[pullquote]امریکا مشرقی یورپ میں اضافی فوج تعینات کرے گا[/pullquote]
امریکی صدر جو بائیڈن نے مشرقی یورپ میں اضافی فوج تعینات کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ امریکی میڈیا کے مطابق امریکا پولینڈ اور جرمنی میں اپنے دو ہزار فوجی بھیجنے کا ارادہ رکھتا ہے جبکہ جرمنی سے ایک ہزار فوجی رومانیہ بھیجے جائیں گے۔ یہ پیشرفت ایک ایسے موقع پر سامنے آئی ہے جب یوکرائن کے معاملے پر یورپ اور روس کے درمیان تناؤ موجود ہے۔ امریکا کی طرف سے اضافی فوجیوں کی تعیناتی کی خبر کا پولینڈ اور نیٹو نے خیر مقدم کیا ہے تاہم کریملن نے اسے ’تباہ کن‘ اقدام قرار دیا ہے۔ روس نے اس وقت یوکرائن کی سرحد پر ایک لاکھ سے زائد فوج تعینات کر رکھی ہے اور امریکا اور مغربی ممالک کا کہنا ہے کہ روس یوکرائن پر چڑھائی کا منصوبہ رکھتا ہے تاہم روس کا کہنا ہے کہ وہ ایسا کوئی ارادہ نہیں رکھتا۔
[pullquote]امریکا کی طرف سے فوجی تعیناتی، یورپ میں تناؤ بڑھانے کا سبب بنے گی، ماسکو[/pullquote]
ماسکو نے کہا ہے کہ امریکا کی طرف سے مشرقی یورپ میں اضافی فوجی تعیناتی اس براعظم میں تناؤ میں اضافے کا سبب بنے گی۔ ماسکو کا یہ رد عمل اس امریکی اعلان کے بعد سامنے آیا ہے جس میں کہا گیا تھا کہ وہ پولینڈ اور رومانیہ میں اپنے تین ہزار اضافی فوجی بھیج رہا ہے۔ وائٹ ہاؤس کا کہنا ہے اس کی اضافی فوجی تعیناتی مشرقی یورپ کو یوکرائن بحران کے کسی ممکنہ پھیلاؤ کے اثرات سے محفوظ رکھنے میں مدد دے گی۔
[pullquote]شام میں امریکی فضائی حملے میں کم از کم 13 افراد ہلاک[/pullquote]
شام کے شمال مغربی حصے میں امریکی خصوصی دستوں کی ایک انسداد دہشت گردی کارروائی میں کم از کم 13 افراد مارے گئے ہیں جن میں چار بچے بھی شامل ہیں۔ شام کی صورتحال پر نظر رکھنے والی غیر سرکاری تنظیم سیریئن آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس کے مطابق امریکی سربراہی میں قائم فوجی اتحاد نے ترک سرحد کے قریب اطمہ نامی علاقے میں فضائی اور زمینی کارروائی کی۔ مقامی ذرائع کا خیال ہے کہ اس آپریشن میں داعش یا القاعدہ کے ایک خفیہ مرکز کو نشانہ بنایا گیا۔ امریکی افواج کی طرف سے اس آپریشن کی تصدیق تو کی گئی ہے مگر مزید کوئی تفصیل نہیں بتائی گئی۔
[pullquote]روس نے 30 ہزار کے قریب فوجی اور جدید ہتھیار بیلاروس بھیجے ہیں، نیٹو سیکرٹری جنرل[/pullquote]
روس نے گزشتہ چند دنوں کے دوران اپنے قریب 30 ہزار لڑاکا فوجی اور اور جدید ہتھیار بیلاروس بھیجے ہیں۔ مغربی دفاعی اتحاد نیٹو کے سیکرٹری جنرل ژینس اشٹولٹن برگ کے مطابق یہ سرد جنگ کے بعد سے روس کی اس ملک میں سب سے بڑی فوجی تعیناتی ہے۔ اشٹولٹن برگ کے مطابق روسی اسپشل آپریشن فورسز کے علاوہ ایس یو 35 لڑاکا طیارے، اسکندر میزائل اور ایس یو 400 فضائی دفاعی نظام بھی بیلاروس منتقل کیے گئے ہیں۔ انہوں نے برسلز میں صحافیوں کو بتایا کہ یہ سب کچھ روس کی سالانہ جنگی مشقوں کے ساتھ شامل ہو گا۔
[pullquote]آئی ایم ایف کی طرف سے پاکستان کے لیے قرضے کی بحالی کا اعلان[/pullquote]
بین الاقوامی مالیاتی فنڈ آئی ایم ایف نے پاکستان کے لیے چھ بلین ڈالر کے قرض کی بحالی کا اعلان کیا ہے۔ آئی ایم ایف نے یہ اعلان ایک ایسے وقت پر کیا ہے جب پاکستان میں مہنگائی کی شرح کافی بلند ہے۔ پاکستان نے 2019ء میں معیشت کو درپیش مشکلات سے بچانے کے لیے آئی ایم ایف سے بیل آؤٹ پیکج حاصل کیا تھا تاہم قرضوں کی تین قسطوں کی فراہمی کے بعد اسے دو بار معطل کر دیا گیا تھا۔ پاکستانی حکام کے مطابق آئی ایم ایف ایگزیکٹیو بورڈ نے توسیعی سہولت فنڈ کے تحت چھٹے جائزے کی منظوری کے بعد ایک ارب ڈالر قرضے کی قسط جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
[pullquote]جرمنی میں ایک دن کے دوران کورونا کیسز کی نئی ریکارڈ تعداد[/pullquote]
جرمنی میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 236,120 نئے کورونا کیسز ریکارڈ کیے گئے۔ کسی ایک دن کے دوران تصدیق شدہ کورونا کیسز کی یہ ایک نئی ریکارڈ تعداد ہے۔ ایک روز قبل اس سے 30 ہزار کم نئے کیسز سامنے آئے تھے۔ جرمنی میں متعدی امراض پر نظر رکھنے والے ادارے رابرٹ کوخ انسٹیٹیوٹ کے مطابق گزشتہ سات دنوں کے دوران فی ایک لاکھ آبادی میں کورنا کیسز کی تعداد 1283.2 رہی اور یہ بھی اب تک کی بلند ترین تعداد ہے۔ کووڈ انیس کے سبب گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 164 افراد کی ہلاکت بھی ہوئی جس کے بعد اب تک جرمنی میں اس بیماری کے سبب مرنے والے افراد کی مجموعی تعداد 118,334 ہو گئی ہے۔
[pullquote]جرمن چانسلر جلد ہی ماسکو جائیں گے[/pullquote]
جرمن چانسلر اولاف شولس جلد ہی ماسکو جا کر روسی صدر ولادیمیر پوٹن سے ملاقات اور یوکرائن کے بحران پر بات چیت کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے یہ بات گزشتہ شب جرمن نشریاتی ادارے زیڈ ڈی ایف سے بات چیت کرتے ہوئے کہی تاہم اس کے لیے انہوں نے کوئی حتمی تاریخ نہیں بتائی۔ شولس پیر سات فروری کو واشنگٹن میں امریکی صدر جو بائیڈن سے بھی ملاقات کریں گے۔ یوکرائن کے حوالے سے روس اور مغرب کے درمیان تناؤ عروج پر ہے۔
[pullquote]فیس بُک کی کمپنی میٹا کے شیئرز کی قیمت میں 20 فیصد سے زائد کمی[/pullquote]
سوشل میڈیا ویب سائٹ فیس بُک کی کمپنی میٹا کے شیئرز کی قیمت گزشتہ شام 22 فیصد گر گئی۔ یہ گراوٹ میٹا کی جانب سے موجودہ سہ ماہی کے درمیان متوقع سیلز کے اندازوں میں پہلے کے مقابلے میں کمی کے اعلان کے بعد دیکھی گئی۔ قبل ازیں سیلز کے یہ اندازے 30 بلین امریکی ڈالرز سے زائد کے تھے تاہم اب انہیں کم کر کے 27 سے 29 بلین ڈالرز بتایا گیا ہے۔ گزشتہ سہ ماہی میں بھی میٹا کمپنی کے منافع میں آٹھ فیصد کی کمی ہوئی تھی جو 10.3 بلین ڈالرز بنتے ہیں۔ ساتھ ہی فیس بُک استعمال کرنے والوں کی تعداد میں بھی روزانہ ایک ملین کی کمی ہوئی۔ لیکن اس کے باوجود اس کے یوزرز کی تعداد 1.9 بلین ہے۔
[pullquote]نیوزی لینڈ جلد ہی کووڈ کے سبب اپنی بند سرحدیں کھول دے گا[/pullquote]
نیوز لینڈ اس مہینے کے دوران اپنی سرحدیں بتدریج کھولنے کا سلسلہ شروع کر دے گا۔ اس بات کا اعلان نیوزی لینڈ کی وزیر اعظم جیسنڈا آرڈرن نے آج جمعرات کو کیا ہے۔ تاہم مکمل طور پر سرحدیں کھولنے اور پابندیاں ختم کرنے کا عمل اکتوبر سے پہلے مکمل نہیں ہو گا۔ کورونا کے پھیلاؤ سے بچنے کے لیے نیوزی لینڈ نے دنیا بھر میں سخت ترین سرحدی بندشوں میں سے ایک کا اطلاق کر رکھا ہے۔ نیوزی لینڈ کی وزیر اعظم نے پانچ مرحلوں میں پابندیاں ختم کرنے کے منصوبے کا بتایا۔ پہلے مرحلے میں نیوزی لینڈ کے ایسے باشندوں کے لیے ہوٹل قرنطینہ کی پابندی ختم کی جائے گی جو غیر ممالک میں پھنسے ہیں۔ جبکہ آخری مرحلے میں دنیا بھر سے آنے والے سیاحوں کو ملک میں داخلے کی اجازت دے دی جائے گی جو اکتوبر میں جا کر مکمل ہو گا۔
[pullquote]امریکا نے عالمی بینکوں کو رقم افغانستان منتقل کرنے کی منظوری دے دی[/pullquote]
امریکا نے عالمی بینکوں کو انسانی مقاصد اور امدادی گروپوں کے لیے افغانستان میں رقم منتقل کرنے کی اجازت دے دی ہے۔ امدادی گروپوں کو طالبان پر لگی پابندیوں کی خلاف ورزی کے خوف کے بغیر سرکاری اساتذہ اور صحت کی دیکھ بھال کرنے والے کارکنوں کو تنخواہ دینے کی بھی اجازت ہو گی۔ اس بات کا اعلان امریکی حکومت کی طرف سے گزشتہ روز کیا گیا ہے۔ افغانستان میں انسانی ہمدردی کے کاموں کے لیے امریکی محکمہ خزانہ نے ستمبر اور دسمبر میں عائد کی گئی پابندیوں سے استثنیٰ کے بارے میں بعض ہدایات بھی جاری کی ہیں۔ اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ افغانستان میں تقریباً تین کروڑ نوے لاکھ سے زائد افراد شدید بھوک کا شکار ہیں اور معیشت، تعلیم اور سماجی خدمات کو تباہی کا سامنا ہے۔
[pullquote]ویسٹ انڈیز کے ٹور سے قبل بھارتی کرکٹ ٹیم کے چار کھلاڑی کورونا کا شکار[/pullquote]
ویسٹ انڈیز کے خلاف ہوم سیریز کے آغاز سے قبل بھارتی کرکٹ ٹیم کے چار کھلاڑی کورونا کا شکار ہو گئے ہیں۔ بھارتی کرکٹ بورڈ کے مطابق کورونا کا شکار ہونے والے کھلاڑیوں میں سینیئر بیٹسمین شیکھر دھاون کے علاوہ روتوراج گائیکواڑ، شریئس ایئر اور نودیپ سینی شامل ہیں۔ ویسٹ انڈیز کی ٹیم اس دورے کے دوران بھارت کے خلاف پہلا ون ڈے انٹرنیشنل میچ چھ فروری کو کھیلے گی۔ اس دورے کے دوران دونوں ٹیمیں تین ون ڈے اور تین ٹونٹی ٹونٹی میچ کھیلیں گی۔
[pullquote]بشکریہ ڈی ڈبلیو اُردو[/pullquote]