ایوان صدر پر امریکی قبضے کی کہانی اور راہداری میں نصب دیوقامت مجسمہ

چھ فٹ سے نکلتا ہوا قد، بن مانس جیسے چوڑے شانے، لحیم شحیم، تربوز جتنا منڈا ہوا سَر، آنکھوں پہ سیاہ چشمہ، دونوں کانوں میں سفید رنگ ٹوٹیاں جن کے تار گہرے نیلے رنگ کے کَسے ہوئے سوٹ کے اندر کہیں گم ہوگئے تھے، دائیں ہاتھ میں ایک چرمی بریف کیس۔ تن وتوش سے ایک خونخوار باکسر دکھائی دینے والا امریکی گارڈ نیم روشن راہداری کے بیچوں بیچ، صدر مملکت کے دفتر کی طرف رُخ کئے، دیوقامت مجسمے کی طرح ساکت وصامت کھڑا تھا۔ اور میں، اسلامی جمہوریہ پاکستان کے ایوان صدر کی چوتھی منزل کی اُسی برآمدہ نما راہداری کے جنوبی گوشے میں، اپنے چھوٹے سے دفتر کے اندر ”لے سانس بھی آہستہ“ کی تصویر بنا سکڑا سمٹا، کمرے کی مغربی کھڑکی سے، مارچ کی ڈھلتی سہہ پہر کے دراز ہوتے سائے دیکھ رہا تھا۔ راہداری کی شمالی سمت، آخری کمرہ صدرمملکت کا دفتر تھا۔ دونوں دفاتر کے درمیان کوئی سو سوا سو قدم کا فاصلہ تھا۔

یہ ذکر ہے 25 مارچ 2000 کا۔ امریکی صدر، بھارت کے پانچ روزہ تفصیلی دورے کے بعد پاکستان تشریف لاچکے تھے۔ جنرل پرویز مشرف کو جمہوری حکومت کا تختہ الٹ کر اپنا تسلط جمائے پانچ ماہ سے زائد کا عرصہ ہو چلا تھا۔ ڈیموکریٹ پارٹی سے تعلق رکھنے والے بل کلنٹن، ”اس جمہوریت کُشی“ کے سبب پاکستان آنے سے گریزاں تھے لیکن سی۔آئی۔اے اور پینٹاگان کا مشورہ تھا کہ پاکستان کے ساتھ ربط وضبط کا ایک آدھ دریچہ کھلا رکھنا چاہئے۔ سو طے پایا کہ بھارت اور بنگلہ دیش کا دورہ مکمل کرنے کے بعد صدرِ امریکہ چند گھنٹوں کے لئے اسلام آباد آئیں گے۔ اسے ”دورہ“ نہیں، ”سٹاپ اوور“ یعنی مختصر پڑاو کا نام دیا جائے گا۔ یہ ”سٹاپ اوور“ بھی عشوہ طراز مشرقی دوشیزہ کے پیامِ وصل کی طرح درجنوں شرائط سے جڑا ہوا تھا۔ پس پردہ طے ہونے والی ایک بڑی شرط یہ تھی کہ صدر کلنٹن کو، ریڈیو اور ٹی وی پر، پاکستانی قوم سے خطاب کا موقع دیاجائے گا۔

امریکی سفارت خانہ پوری طرح متحرک ہوچکا تھا۔ ”یوم جمہوریہ پاکستان“، 23 مارچ کی دوپہر سے ہی امریکی سیکورٹی ایجنسیز کے ہراول دستوں کی آمد شروع ہوگئی۔ وقفے وقفے سے امریکی ہیلی کاپٹر، ایوان صدر کے ہیلی پیڈ پر اترنے لگے۔ ان ہیلی کاپٹرز کے بطن سے ہٹے کٹے کمانڈوز، بھانت بھانت کے تھیلے، بیگ، بڑے بڑے جستی صندوق اور جانے کیا کیا کچھ برآمد ہونے لگا۔

سرشام ایوان صدر محاصرے کی سی کیفیت میں تھا۔ اگلے دن صدارتی کالونی میں رہائش پزیر افراد کی آمدورفت محدود کردی گئی۔ ایوان صدر میں کام کرنے والے عملے کی فہرستیں پہلے ہی تیار کرلی گئی تھیں۔ اَسّی (80) فی صد سے زائد کو غیرضروری قرار دیتے ہوئے حکم جاری ہوا کہ وہ 25 مارچ کو دفتر نہ آئیں۔ اجازت کی سعادت حاصل کرنے والے تمام اہلکاروں کو خصوصی کارڈ جاری کئے گئے۔ کارڈ پر اُسکی تصویر نقش تھی اور تمام ضروری کوائف کا اندراج تھا، یہ کارڈ نیلے رنگ کے ایک ربن سے بندھا تھا۔ تاکید کی گئی کہ تمام لوگ، اپنے عہدہ ومنصب سے قطع نظر، یہ کارڈ ہمہ وقت اپنے گلے میں لٹکائے رکھیں۔ یہ ہدایت بھی جاری ہوئی کہ سب اپنے اپنے کمروں تک محدود رہیں اور غیرضروری نقل وحرکت سے گریز کریں۔

مہمان عزیز کی آمد سے ایک دن قبل، 24 مارچ کو صدر کلنٹن کی میڈیاٹیم کے تین اہلکار، میرے کمرے میں آگئے۔ بطور پریس سیکریٹری، انہوں نے مجھے اُن شرائط سے آگاہ کیا جو باہمی سفارتی رابطوں میں طے پاچکی تھیں۔ میری برانچ کا ایک سینئر افسر نوٹس لینے لگا۔ کہا گیا۔

٭ یہ سرکاری، غیرسرکاری، رسمی یا غیررسمی کسی بھی طرح کا دورہ (visit) نہیں ہے۔ اسے محض سٹاپ اوور (stop over) کہا جائے۔

٭ ہوائی اڈے پر کوئی رسمی استقبالیہ تقریب نہیں ہوگی۔

٭ دفتر خارجہ کے دو تین متعلقہ عہدیداروں کے سوا کوئی ہوائی اڈے پر نہیں آئے گا۔

٭ ایوان صدر کے احاطے میں بھی کوئی استقبالیہ تقریب نہیں ہوگی۔

٭ یہاں صدر رفیق تارڑ، صدر کلنٹن کا استقبال کریں گے۔ پرویز مشرف یا دیگر اعلی فوجی عہدیدار نہیں آئیں گے۔

٭ سرکاری ریڈیو اور ٹی۔وی کے سوا پرائیویٹ میڈیا کو اجازت نہیں ہوگی۔

٭ ظہرانے میں جنرل مشرف شریک ہوں گے لیکن نہ تو صدر کلنٹن کو مشرف سے ہاتھ ملاتے دکھایا جائے اور نہ ہی دونوں کی ایک ساتھ کوئی تصویر بنے۔

٭ صدر کلنٹن قوم سے خطاب بھی کریں گے۔ اس کے ضروری انتظامات کرلئے جائیں۔

چائے کے دوران میں نے ٹیم کی قیادت کرنے والی خاتون سے پوچھا۔ ”کیا پہلے بھی کسی امریکی صدر نے دوسرے ملک جاکر قوم سے خطاب کیا ہے؟“ اس سوال کے تیکھے پن پر اس نے ہلکا سا قہقہہ لگایا۔ دائیں بائیں بیٹھے اپنے رفقا کی طرف دیکھا۔ پھر کچھ سوچتے ہوئے بولی۔ ”مجھے تو یاد نہیں پڑتا کہ کبھی ایسا ہوا ہو۔ مجھے وائٹ ہاوس میں دس بارہ سال تو ہوہی گئے ہیں۔

کیوں۔۔۔۔؟“ اس نے اپنے ایک ساتھی کا نام لے کر پوچھا۔ وہ بولا۔ ”ہاں۔ مجھے بھی یاد نہیں پڑتا لیکن شاید اس کی وجہ یہ ہے کہ یہاں پارلیمنٹ ختم کردی گئی ہے۔ ورنہ صدر یقینا پارلیمنٹ ہی سے خطاب کرتے، جیسا کہ انہوں نے انڈیا میں کیا ہے __ یا جیسے کہ روایت ہے! “ مجھے لگا کہ میرا سوال، میری ہی پردہ دری کی طرف پلٹ آیا ہے تو موضوع بدل دیا۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

تجزیے و تبصرے