جمعرات : 08 اپریل 2021 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]میانمار فوج، برطانیہ میں سفیر فارغ[/pullquote]

برطانیہ میں میانمار کے سفیر کا کہنا ہے کہ فوجی حکومت نے انہیں لندن میں قائم سفارتخانے سے فارغ کرکے ان کا داخلہ بند کردیا ہے۔ سبکدوش کر دیے جانے والے سفیر چاؤ زوار مِن نے پچھلے ماہ ایک بیان میں اپنی حکومت سے نظربند رہنما آنگ سان سوچی اور سابق صدر ون منٹ کی رہائی کا مطالبہ کیا تھا، جس کے بعد فوجی حکام نے انہیں واپس وطن طلب کر لیا تھا۔ برطانوی حکومت نے میانمار کی حکومت کے اس اقدام کی مذمت کی ہے۔ وزیر خارجہ ڈومینِک راب نے کہا کہ وہ سبکدوش کردیے جانے والے سفیر کی ہمت اور حوصلے کی قدر کرتے ہیں۔

[pullquote]روانڈا میں نسل کشی، فرانس کی خفیہ دستاویز عام کرنے کا فیصلہ[/pullquote]

فرانس نے افریقی ملک روانڈا میں سن نوے کی دہائی میں ہونے والی نسل کشی سے متعلق اپنی خفیہ قومی آرکائیوز کھولنے کا اعلان کیا ہے۔ فرانس کے صدر ایمانویل ماکروں کی طرف سے اس فیصلے کے نتیجے میں تقریبا ً آٹھ ہزار صفحات پر مشتمل دستاویزات عام کی جائیں گی۔ فرانس کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے 1990 سے 1994 کے درمیان روانڈا کے قتل عام میں فرانس کے کردار کو بہتر طور پر سمجھنے میں مدد ملے گی۔ اُس دور میں ہوٹو اور ٹوٹسی قبائل کے دوران لڑائی میں 80 ہزار لوگ مارے گئے تھے، جس میں فرانس کا بھی عمل دخل تھا۔ روانڈا کی حکومت نے فرانس کے اس فیصلے کا خیر مقدم کیا ہے۔

[pullquote]جرمن چانسلر کی طرف سے مزید لاک ڈاؤن کی حمایت[/pullquote]

جرمن چانسلر انگیلا میرکل نےاشارہ دیا ہے کہ وہ ملک میں کوروبا وبا پر قابو پانے کے لیے ایک مختصر اور جامع لاک ڈاؤن لاگو کرنے کے حق میں ہیں۔ بدھ کو جرمن حکومت کی ایک ترجمان نےکہا کہ ملک میں صحت کے نظام پر دباؤ بڑھ رہا ہےجس کے باعث چانسلر میرکل پابندیاں جاری رکھنے کے حق میں ہیں۔ جرمنی میں ویکسین کی ناکافی دستیابی پر مسلسل تنقید جاری ہے، جس کے باعث وبا پر قابو پانے میں مشکلات پیش آرہی ہیں۔ جرمنی کی سولہ ریاستوں میں سے کئی کے منتخب سربراہان نے سخت پابندیوں کی حمایت کی ہے تاہم بعض سیاستدان معاشی وجوہات کی بنا پر اس کے حق میں نہیں۔

[pullquote]بھارت، چھ ریاستوں میں ویکسن کی قلت کی شکایت[/pullquote]

بھارت کی کم از کم چھ ریاستوں میں کورونا ویکسین کی قلّت کی شکایت سامنے آ رہی ہے۔ ان میں آندھرا پردیش، چھتیس گڑھ، ہریانہ، مہاراشٹر، اوڈیسا اور تلنگانہ شامل ہیں۔ ملک کے کئی دیگر علاقوں میں بھی ناکافی ویکسین کے باعث ویکسین لگانے کی مہم روک دی گئی ہے۔ بھارت اس وقت دنیا میں کورونا ویکسین بنانے والا سب سے بڑا ملک ہے لیکن اس ہفتے ملک میں لگ بھگ روزانہ ہی نئے مریضوں کی تعداد ایک لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے۔ جمعرات کو یہ تعداد ایک لاکھ ستائیس ہزار تک پہنچ گئی۔

[pullquote]میانمار فوج نے مشہور ماڈل اور اداکار کو گرفتار کرلیا[/pullquote]

میانمار میں سکیورٹی حکام نے فوجی حکومت پر تنقید کرنے والے ایک نوجوان اداکار، گلوکار اور ماڈل کو گرفتار کر لیا ہے۔ چوبیس سالہ پینگ تاخون میانمار اور تھائی لینڈ کی مشہور شخصیت ہیں اور فیس بک اور انسٹاگرام پر ان کے دس لاکھ فالور ہیں۔ ایک فیس بک پوسٹ میں ان کی بہن کا کہنا ہے کہ آٹھ ٹرکوں پر پچاس کے قریب فوجی آئے اور ان کے بھائی کو اٹھا کر لے گئے۔ ان کی فیملی کے مطابق پینگ تاخون کچھ عرصے سے گھر پر بیمار تھے۔ حکام نے یہ نہیں بتایا کہ انہیں کہاں لے جایا گیا ہے۔ میانمار میں حکام نے فوجی حکومت کی مخالفت کرنے والے سو سے زائد سرکردہ اداکاروں، فنکاروں اور ادیبوں کی گرفتاری کے وارنٹ جاری کر رکھے ہیں۔

[pullquote]بائیڈن حکومت نے فلسطینیوں کے لیے امریکی امداد بحال کردی[/pullquote]

امریکی صدر جو بائیڈن کی حکومت نے فلسطینی انتظامیہ کے لیے ٹرمپ دور میں معطل کی گئی امداد بحال کرنے کا اعلان کیا ہے۔ امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق 235 ملین ڈالر کی امداد میں غزہ اور غرب اردن میں تعمیر و ترقی کے منصوبے شامل ہوں گے۔ اس قبل امریکا میں نئی حکومت نے فلسطینیوں کو کورونا وبا سے نمٹنے کے لیے 15 ملین ڈالر کی امداد فراہم کرنے کا اعلان کیا تھا۔ اقوام متحدہ اور فلسطینی انتظامیہ نے امداد کی بحالی کا خیرمقدم کیا ہے تاہم امریکی کانگریس میں اسرائیل کے حامی اراکین نے اس کی مخالفت کی ہے۔

[pullquote]تعاون کے لیے امریکا کو تمام پابندیاں اٹھانی ہوں گی، ایران[/pullquote]

ایران نے واضح کیا ہےامریکا کے ساتھ سن دو ہزار پندرہ کے ایٹمی معاہدے پر دوبارہ تب ہی بات چیت بحال ہو سکتی ہےجب واشنگٹن ایران پر عائد کردہ تمام پابندیاں واپس اٹھا لے۔ بدھ کو ایک بیان میں ایرانی وزارت کے ترجمان سعید خطیب زادہ نےکہا کہ جب تک امریکا اپنے تمام یک طرفہ اقدامات واپس نہیں کرتا ایران بھی کوئی اقدام واپس لینے کا پابند نہیں۔ ایرانی وزارت خارجہ کی اس وضاحت سے قبل ملک کے صدر حسن روحانی نے آسٹریا کے دارالحکومت ویانا میں عالمی طاقتوں کے ساتھ ایران کے ایٹمی پروگرام رواں ہفتے ہونے والی پر بات چیت کو ایک ’’نیا باب‘‘ قرار دیا۔ امریکا ابھی براہ راست مذاکرات کا باضاطہ حصہ نہیں لیکن صدر جو بائیڈن کی حکومت نے کہا ہے کہ ان کی حکومت مذاکرات میں واپسی کی خواہاں ہے۔

[pullquote]بغاوت کی کوشش کچل دی گئی، شاہ عبداللہ[/pullquote]

اردن کے شاہ عبداللہ نے کہا ہے کہ ان کی حکومت میں بغاوت کی حالیہ کوشش، ملکی استحکام کو درپیش سب سے خطرناک یا مشکل ترین چیلنج نہیں تھا مگر یہ ان کے لیے ذاتی طور پر تکلیف دہ تھا۔ بدھ کو سرکاری ٹی وی پر ان کی جانب سے پڑھے جانے والے ایک بیان میں شاہ عبداللہ نے کہا کہ گھر کے اندر اور باہر سے بغاوت کی اس کوشش کو کچل دیا گیا ہے اور ملک مستحکم اور محفوظ ہاتھوں میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کے سوتیلے بھائی شہزادہ حمزہ نے ان کے ساتھ وفاداری کا حلف اٹھایا ہے، جس کے بعد ملک کو درپش بحران کا خاتمہ ہو چکا ہے۔ اردن کی حکومت نے اتوار کو متعدد اہم شخصیات کو حراست میں لے کر ان پر بیرونی مدد سے حکومت کا تختہ الٹنےکا الزام لگایا تھا۔ تاہم حکام نے یہ واضح نہیں کہ اس مبینہ سازش میں کونسا دوسرا ملک ملوث تھا۔

بشکریہ ڈی ڈبلیو نیوز

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے