایک دکان سے چوری کرنے والے مشتبہ شخص کے مابین فائرنگ کے تبادلے میں ایک پولیس اہلکار زخمی ہو گیا۔ مشتبہ چور کو بعد ازاں ہسپتال پہنچایا گیا جہاں اُسے مردہ قرار دے دیا گیا۔

[pullquote]روس اور چین پر کورونا ویکسین کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کرنے کا الزام[/pullquote]

ماسکو حکومت نے جمعے کو اس مفروضے کو مسترد کر دیا ہے کہ روس اور چین اپنی اپنی ویکسین کو ایک سیاسی ہتھکنڈے کے طور پر استعمال کر رہے ہیں۔ کریملن کے ترجمان دیمتری پیشکوف نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ روس اس امر سے ہر گز اتفاق نہیں کرتا کہ چین اور روس دونوں ہی کسی نا کسی شکل میں ایک جنگ لڑ رہے ہیں۔ ان کے بقول یہ تاثر بالکل غلط ہے کہ یہ دونوں ممالک کورونا وبائی امراض اور اس کے خلاف استعمال ہونے والی ویکسین کو اثر و رسوخ بڑھانے کے لیے ایک ہتھیار کے طور پر استعمال کر رہے ہیں۔

[pullquote]یورپی یونین کا کورونا ویکسین برآمد کو سخت بنانے پر اتفاق[/pullquote]

کورونا ویکسین کی قلت کے مسائل کے پیش نظر یورپی یونین کے سربراہان مملکت و حکومت نے تیسرے ممالک کو ویکسین کی برآمدات پر سخت کنٹرول کے حق میں اتفاق کا اظہار کیا۔ یورپی کمیشن کی صدر اُرزولا فان ڈیئر لائن نے ایک ورچوئل کانفرنس کے دوران اس امر کی وضاحت کی کہ ویکسین بنانے والی کمپنیوں کو دوسرے خطوں کی بجائے ویکسین کی فراہمی میں پہلے یورپی یونین کے ساتھ طے شدہ اپنے معاہدوں کو پورا کرنا چاہیے۔ یورپی یونین کو شبہ ہے کہ ویکسین تیار کرنے والی کمپنی ایسٹرا زینیکا نے خاص طور پر برطانیہ کو ویکسین کی فراہمی کو ترجیح دی ہے۔ اس کے علاوہ یورپی یونین کی ریاستوں نے ویکسینیشن کی رفتار کو تیز کرنے کا عزم بھی دہرایا ہے۔

[pullquote]جو بائیڈن کا ایک سو دنوں میں دو سو ملین افراد کو کورونا ویکسین لگانے کا ہدف[/pullquote]

امریکی صدر جو بائیڈن نے اپنی پہلی باضابطہ پریس کانفرنس میں کورونا وائرس وبائی امراض کے خلاف جنگ میں اپنی انتظامیہ کی طرف سے ویکسینیشن کے ہدف کو دوگنا کرنے کا اعلان کیا ہے۔ ڈیموکریٹ صدر بائیڈن نے کہا کہ ان کے دور اقتدار کے پہلے 100 دنوں میں 200 ملین امریکی باشندوں کو ویکسین لگائی جائے گی۔ امریکا میں 100 ملین افراد کو ویکسین اعلان کردہ ڈیڈ لائن سے 42 دن پہلے ہی لگائی جا چُکی ہے۔ 78 سالہ نئے امریکی صدر نے یہ اعلان بھی کیا کہ وہ سن 2024 ء کے صدارتی انتخابات میں اپنی دوسری مدت کے لیے حصہ لیں گے۔ امریکی صدر نے اپنی پہلی پریس کانفرنس میں افغانستان سے امریکی فوج کے انخلاء، چین اور شمالی کوریا کے ساتھ امریکا کے تعلقات اور اپنے مستقبل کے سیاسی منصوبوں سمیت متعدد امور پر بات کی۔

[pullquote]روس، ناوالنی کی صحت کی خرابی پر ان کی وکیل کی تشویش[/pullquote]

روسی صدر کے ناقد اور مقید اپوزیشن لیڈر الیکسی ناوالنی کی صحت گرتی جا رہی ہے۔ ان کی خاتون وکیل اولگا میخائلووا نے ناوالنی کی زندگی کو لاحق خطرات پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ وکیل نے کہا ہے کہ ناوالنی کی کمر میں شدید درد ہے اور ان کی دائیں ٹانگ میں بھی مسائل پیدا ہو گئے ہیں۔ دوسری طرف روسی جیل کے حکام نے ناوالنی کی حالت کو’’اطمینان بخش‘‘ قرار دیا ہے۔ ناوالنی کو فروری میں ایک متنازعہ مقدمے میں ڈھائی سال قید کی سزا سنا دی گئی تھی۔

[pullquote]جرمنی: بچوں کا جنسی استحصال، سخت سزاؤں کا قانون منظور[/pullquote]

وفاقی جرمن پارلیمان بنڈس ٹاگ نے بچوں کے جنسی استحصال سے نمٹنے کے لیے ایک سخت قانون منظور کر لیا ہے۔ بچوں کے استحصال کے ضمن میں کوئی بھی عمل جرم سمجھا جائے گا اور اس کے مرتکب فرد کو کم از کم ایک سال قید کی سزا سنائی جائے گی۔ یہ قانون بچوں کی تصاویر اور ویڈیوز کو فحش مقاصد کے لیے استعمال کرنے والوں اور ایسے مواد کو اپنے قبضے میں رکھنے اور تقسیم کرنے والوں پر بھی لاگو ہو گا۔ اب تک ایسے مجرموں کو صرف جرمانوں کی ادائیگی کرنا ہوتی تھی۔

[pullquote]جرمنی میں اکیس ہزار پانچ سو سے زائد نئے کورونا کیسز[/pullquote]

جرمنی میں کورونا وائرس سے متاثرہ نئے مریضوں کی تعداد بدستور بہت زیادہ ریکارڈ کی گئی ہے۔ برلن میں قائم متعدی امراض کے تحقیقی ادارے رابرٹ کوخ انسٹیٹیوٹ کے مطابق کورونا سے متاثرہ 21 ہزار پانچ سو 73 نئے کیسز کا اندراج ہوا ہے جو گزشتہ جمعے کی نسبت چار ہزار زیادہ ہیں۔ سات روزہ اعداد وشمار کے مطابق یومیہ اضافہ ایک ہزار ایک سو نو ریکارڈ کیا گیا ہے۔ رابرٹ کوخ انسٹیٹیوٹ نے کوویڈ 19 بیماری سے متعلق 183 نئی اموات کی بھی اطلاع دی ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے