سوہنی دھرتی!!

آج کل حب الوطنی آئوٹ آف فیشن ہے۔ مایوسی، ناکامی اور شکست کا راگ اِن ہے جتنا رونا دھونا ڈالیں اتنی ہی مقبولیت ملتی ہے۔ اشفاق احمد کہا کرتے تھے مرچ بھی مزا دیتی ہے اسی طرح زخموں کو کریدنے، بہتے خون کو دیکھنے خود مذمتی اور خود ملامتی کا بھی مزا ہے۔ تضادستان آج کل اسی نفسیاتی صورتحال سے گزر رہا ہے جس محفل میں بھی جائیں اندھیرے مستقبل، غلطیوں اور خامیوں کا سیاپا سننے کو ملتا ہے۔ ظاہر ہے کہ یہ سب کچھ خوشگوار نہیں ہے مگر اس نادان کو نہ فیشن سے غرض ہے نہ مقبولیت کی پروا ہے تمام تر خامیوں کے باوجود مجھے یہ سوہنی دھرتی اپنی اپنی لگتی ہے مجھے اسکی گندی نالیاں اسکی ٹوٹی سڑکیں اور ہر روز کے دھکے کھانے کی عادت پڑ چکی ہے اور میں اپنی ان عادتوں کو بالکل بدلنا نہیں چاہتا ہوں یہ دھرتی اپنی تمام تر خوبیوں خامیوں سمیت میری ہے اور مجھے اس سے پیار ہے۔ میں اسکا فرسٹ ریٹ شہری ہوں جبکہ اور کہیں بھی مجھے یہ رتبہ نہیں ملتا یہ ریاست مجھے جیل میں رکھے میری تحریر و تقریر پر پابندیاں لگائے یا مجھے پائے حقارت سے ٹھکرائے تب بھی یہ میری دھرتی ہے اور اگر یہ ریاست مجھے احترام دے عزت کرے یا مجھے ہر طرح کی آزادیاں دے تب بھی یہ میری دھرتی ہے۔

پاکستان کل کو ایتھوپیا بن جائے یا سنگاپور جیسا ہو جائے دونوں صورتوں میں میرے لئے واحد جائے امان ہے خواہش اور کوشش تو یہ ہے کہ ہم اسے سنگاپور بنائیں مگر اگر ناکام ہو کر ایتھوپیا بھی بن گئے تو ہم نے یہاں سے بھاگ کر کہاں جانا ہے؟ ہم اسی مٹی کے خاک نشیں ہیں اور ہمیں اپنے آبائو اجداد کی اسی مٹی میں دفن ہونا ہے ہمیں اسی مٹی کی بھینی خوشبو بھاتی ہے دنیا میں جہاں بھی جائیں ہفتے بعد اپنی سوہنی دھرتی کیلئے دل اداس ہو جاتا ہے ہجرت کرنیوالوں کو انکا روشن مستقبل مبارک انہیں چکاچوند روشنیاں اچھی لگ گئیں ہماری فکر چھوڑیں ہم انہی اندھیروں میں ٹٹولتے ٹٹولتے آگے بڑھ جائینگے یا تہہ خاک چلے جائیںگے۔ اوورسیز کو انکے نئے وطن اور سنہرے خواب مبارک ہمیں تپتے تندور میں چھوڑ کر جانیوالے اگر ہمارے جلنے پر تالیاں بجاتے ہیں تو بجاتے رہیں ہم اسی آگ سے گل وگلزار بنالیں گے یا خاک ہو جائینگے دونوں صورتوں میں اپنی مٹی سے تو جڑے رہیں گے۔

یہ ملک نہ میری مرضی سے بنا ہے نہ میری مرضی سے چلا ہے بھارت سے 3یا 4 جنگیں ہوئیں دو بار افغانستان کے اندر عالمی لڑائی میں ہم شریک رہے ۔ضروری نہیں کہ ہمارا ریاست کی جنگی پالیسی سے مکمل اتفاق ہو مگر جو گزر گیا جو فیصلے ہو گئے اب انہیں واپس تو نہیں لایا جا سکتا اب ان غلط فیصلوں کو بھی ماننا پڑیگا اور انکے نتائج بھی بھگتنا پڑیں گے ۔اسی طرح پاکستان نے اپنے دفاع کیلئے ایٹم بم بنانے کا فیصلہ کیا ہو سکتا ہے آج ہم میں سے کوئی کہے کہ ایٹم بم پر اربوں ڈالر خرچنے کی بجائے صحت اور تعلیم پر لگائے جاتے تو ملک کی تقدیر بدل جاتی مگر اس وقت کی قیادت نے اس وقت کے حالات کے مطابق ایٹم بم بنانے کا فیصلہ کرلیا اور پھر اسے بنا کر دکھا دیا جب آپ نیو کلیئر طاقت بن گئے تو پھر دنیا کیلئے ایک بڑا خطرہ ہیں۔ افغانستان کی جنگوں، بھارت سے مخاصمت اور ایٹم بم وہ تین بڑی وجوہات ہیں جن کی وجہ سے سوہنی دھرتی بہت سی بین الاقوامی طاقتوں کی آنکھوں میں کھٹکتی ہے ہمیں جنگوں سے اختلاف تھا یا ایٹم بم بنانے کے بارے میں شک وشبہ میں مبتلا تھے بھی تو اب وقت گزر چکا جنگیں ہو گئیں ایٹم بم موجود ہے اب ہمارے پاس اس کو بچانے اور اپنے آپ کو خوشحالی کے راستے پر ڈالنے کے سوا کوئی چارہ نہیں ۔

11اگست 1947ء کو قائد اعظم کی تقریر سیکولرازم کا اعلان تھا یا نہیں ؟ قرارداد مقاصد منظور کرنے سے فائدہ ہوا یا نقصان؟ یہ تاریخ کے مباحث ضرور ہیں مگر یہ واقعات گزر چکے اب انہیں ماننے اور اس سے آگے بڑھنے کے لئے حکمت عملی کی ضرورت ہے۔ 1973ء کا آئین، قرارداد مقاصد اور جناح صاحب کی تقریر کی روشنی میں پاکستانی قوم کا متفقہ اجتہاد ہے اور اس اجتہاد کے بعد اس میں مزید تبدیلوں اور اجتہاد کی پوری گنجائش موجود ہے۔ 1973ء کے آئین میں اسلام بھی ہے اقلیتوں کے واضح حقوق بھی ہیں جمہوریت کا یقینی قیام بھی ہے اور پارلیمان کی واضح بالادستی کا پیغام بھی ہے۔ یہ متفقہ آئینی دستاویز ہمارے لئے آگے بڑھنے کا واحد راستہ ہے۔ یاد رہے کہ علامہ اقبال نے یہی مشورہ دیا تھا کہ پارلیمان کے ذریعے اجتہاد اور قانون سازی کی جائے وہی یہاں کے باشندوں کیلئے سودمند ہو گی۔ ہم اس عمل سے گزر چکے ہمارا آئین 56 اسلامی ممالک میں سب سے زیادہ جمہوری ہے انسانی حقوق اور آزادیاں اس میں یقینی بنائی گئیں ،نہ رنگ و نسل اور نہ مذہبی امتیازہے، آئین اور قانون سب کیلئے یکساں ہیں آئین کی غیر مترقبہ نعمت ہونے کے باوجود ہم اسلئے آگے نہیں بڑھ پا رہے کہ ہم آئین پر عمل پیرا نہیں ہو پا رہے آج آئین کی عملداری شروع ہو جائے سب ٹھیک ہو جائے گا۔

سوہنی دھرتی کا ہر شہری سوہنا او رقابل عزت و احترام ہے اس لئے کافر اور غدار کے الزام لگانا اس دھرتی کی خوبصورتی کو دھندلا دیتا ہے ریاست کو چاہئے کہ کم از کم ان دو الزامات پر تو سرے سے ہی پابندی لگا دے۔گالیاں، الزام، دشنام او رتضحیک معاشرے میں تعفن پیدا کر رہے ہیں کاش یہ سلسلہ بند ہو اور ہم ایک دوسرے کو عزت و احترام دیں اگر کسی کو کافر یا غداری کا سرٹیفکیٹ دینا بھی ہے تو وہ عدالت دے عام لوگوں کو یہ اختیار نہیں کہ وہ یہ طرز عمل اختیار کریں۔

اوورسیز پاکستانی ہم سے زیادہ حساس ہیں مگر انکی روز روز کی تنقید سے یہاں رہنے والوں کے دل جلتے ہیں ہمارے اپنے ہی ہمارے ہی پالے پوسے اور ہمیں ہی ہر وقت نشانے پر رکھتے ہیں۔ ہوسکتا ہے کہ وہ یہ سب کچھ وطن کو سنوارنے کیلئے کرتے ہوں مگر یاد رکھنا چاہئے کہ اپنے بچوں کو بھی روزانہ ڈانٹیں روزانہ ان کے کان کھینچیں تو وہ بھی باغی ہو جاتے ہیں ۔آئے روز کی تنقید او رطعن و تشنیع ہم پر بھاری پڑ رہی ہے یا تو ہم ٹھیک ہو جائیں یا اوورسیز تیر اندازی کم کر دیں وگرنہ ہمارا فاصلہ بڑھتا جائیگا اس میں پاکستان کا بھاری نقصان ہو گا کہ ہمارا سب سے قیمتی اثاثہ ہم سے چھن جائے گا مگر یاد رکھیں کہ والدین کو ہدف تنقید بنانے والے بچے انہیں اس قدر ناراض کر دیتے ہیں کہ وہ اپنے ہی بچوں سے فاصلہ پیداکر لیتے ہیں ۔روز روز کی جھک جھک سے گھر ٹوٹ جاتے ہیں ہم سب کو اپنے غصے، زبانوں اور الزاموں کو تالا لگانا ہوگا تاکہ سوہنی دھرتی سوہنی ہی رہے اس میں کوئی کو ہجا پن نہ آئے۔
بشکریہ جنگ

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے