نئی دہلی: ٹیکنالوجی نے انسانوں کو ہی نہیں بلکہ جانوروں کو بھی اپنے حصار میں لے رکھا ہے جس کا ثبوت سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک ویڈیو بھی ہے جس میں ایک بندر کو موبائل فون پر ویڈیوز اور تصاویر کو بڑی دلچسپی اور مکمل محو ہوکر اسکرول کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔
انٹرنیٹ کی دنیا ایک سمندر ہے جس میں اترنے والا جتنا گہرائی میں جاتا ہے اتنے ہی حیران کردینے والے مناظر کا سامنا کرتا ہے اور نہ چاہتے ہوئے بھی دلچسپی اور تجسس کا سفر جاری رکھنے پر مجبور ہوتا ہے۔
اب انٹرنیٹ کی یہ دنیا سمٹ کر ایک موبائل فون میں آگئی ہے۔ سارا دن ساری رات استعمال کرنے کے باوجود صارفین تھکتے نہیں لیکن اس بات کا اندازہ شاید موجد کو بھی نہیں ہوگا کہ ایک دن یہ ٹیکنالوجی جانوروں کو بھی اپنے حصار میں لے لے گی۔
اس حوالے سے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہورہی ہے جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک بندر قریب ہی لیٹی اپنی مالکن کا موبائل لے لیتا ہے اور کچھ کھاتے ہوئے موبائل استعمال کرتا رہتا ہے۔
بندر بڑی مہارت سے موبائل فون کی اسکرین کو اسکرول کرتا رہتا ہے اور اپنی پسندیدہ ویڈیوز اور تصاویر کو دیکھ کر لطف اندوز ہوتا ہے۔ اس کے موبائل استعمال کرنے کے انداز سے لگتا ہے کہ وہ موبائل فون کے تمام فیچرز کو بخوبی جانتا ہے۔
اس دوران مالکن اپنے موبائل کو حسرت سے دیکھتی رہتی ہیں اور اس سے بے نیاز بندر موبائل فون کسی طور مالکن کو دینے کو تیار نظر نہیں آتا۔ دل کو لبھانے اور مسکرانے پر مجبور کردینے والی ویڈیو آپ بھی دیکھیں۔
इस बेचारे को ऐसी ‘इंसानियत’ से बचाओ! pic.twitter.com/BdlH5SeNji (🙏🏽 @jagdishmitra )
— anand mahindra (@anandmahindra) April 7, 2023