پکڑے جاتے ہیں موبائل کے لکھے پر ناحق

جس دن سے لوگوں کو معلوم ہوا ہے کہ موبائل میں خطرناک مواد رکھنے اور فحش فلمیں دیکھنے پر پولیس انھیں گرفتار کرسکتی ہے۔ اسی دن سے ہمارے بہت سے دوست ہوشیار ہوگئے ہیں۔ میں ایسے کئی بزرگوں کو بھی جانتا ہوں جو عمر کے آخری حصے میں اپنی آنکھوں کو راحت پہنچانے کے لیے موبائل کو اپنے سراہنے رکھ کر سوتے ہیں۔ اور اگر غلطی سے کوئی ان کے موبائل کو ہاتھ لگالے تو ایسے چیختے چلاتے ہیں کہ جیسے ابھی موبائل فون سے کوئی نازیبا چیز باہر نکل پڑے گی۔

ایک صاحب تو اس قدر ڈر گئے ہیں کہ پچھلے دنوں جب وہ موبائل پر کسی پردیسی حسینہ کا دلفریب رقص دیکھنے میں مصروف تھے تو اسی دوران ان کے فون پر کال آگئی۔کال کا آنا تھا کہ ان کے پسینے چھوٹ گئے۔ وہ سمجھے کہ پولیس والوں کی کال آگئی ہے اور پولیس کو معلوم ہوگیا ہے کہ وہ موبائل پر نازیبا وڈیو دیکھ رہے ہیں وہ سمجھے کہ اب ان کی خیر نہیں ہے۔ بڑی ہمت کرکے انھوں نے کال دیکھی تو معلوم ہوا کہ ان کے پرانے دوست کا فون تھا۔ انھوں نےچین کا سانس لیا اور کال اٹینڈ کر کے اپنے دوست کو سینکڑوں مادر زاد گالیاں بکیں۔

بہت سے لوگوں کا کہنا ہے کہ ہمارے ملک میں واحد انٹرٹینمنٹ ایک موبائل فون ہی تو تھا اور اب اس پر بھی ایسی نگرانی کی جارہی ہے جو بیگم بھی نہیں کرتی ہیں۔

ایک صاحب نے جب سے یہ خبر سنی ہے کہ پولیس نازیبا وڈیو دیکھنے والوں کو گرفتار کرسکتی ہے وہ پریشان رہنے لگے ہیں۔ کھانا پینا چھوڑ دیا ہے۔ انھیں یہ فکر ستارہی ہے کہ درجنوں فلمیں جو ان کے موبائل میں سیو(Save) ہیں۔ ان کو کہاں منتقل کیا جائے میں نے ان سے پوچھا

حال کیسا ہے جناب کا؟
وہ ذرا فلمی قسم کے بندے ہیں کہنے لگے
کیا خیال ہے آپ کا؟
میں نے کہا اب خیال تو آپ کو کرنا پڑے گا
وہ سہم گئے کہنے لگے

واعظ کسے ڈراوے ہے یوم حساب سے
گریہ مرا تو نامی اعمال دھو گیا

میں نے کہا
کعبہ کس منہ سے جاؤ گے غالب
شرم تم کو مگر نہیں آتی

روتے ہوئے کہنے لگے

آگے آتی تھی حال دل پہ ہنسی
اب کسی بات پر نہیں آتی

انسانی فطرت ہے کہ آپ جس چیز کو روکنے کے لیے پابندی لگائیں لوگ اتنا ہی اس کام کو کرتے ہیں۔ میرے بچپن میں جنگ اخبار میں ایک فلمی اشتہارات کا صفحہ شائع ہوتا تھا۔ اس صفحے پر انگریزی فلموں کے فحش اشتہار بھی ہوتے تھے۔ جس پر سیاہی پھیر دی جاتی تھی تاکہ برا نہ لگے۔ فلمی اشتہار پر باریک سا لکھا ہوتا تھا۔ صرف بالغان کے لیے اور وہی صفحہ لوگ زیادہ دلچسپی سے پڑھتے تھے۔

اسی طرح اخبار میں کسی ہومیو ڈاکٹر صاحب کا مستقل سلسلہ شائع ہوتا تھا۔ جس میں ڈاکٹر صاحب سےبذیعہ خط سوال کیے جاتے تھے۔ ظاہر ہے وہ خط اور سوال جھوٹے ہی ہوتے تھے ۔ایک سوال لازمی پوچھا جاتا تھا اور لکھا ہوا ہوتا۔”صرف خواتین پڑھیں” اور کسی سوال پر لکھا ہوتا "صرف مرد حضرات پڑھیں” اور یقین کیجیے وہی سوال بار بار پڑھا جاتا تھا جس کے لیے منع کیا جاتا تھا۔

انسان اشرف المخلوقات ضرور ہے مگر فرشتہ نہیں ہے۔ دل بہلانے کے لیے اسی انٹرنیٹ بھی چاہیے اور انٹرٹینمنٹ بھی۔ یہ میں نہیں ہمارے ایک جاننے والے کا کہنا ہے۔ ایک دوست کا کہنا یہ بھی ہے کہ انٹرٹینمنٹ کی بھی ایک حد ہوتی ہے۔اب اس کا یہ مطلب نہیں ہے کہ آدمی اپنی پریشانیوں کے حل کے لیے فحش فلمیں دیکھنے لگے مگر بقول ہمارے ایک اور دوست کے، یار "وہ والی فلمیں” دیکھنا ، یہ کوئی ایسا بھی گناہ نہیں ہے کہ پولیس پکڑ کر لے جائے۔ جبکہ ہمارے ایک دوسرے دوست کا کہناہے کہ خراب مواد دیکھنے والوں کے ساتھ ایسا ہی ہونا چاہیے۔ یہ درست اقدام ہے۔ اس سے ہمارے جینزیوں کو سبق ملے گا۔جبکہ میری یاداشت کے مطابق موصوف خود ایک مرتبہ گھر میں ننگے ہاتھوں، میرا مطلب ہے کہ رنگے ہاتھوں اسی سلسلے میں پکڑے جاچکے ہیں۔

ہمارے ہاں منافقت عروج پر ہے۔ ہم ہر نمازی آدمی کو شریف اور کلین شیو آدمی کو بدمعاش سمجھتے ہیں۔ ہم سمجھتے ہیں کہ ہمارے گھر میں رہنے والے مرد شاید کسی خلائی دنیا سے اتارے گئے ہیں۔ جو بہت نیک اور شریف ہیں اور صرف اچھا ہی سوچتے ہیں حالاں کہ وہ چھپ چھپا کر کیا دیکھتے ہیں یہ بھلا کسی کو کیا معلوم۔

برے واقعات یا حادثات ہر دورمیں ہوتے رہے ہیں۔ فرق صرف یہ ہے کہ سوشل میڈیا کی وجہ سے آج کل وہ واقعات ظاہر ہو جاتے ہیں۔ اس بات سے بھی انکار نہیں کیا جاسکتا ہے کہ موبائل فون کی وجہ سے اب ہمارے عہد کے بچے وہ سب جان چکے ہیں جو ہم نے برسوں میں جانا۔

ایک لطیفہ یاد آریا ہے کہ میاں بیوی اور ان کا بچہ ٹی وی دیکھ رہے تھے کہ اچانک بچے نے اپنے ماں باپ سے کہا کہ آپ لوگ ذرا باہر چلے جائیں۔ اس پر بچے کے ماں باپ نے حیران ہوکر پوچھا کیوں؟ بچہ کہنے لگا کہ اس کے بعد جو پروگرام آئے گا وہ آپ لوگ نہیں دیکھ سکیں گے۔

یہ لطیفہ تو پہلے وقتوں کا ہے۔ جب ڈش اور کیبل لگا ہوتا تھا مگر آج ہر آدمی بچے، بوڑھے، عورت،اور مرد سب کے پاس موبائل ہےاور وہ اس موبائل پر جو چاہے دیکھ سکتے ہیں۔ عاطف اسلم کا بہت پرانا موبائل فون کا اشتہار تو آپ کو یاد ہی ہوگا۔ جس میں وہ کہتا تھا کہ "سب کچھ موبائل ” اور اب اس حقیقت سے بھلا کون انکار کرسکتا ہے کہ اسمارٹ موبائل واقعی آدمی کی ضرورت بن چکا ہے۔ واٹس ایپ کے بغیر زندگی دشوار ہے۔نوکریاں اسی موبائل کے ذریعےمل رہی ہیں۔ اسی موبائل سے دنیا میں انقلاب برپا ہورہا ہے وغیرہ وغیرہ۔

اب جب موبائل آپ کے ہاتھ میں ہو تو لازمی سے بات ہے کہ شیطان بھی انسان کے ساتھ ہوتا ہے۔ فارغ اوقات میں ہم کسی کو کیا خود کو بھی برے فعل سے نہیں روک سکتے ہیں اور اگر ایسے میں پولیس کا میسیج یا کال آپ کے پاس آجائے تو سوچیئے آپ کی کیا حالت ہوسکتی ہے۔ تصور کیجیے کہ آپ انٹرویو دے رہے ہوں اور اسی جاب کے انٹرویو کے دوران آپ کو کال آجائے۔ آپ کا انٹرویو اچھا ہوا ہو یا آپ کو سلیکٹ کرلیا گیا ہو اور جب آپ بعد میں موبائل فون چیک کریں اور معلوم ہو کہ پولیس کی طرف سے کال آئی تھی تو آپ بھول کر بھی آفر لیٹر لینے نہیں جائیں گے۔

فرض کیجیےکہ آپ اپنے علاقے سے الیکشن میں کھڑے ہورہے ہوں اور آپ کی دھواں دار اور جوشیلی تقریر نے سننے والوں پر سحر طاری کردیا ہو اور عین اسی وقت پولیس کا فون آپ کے پاس آجائے تو آپ پر کیا گزرے گی آپ یقینا” پانی پانی ہو جائیں گے۔

ایک صاحب کا کہنا ہے کہ اس طرح کے اقدامات سے لوگوں میں بلاوجہ کا ڈر اور خوف پیدا ہوگا اور ممکن ہے کہ فائدہ کم ہو بہت سے لوگ نیٹ کی دنیا میں بہت کاریگر قسم کے ہوتے ہیں وہ آپ کو کسی طرح پھنسوا بھی سکتے ہیں اور شہر بھر میں رسوا بھی کرسکتے ہیں۔

ایک وقت وہ تھا جب لوگ فحش فلموں کی کیسٹ یا سی ڈی لینے کے لیے کی جتن کیا کرتے تھے بڑی مشکل سے اسی کام کے لیے گھر سے نکلتے منہ پر رومال لپیٹ لیتے اور سی ڈی کی دکان پر پہنچ جاتے ایسے میں وہاں یہی ڈر لگا رہتا کہ کہیں کوئی جاننے والا نہ مل جائے۔ سی ڈی والا بھی اپنا مستقل کلائنٹ سمجھ کر نہ صرف رعایت کرتا بلکہ خاص فلموں کی سی ڈی اس طرح پکڑاتا کہ کسی کر کانوں کان خبر ہی نہ ہوتی مگر نیٹ کے اور موبائل کے بعد ہر چیز دیکھنا اتنا آسان بنادیا گیا ہے کہ مت پوچھیے۔

کئی سالوں سے ہمارے ہاں فحش فلمیں دیکھنے کا رجحان عام تھا بلکہ اب بھی ہے فحش فلمیں دیکھنے والوں میں ہم پاکستانی سر فہرست ہیں۔ برسوں سے ہم "وہ والی” فلمیں بغیر کسی روک ٹوک کے دیکھتے رہے۔ اب جاکر ہمیں احساس ہوا کہ اس کی وجہ سے ہمارے بچے بوڑھے سب بگڑ رہے ہیں اور الٹے سیدھے واقعات جنم لے رہے ہیں۔ مگر اب بہت دیر ہوچکی ہے۔ںچے ہمارے عہد کے چالاک نہیں بلکہ بدمعاش ہوچکے ہیں۔

پاکستانی فلموں میں جس طرح پولیس کارروائی کے بعد پہنچتی ہے بلکل اسی طرح ارباب اختیار کو اب خیال آیا ہے کہ ہمیں ان غیر قانونی فحش فلموں پر پابندی لگانی چاہیے۔

اگر واقعی انصاف کے ساتھ پولیس یہ دیکھنے لگے کہ کون کون فحش فلمیں دیکھنے میں مصروف ہے تو یہ ایک ناممکن بات ہے اور اس طرح کوئی بھی کسی پر بھی کی کیچڑ اچھال سکتا ہے اگر بچے اس فعل میں ملوث ہوئے تو ان کے والدین پر کیا گزرے گی اور اگر خدانخواستہ کوئی بڑا ایسی فلمیں دیکھتا ہوا پکڑا گیا تو بچوں پر کیا گزرے گی۔ میں ان فلموں کے حق میں نہیں ہوں مگر ہمارے ہاں جذبات سے زیادہ کام لیا جاتا ہے۔ اگر یہی عمل اس وقت کیا جاتا جب یہ فلمیں موبائل کے ذریعے ہمارے ملک میں پہنچ رہی تھیں تو زیادہ بہتر ہوتا۔۔اللّٰه تو خود اپنے بندوں کا پردہ رکھتا ہے تو ہم کون ہوتے ہیں جو لوگوں کی رسوائی کا سبب بنیں۔

اب بھی ہم ان فلموں کو بینڈ کرسکتے ہیں یہ زیادہ بہتر اقدام ہوگا۔ایک صاحب کہنے لگے کہ موجودہ دور میں جب پولیس ہمارے موبائل سرچ کررہی ہے تو ہمارا بھی تو کوئی نمائندہ ہونا چاہیے جو پولیس کے موبائل سرچ کرے آخر ہم اسلامی جمہوریہ پاکستان میں رہتے ہیں مجھے ان کی اس بات سے غالب کا۔ شعر یاد آگیا

پکڑے جاتے ہیں فرشتوں کے لکھے پر ناحق
آدمی کوئی ہمارا دم تحریر بھی تھا

ہم اے آئی سے متاثر ہورہے تھے۔ اس کو اپنے دل کی ہر بات بتا رہے تھے۔اب وہی اے آئی ہماری ہر بات لوگوں کو بتائے گا۔ ٹیکنالوجی اس حد تک ظالم ہوسکتی ہے کسی نے کبھی نہیں سوچا تھاکہ ہم جو کچھ بھی دیکھ رہے ہوں وہ اب کسی سے ڈھکا چھپا نہیں رہے گا۔

پہلے خدا اور بندے کے درمیان راز ونیاز کی باتیں ہوتی تھیں۔ بندہ گناہ کرتا تھا پھر معافی مانگ لیتا تھا مگر ایسا لگتا ہے کہ اب بندہ اے آئی کو جواب دہ ہے اب جو بھی گناہ کرے گا اس کا جواب آے آئی دے گا اوروہ بہت بھیانک ہی ہوسکتا ہے۔

پرائیویسی نام کی چیز جس کے پیچھے ہر آدمی بھاگتا ہے۔اب اے آئی کے بعد اس کی کوئی حیثیت نہیں رہی ہے مگر یہاں بھی افسوس اس بات پر ہوتا ہے کہ جب ہم جدید ٹیکنالوجی کی وجہ سے لوگوں کی پرائیوٹ زندگی میں دخل دے کر معلومات حاصل کرسکتے ہیں تو کیا یہی جدید ٹیکنالوجی کا سہارہ لے کر ہم کرپشن کا خاتمہ نہیں کرسکتے ؟شفاف الیکشن نہیں کرواسکتے؟ مجرموں کو نہیں پکڑ سکتے؟ اس طرف ہمارا کوئی دھیان نہیں ہے۔

ہمارے ایک دوست کا کہنا ہے کہ فحش مواد دیکھنے والوں سے زیادہ فحش مواد بنانے والوں کو پکڑنا چاہیے۔اس مواد کو پھیلانے والوں کے خلاف کارروائی کرنا چاہیے۔ مدرسوں میں بچوں کے ساتھ ریپ کرنے والوں، گلیوں میں لڑکیوں کو ہاتھ لگا کر بھاگ جانے والوں اور دفاتر اور میڈیا میں خواتین ہراس کرنے والے درندوں کو الٹا لٹکا کر انہیں لوگوں کو کے سامنے لانا چاہیے تو بات بنے گی۔

میں تو کہتا ہوں کہ عام سا موبائل فون خرید لیجیے جس سے آپ کسی کو کال کرسکیں اورکسی کی کال اٹھا سکیں۔ نہ رہے گا بانس اور نہ بجے گی بانسری ورنہ اگر پولیس واقعی ایکشن میں آگئ تو تم کتنے بندے پکڑو گے ہر گھر سے وڈیو نکلے گی۔ ایک صاحب کہنے لگے کہ یہ دیکھو میرے پاس ایک کال آرہی ہے ان کی گھبراہٹ دیکھ کر مجھے ہنسی آگئی ہم نے کہا انکل گھبرائیں نہیں جو فون آپ کے پاس ہے اس پر تو میسج ٹھیک سے نہیں آتا کسی کی کال کیا آئے گی۔ایک صاحب کہنے لگے کہ بھائی مجھے تو اب نہاتے ہوئے بھی در لگتا ہے کہیں کوئی مجھے دیکھ تو نہیں رہا ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے