چین کو پاکستان کی برآمدات اور پاکستان کے اندر چین کی سرمایہ کاری میں اضافہ

اس سال چین اور پاکستان کے سفارتی تعلقات کے قیام کی سترویں سالگرہ منائی جارہی ہے۔ دونوں ملکوں نے گزشتوں ستر سالوں کے دوران دوستی اور شراکت کو مضبوط بناتے ہوئے کئی سنگ میل حاصل کیے ہیں۔ اسلئے دونوں ملکوں کے تعلق کو سدا بہار دوستی اور چاروں موسموں کی شراکت داری سے تعبیر کیا جاتا ہے۔

حالیہ عرصہ کے دوران کووڈ۔۱۹ کی وبائی صورتحال کے باوجود چین اور پاکستان کے درمیان تجارت میں خوب اضافہ ہوا ہے اور خاص طور پر چین کو پاکستان کی برآمدت بڑھ گئیں ہیں۔ اس کے علاوہ چین پاکستان میں براہ راست سرمایہ کاری کرنے والے ممالک میں سرفہرست ہے ۔ دونوں ممالک کے درمیان سی پیک کے تحت جاری تعاون کے علاہ تجارت میں اضافہ دونوں ممالک کی آہنی دوستی اور بڑھتی ہوئی شراکت داری کا ایک اور ثبوت ہے۔

پاکستان کے مشیر تجارت عبدالرزاق داود نے حال ہی میں ایک میڈیا انٹرویو میں کہا ہے کہ چین او ر پاکستان معیشت کے مختلف شعبوں بالخصوص تجارت اور سرمایہ کاری میں باہمی مفاد اور پورے خطے کے فائدہ کے لئے باہمی تعاون کو مستحکم کر چکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری اور پاک چین آزاد تجارتی معاہدہ فیز۲ اس سمت میں دو اہم سنگ میل تھے ، جس سے تجارت اور سرمایہ کاری کو تقویت ملی ہے ۔

یاد رہے کہ دونوں ممالک نے اپریل 2019 میں وزیر اعظم پاکستان عمران خان کے دورہ چین کے دوران چین پاکستان فری ٹریڈ ایگریمنٹ کے دوسرے مرحلے پر دستخط کیے تھے ، جو یکم جنوری 2020 سے عمل میں آگیا تھا۔

عبد الرزاق داود کے مطابق گذشتہ 10 ماہ یعنی جولائی ۲۰۲۰ تا اپریل ۲۰۲۱ کے دوران ، چین کو پاکستان کی برآمدات 31 فیصد اضافے کے ساتھ 1.951 بلین ڈالر ہوگئیں جو گذشتہ سال کی اسی مدت میں 1.491 بلین ڈالر تھیں۔

معاہدہ کے تمام شعبوں میں پاکستان کی برآمدات پر مثبت اثر سے ظاہر ہوتا ہے کہ یہ معاہدہ صحیح سمت میں جارہا ہے ، جس کا کریڈٹ برآمد کنندگان کو جاتا ہے۔

چین پاکستان فری ٹریڈ معاہدے کے تحت پاکستان کی ۳۱۳ مصنوعات کی لائنز پر محصولات تقریبا صفر ہوگئیں ہیں جس سے چین کو پاکستان کی تقریبا آدھی برآمدات پر مثبت اثر پڑاہے۔

پاکستان چین کو جو اشیا برآمد کررہاہے ان میں منجمد گوشت ، مرغی کا گوشت ، ٹھوس شکل میں ڈیری مصنوعات ، انسانی بال ، جانوروں کے معدے ، پھول ، پھولوں کی کلی ، چائے ، زعفران ، ہلدی ، مکئی ، چاول ، نشاستے ، سوسیج ، اور تمباکو وغیرہ شامل ہیں۔حالیہ برسوں میں ، چین اور پاکستان کے مابین دوطرفہ تجارتی حجم مستحکم ڈھانچے کے ساتھ تیزی سے بڑھ گیا ہے ، حالانکہ یہ توازن چین کے حق میں تھا۔

اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق ، رواں مالی سال کے پہلے تین سہ ماہیوں کے دوران ، چین کو پاکستان کی مجموعی برآمدات گذشتہ سال کی اسی مدت کے دوران 1298.531 ملین ڈلر مالیت کی برآمدات کے مقابلے میں 1407.743 ملین ڈالر ریکارڈ کی گئیں ، جس میں آٹھ اعشاریہ چار فیصد اضافہ دیکھا گیا ہے۔

دوسری جانب ، چین سے درآمدی جائزے کے دوران پاکستان مین چین کی درآمدات 9074.105 ملین ڈالر ریکارڈ کی گئیں ، جو گذشتہ سال 6967.724 ملین ڈالر تھیں ، جو رواں سال کے پہلے تین سہ ماہیوں میں 30.23 فیصد کا اضافہ ظاہر کرتی ہیں۔

اسٹیٹ بینک کے اعدادوشمار کے مطابق ، چین مالی سال۲۰۲۰-۲۱ کی پہلی تین سہ ماہیوں کے دوران مختلف مصنوعات درآمد کرنے والے ممالک کی فہرست میں بھی سرفہرست رہا ، اس کے بعد متحدہ عرب امارات اور سنگاپور آتے ہیں۔

اور چین اس وقت پاکستان کا سب سے بڑا واحد تجارتی شراکت دار ہے بڑا جبکہ پاکستان جنوبی ایشیاء میں چین کا دوسرا ۔چین برقی اور الیکٹرانک سامان ، مشینری ، جوہری ری ایکٹر ، بوئلرز ، صارف سامان ، نامیاتی کیمیکل ، لوہا اور اسٹیل ، لوہے اور اسٹیل سے بنی اشیا ، پلاسٹک ، کھاد اور مختلف ریشے پاکستان برآمد کررہا ہے ۔

ا س کے علاہ پاکستان کی معیشت کے مختلف شعبوں میں وقتا فوقتا چینی سرمایہ کاری میں اضافہ ہوا ہے۔

خاص طور پر پچھلی دہائی کے دوران پاکستان میں چینی سرمایہ کاری میں بڑا اضافہ دیکھنے میں آیا کیوں کہ بڑی بڑی چینی سرکاری کمپنیوں اور نجی شعبے کے کاروباری اداروں نے پاکستان میں سرمایہ کاری کی ہے۔

پاکستان کے بورڈ آف انویسٹمنٹ کے اعدادوشمار کے مطابق رواں مالی سال (2020-21) کی پہلی تین سہ ماہیوں کے دوران چین 944.54 ملین امریکی ڈالر براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری (ایف ڈی آئی) پاکستان لا کر سرمایہ کاری کرنے والے ممالک میں سرفہرست رہا۔ سی پیک کے آغاز سے پاکستان میں خاص طور پر انفراسٹرکچر اور توانائی کے شعبوں میں چینی سرمایہ کاری کے بہاؤ میں اضافہ ہوا ہے۔یہاں یہ بات اہم ہے کہ چینی حکومت چینی کمپنیوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری اور کاروبار کرنے کے لئے ترغیب دے رہی ہے ۔

جدید دنیا میں دفاع سے زیادہ معیشت کی مضبوطی کی اہمیت بڑھ گئی ہے وہ ممالک جو معاشی طور پر اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے اقتصاد کو مضبوط بناتے ہیں عالمی سطح پر اہم گردانے جاتے ہیں۔ اور معیشت کو مضبوط بنانے کیلئے تجارت اور سرمایہ کاری کلیدی اہمیت کی حامل ہیں۔ پاکستان کی درآمدات اور براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری میں اضافے میں چین کلیدی کردار ادا کرتے ہوئے پاکستان کے سچے دوست کا ثبوت دے رہاہے ۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے