قدیم تاریخ کی کتابوں میں ایک ایسے بادشاہ کا ذکر ملتا ہے جسے اپنے ملک کی زرخیزی اور خوشحالی پر بڑا ناز تھا۔ ایک روز اس نے شاہی خزانہ بھرنے کے لیے کسانوں اور تاجروں پر نئے محصول عائد کر دیے، آبیانہ دگنا کر دیا اور منڈی کے قوانین سخت کر دیے۔ وزیر نے عرض کی کہ حضور اگر باغبان پر بوجھ بڑھایا گیا تو سوداگر کسی اور دیس کا رخ کر لے گا۔ بادشاہ نے یہ مشورہ رد کرتے ہوئے ایک شاندار شاہی دارالاستقبال تعمیر کروایا تاکہ دور دراز کے تاجروں کو خوش آمدید کہا جا سکے۔
چند برس بعد جب بادشاہ دورے پر نکلا تو اس نے دیکھا کہ شاہی مہمان خانے ویران پڑے ہیں، مقامی سوداگر دکانیں بند کر کے جا چکے ہیں اور باغات اجاڑ ہو چکے ہیں۔ وزیر نے ہاتھ باندھ کر عرض کی کہ حضورجہاں درخت لگانا آسان ہو مگر اس کی آبیاری ناممکن بنا دی جائے، وہاں مالی نہیں ٹھہرتا۔
آج پاکستان کی معیشت کا منظرنامہ بھی اسی قدیم داستان کی عملی تصویر پیش کر رہا ہے، مگر دلچسپ بات یہ ہے کہ جب ملک کا مالیاتی باغ اجڑ رہا ہے، ہمارے ایوانوں میں پرانی سیاسی کھینچا تانی کا کھیل پورے عروج پر ہے۔ ایک طرف کاروباری طبقہ سر پکڑے بیٹھا ہے اور دوسری طرف سیاسی حلقوں میں پنجاب حکومت کے جانے کی چہ مگوئیاں زور پکڑ رہی ہیں۔ سننے میں آ رہا ہے کہ کئی نئے امیدوار وزارتی شیروانیاں سلوا کر ایوانِ اقتدار میں داخل ہونے کے لیے ایڑی چوٹی کا زور لگا رہے ہیں۔ گویا کشتی بھنور میں پھنسی ہوئی ہے اور ملاح اس بات پر دست و گریباں ہیں کہ پتوار کس کے ہاتھ میں ہوگی۔
ایوانوں کی اس رسہ کشی سے بے نیاز، گلی محلوں کے زمینی حقائق انتہائی دردناک ہیں۔ مہنگائی کا بے قابو جن عام آدمی کی قوتِ خرید نگل چکا ہے اور کروڑوں خاندانوں کو دو وقت کی روٹی کے لالے پڑے ہوئے ہیں۔ بجلی اور گیس کے ہوشربا بلوں نے سفید پوش طبقے کی کمر توڑ دی ہے، جبکہ بڑھتی ہوئی بے روزگاری نے نوجوانوں کو شدید مایوسی میں دھکیل دیا ہے۔ جب فیکٹریوں کے دروازے بند ہوتے ہیں تو اس کا پہلا شکار وہ دیہاڑی دار مزدور بنتا ہے جس کے گھر کا چولہا روزانہ کی اجرت سے جلتا ہے۔
عوام کی اس بدحالی کی جڑیں معیشت کے گرتے ہوئے اعداد و شمار میں پیوست ہیں۔ اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق مالی سال چھبیس،پچیس میں خالص غیر ملکی براہِ راست سرمایہ کاری میں چونتیس فیصد سے زائد کمی واقع ہوئی اور یہ حجم محض ایک ارب چونسٹھ کروڑ ڈالر رہ گیا۔ اس بے اعتمادی کا عالم یہ ہے کہ شیل، ٹیلی نار، فائزر اور یاماہا جیسی عالمی شہرت یافتہ کمپنیوں نے یا تو پاکستان سے اپنا کاروبار سمیٹ لیا ہے یا مقامی شراکت داروں کو منتقل کر دیا ہے، جبکہ مائیکروسافٹ نے بھی اپنے براہِ راست آپریشنز محدود کر دیے ہیں۔
سرمایہ کاروں کے اس انخلا کی بڑی وجہ کاروبار کرنے کی ناقابلِ برداشت لاگت اور ٹیکسوں کا پیچیدہ نظام ہے۔ بنیادی کارپوریٹ ٹیکس انتیس فیصد ہے، مگر سپر ٹیکس اور دیگر سرچارجز شامل ہونے کے بعد مو¿ثر شرح چھیالیس فیصد تک جا پہنچتی ہے۔ صنعتی بجلی کے نرخ خطے کے حریف ممالک کے مقابلے میں تقریباً دوگنے ہیں۔ اسی باعث ملک بھر میں ایک سو چالیس سے زائد اسپننگ اور ٹیکسٹائل ملیں بند ہو چکی ہیں، جس سے لاکھوں خاندانوں کا روزگار چھن گیا ہے۔
انتظامی سست روی اور سیکیورٹی صورتحال نے اس بحران کو مزید گہرا کر دیا ہے۔ عالمی بینک کے مطابق تجارتی تنازعات کے حل اور معاہدوں کے نفاذ میں اوسطاً تین سال لگ جاتے ہیں، جبکہ بینک اکاؤنٹ کھلوانے کے لیے بھی مہینوں انتظار کرنا پڑتا ہے۔ گلوبل ٹیررازم انڈیکس دو ہزار چھبیس کے مطابق پاکستان دہشت گردی سے متاثرہ ممالک کی فہرست میں پہلے نمبر پر آ گیا ہے، جو سرمایہ کاری کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔
حکومت نے دوست ممالک سے ساٹھ ارب ڈالر کی سرمایہ کاری لانے کے عزم کے ساتھ ایس آئی ایف سی کا قیام عمل میں لایا تھا۔ اگرچہ حکومتی حلقوں کا مؤقف ہے کہ سخت معاشی فیصلے ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچانے کے لیے ناگزیر تھے اور اب میکرو اکنامک استحکام کے ساتھ ریکوڈک جیسے منصوبوں پر پیش رفت ہو رہی ہے، تاہم اوورسیز انویسٹرز چیمبر آف کامرس اور ایف پی سی سی آئی جیسی تنظیمیں بارہا واضح کر چکی ہیں کہ محض کونسلز بنانے سے سرمایہ کار نہیں آتے۔
اب تو باخبر حلقوں میں ایک پراسرار خاموشی کے ساتھ یہ سرگوشیاں بھی سنائی دے رہی ہیں کہ پردے کے پیچھے کوئی بڑا فیصلہ ہو چکا ہے، بس اعلان کی گھڑی باقی ہے، اور کہیں ایسا نہ ہو کہ ایک صبح ہم آنکھ کھولیں تو پتہ چلے کہ بازی پلٹ چکی ہے اور میلہ ختم ہوگیا۔
اب بھی سیاسی جوڑ توڑ، تخت الٹنے یا بچانے کی مشقوں اور پسِ پردہ چالوں سے نکل کر عوام کے چولہے جلانے اور حقیقی معاشی استحکام پر توجہ دی جائے۔ ہمیں اس بادشاہ کی کہانی سے سبق سیکھنا ہوگا کہ ہماری بدحالی کا ذمہ دار بیرونی دنیا نہیں بلکہ ہماری اپنی ترجیحات ہیں۔ اگر آج بھی نظام کی اصلاح اور عام آدمی کو ریلیف دینے کو مقدم نہ رکھا گیا، تو اقتدار کی کرسی پر چاہے پرانے چہرے رہیں یا نئے کھلاڑی میدان میں اتریں، نہ اجاڑ باغات میں بہار لوٹے گی اور نہ ہی غریب کی تھالی میں روٹی آئے گی۔