الحمدللّٰہ

جب میں نے چیئرمین کا عہدہ سنبھالا تو اس سے اگلے روز پی ٹی وی کے ڈائریکٹر فنانس میرے پاس آئے اور انہوں نےمجھے دو لاکھ روپے کا چیک پیش کیا۔میںنےان سےپوچھا کہ یہ کس سلسلے میں ہے؟انہوں نے کہا کہ جب نیا چیئرمین آتاہے تو اسے اپنی ضروریات کیلئے یہ چیک دیا جاتا ہے اور یہ آپ کیEntitlement ہے۔میں نے کہا کہ اللہ کے فضل و کرم سے اپنی ضروریات اس سے پہلے بھی پوری کرتا چلا آیا ہوں لہٰذا آپ یہ چیک واپس رکھ لیں۔انہوں نے اصرار کرتے ہوئے کہا کہ سر یہ آپ کیEntitlement ہے۔یہ آپ کو ضرور رکھ لینا چاہیے۔میںنےجواب دیاکہ اگر یہEntitlement بھی ہے تو میرے نزدیک یہ لیگل کرپشن ہے چنانچہ میں نے اس چیک کو کینسل کر کے انہیں واپس کرتے ہوئے کہا کہ مجھے اس کی رسید دے دیں ۔اس کے علاوہ جب میں نے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی پہلی میٹنگ’’ چیئر‘‘کی تو باقی ڈائریکٹرز کے علاوہ اٹھارہ ہزار روپے کا چیک مجھے بھی دیا گیا۔میں نے پوچھا یہ کس سلسلے میں ہے؟بتایا گیا کہ چیئرمین بورڈ کا ڈائریکٹر بھی ہوتا ہے اور یہ چیک سب ڈائریکٹرز کو دیا جاتا ہے۔

مجھے یہ بات اپنے حوالے سے بہت عجیب لگی چنانچہ میں نے یہ چیک بھی انہیں واپس کرتے ہوئے کہا کہ اسے کینسل کریں اور آئندہ بھی میٹنگ کے حوالے سے میرا کوئی چیک نہ بنایا جائے۔چند دن کے بعد میں پی ٹی وی کے تمام اسٹیشنز کو وزٹ کرنے کے بعد لاہور اسٹیشن آیا تو جنرل مینجر نے غالباً بیس بائیس ہزار روپے کے چیک پیش کیے اور کہا کہ چیئرمین بننے سے پہلے آپ پی ٹی وی کے مختلف پروگراموں میں شریک ہوتے رہے ہیں۔یہ آپ کے وہ چیک ہیں جو ابھی تک نہیں دیے جا سکے۔میں نے کہا کہ اب یہ چیک ایک رائٹر کو نہیں بلکہ چیئرمین پی ٹی وی کو دیے جا رہے ہیں چنانچہ آپ ان کو اوپن کریں اور کسی مستحق شخص کو دے دیں ۔

یہ سب کچھ بیان کرتے ہوئے مجھے خوشی نہیں ہو رہی بلکہ سخت رنج ہو رہا ہے کہ بددیانت لوگ معاشرے میں دندناتے پھرتے ہیں اور ان لوگوں پر الزام تراشی کرتے ہیں جنہوں نے ساری عمر حلال کا لقمہ بھی حلق میں اتارنے سے پہلے اچھی طرح تحقیق کر لی کہ اس میں کوئی جزوحرام کا تو شامل نہیں۔جب جنرل پرویز مشرف نے مسلم لیگ ن کی حکومت کو ختم کر کے اقتدار پر قبضہ کیا تو میں اس وقت ناروے میں سفارت کے دو سال مکمل کرنے کے بعد تھائی لینڈ میں پاکستان کا سفیر تھا۔میں واپس پاکستان آیا اور آتے ہی آمریت کے خلاف مورچہ بند ہو گیا جو تاریخ کا حصہ ہے۔ظاہر ہے کہ یہ’گستاخی‘قابل قبول نہیں تھی چنانچہ دو دفعہ آڈٹ ٹیمیں ناروے بھیجی گئیں جنہوں نے ایک ایک کاغذ کا جائزہ لیا کہ شاید کہیں سے کوئی چیز مل جائے لیکن الحمدللہ ناکامی ہوئی۔

ایک دن ایک دوست میرے پاس آیا۔اس نے کہا کہ میں آپ کو مبارکباد دینے آیا ہوں،میں نے پوچھا وہ کس لیے؟کہنے لگا کہ ان آڈٹ ٹیموں میں میرا ایک دوست بھی شامل تھا اس نے مجھے بتایا کہ قاسمی صاحب اپنے کالموں میں اپنی امانت اور دیانت کی بڑی باتیں کرتے ہیں،اب میں دیکھتا ہوں کہ وہ کتنے امین اور دیانتدار ہیں چنانچہ میں نے روٹین سے دس گنا زیادہ کاغذات کی چھان بین کی کہ کوئی چیز میرے ہاتھ لگے مگر میرے ہاتھ کچھ نہ آیا۔میرے دوست نے مجھے کہا کہ مجھے اسی آڈٹ والے دوست نے آپ کے پاس بھیجا ہے کہ قاسمی صاحب کو میری طرف سے مبارکباد دیں ۔میں الحمرا آرٹس کونسل لاہور کا آٹھ سال چیئرمین بھی رہا ہوں اور اس عرصے میں،میں نے کوئی معاوضہ وصول کرنے سے انکار کر دیا۔حقیقت تو یہ ہے کہ ہم کبٹروں کے اس دور میں زندہ ہیں جہاں کبڑے اپنا کب صحیح ہونے کی دعا نہیں مانگتے بلکہ چاہتے ہیں کہ دوسرے لوگ بھی کبڑےہو جائیں۔یہ صورتحال میرے لیے نئی نہیں ہے۔

الحمرا کی چیئرمین شپ کے دوران ہی ایک ویب سائٹ میں الزام لگایا کہ میں نے دس کروڑ روپے صحافیوں میں تقسیم کیے ہیں جن میں آج کے دور کے صف اول کے تمام صحافی شامل ہیں۔اب چونکہ صرف میری عزت کا معاملہ نہیں تھا بلکہ تمام قابل احترام دوستوں کو ملوث کیا گیا تھا چنانچہ عدالت سے رجوع کیا گیا۔سیشن کورٹ میں بھی مذکورہ صحافی کا الزام غلط ثابت ہوا اور ضمانت خارج ہوئی،ہائیکورٹ سے بھی اس کیخلاف فیصلہ آیا اور اب وہ مفرور شخص سپریم کورٹ سے ضمانت پر ہے۔سوال پیدا ہوتا ہے کہ جب ایک معاشرے میں ہر شخص دوسروں پر کچڑ اچھالنے میں مصروف ہو تو کیا آدمی ساری زندگی اپنی صفائی دینے کیلئے عدالتوں کے چکر لگاتا رہے۔یہی وجہ ہے کہ جب میں ایسی خرافات سنتا ہوں تو خاموش ہو جاتا ہوں اور معاملہ اللہ تعالیٰ پر چھوڑ دیتا ہوں۔

آخر میں مجھے صرف یہ کہنا ہے کہ سپریم کورٹ کے فاضل جج صاحبان کے سامنے جب یہ مضحکہ خیز اعدادو شمار پیش کیے گئے تو اگر میں حسن ظن سے کام لوں تو یہ کہہ سکتا ہوں کہ چونکہ وہ ٹی وی پروگرامنگ کے طریقہ کار سے واقف نہیں تھے لہٰذا انہیں بادی النظر میں سیکرٹری انفارمیشن کی کہی ہوئی باتیں چونکا دینے والی لگیں۔یاد رہے کہ بطور چیئرمین میں نے پی ٹی وی میںاِن ہاؤس،پروڈکشن شروع کی۔اس سے پہلے پی ٹی وی بے تحاشا پیسہ باہر سے ڈرامے خریدنے پر خرچ کرتا تھا اور اس کا زیادہ تر اسٹاف فارغ بیٹھا رہتا تھا۔میں نے تمام پرائیویٹ پروڈکشن پر پابندی لگائی اور پی ٹی وی کے پروڈیوسرز کوذمہ داری سونپی کہ ہر پروگرام پی ٹی وی خود تیار کرے۔

رمضان ٹرانسمیشن پر بھی خصوصی توجہ دی گئی جسکی وجہ سے پی ٹی وی کی رمضان ٹرانسمیشن نے تمام چینلز سے زیادہ بزنس کیا۔اس ٹرانسمیشن میں ڈائریکٹر آئی ٹی فخر حمید مرحوم کی بے انتہا کوششیں شامل حال تھیں چنانچہ انہیں بھی بری طرح سے ذہنی طور پر ٹارچر کیا گیا کہ شدید دباؤ کی وجہ سے ایک دن ان کو ہارٹ اٹیک ہو گیا،ان کی بیوی نے شوہر کو مردہ حالت میں دیکھا تو وہ بھی یہ صدمہ برداشت نہ کرتے ہوئے خالق ِحقیقی سے جا ملیں۔دونوں میاں بیوی کی لاشیں اکٹھی اٹھائی گئیں…بطور چیئرمین مجھے پی ٹی وی کی ترقی ہمیشہ عزیز رہی،میں چیئرمین نہیں بھی تھا تو پی ٹی وی میری محبت تھا،اس ادارے کیلئے بطور ڈرامہ نگار بھی میں جو کر سکتا تھا کیا۔بجلی کے بل میں جو پیسے پی ٹی وی کو ملتے تھے اس کا ایک بڑا حصہ حکومتی خزانے میں جمع ہوتا تھا،میں نے بطور چیئرمین اس وقت کے وزیراعظم نواز شریف سے مل کر بھرپور کوشش کر کے پی ٹی وی کو ملنے والے معاوضے میں خاطر خواہ اضافہ کروایا۔

الحمدللہ میرا ضمیر صاف ہے اور یہ میرے خاندان کی ایک ہزار سالہ تاریخ کا تسلسل ہے۔
بشکریہ جنگ

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے