مبارک ہو، مبارک ہو، مبارک ہو
یہ طاہر القادری صاحب کے الفاظ نہیں، جو ملک میں انقلاب لانے کے در پر تھے، لیکن تاحال ماڈل ٹاؤن متاثرین کے انصاف کیلئے سرگرم ہیں۔
یہ الفاظ عمران خان کے بھی نہیں، جو ملک کی دولت واپس لا ناچاہتے تھے ، لیکن تاحال وزیراعظم کو کرپشن الزامات پر کٹہرے میں لانے کی کوششوں میں ہیں۔
یہ الفاظ حکمرانوں اور لیگی رہنماوں کے بھی نہیں جو دعوے اور وعدےکرنے میں ماہر ہیں ، لیکن ایفا کرنے میں ناکام۔ جن کو اپنی ہار میں بھی فتح نظر آتی ہے۔ جنھیں عزت وذلت کی خبر نہیں کہ کیا شے ہوتی ہے ۔۔۔
ہاں یہ ضرور ہوسکتا ہے کہ’ مبارک ہو‘ کے یہ الفاظ پاکستان کے لیے دنیا بھر کے میڈیا میں گونج رہے ہوں اور وجہ ہو پاکستان کی 70سالہ تاریخ میں پہلی بار آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کی جیت، اور فائنل میں اتنے بڑے مارجن سے بھارت کو شکست دینے کی خوشی۔
رفاقت، ثقافت، مخالفت، حتیٰ کہ سیاست بھلا کر دنیابھر سے پاکستان کرکٹ ٹیم کی جاندار کاوشوں اور شاندارکامیابی پر تہنیتی پیغامات موصول ہورہے ہیں، ہر کوئی خوشی سے نہال اور دشمن نڈھال ہے۔
توایک بار پھرمبارک ہو، لیکن اس بار وجہ ہے۔۔۔ عید الفطر
میٹھی عید کی مٹھاس دگنی ہوتی ہے عید کی تیاریوں سے ، جس کے اہم عنصر ہیں خواتین کے رنگارنگ ملبوسات ، بناو سنگھار اور حنا کےنت نئے ڈیزائن و خوشبو ۔۔ چوڑیوں کے کھنکھناہٹ اورلبوں پر مسکراہٹ ۔
عید کی چھٹیاں اگر ہفتہ اتوار کے ساتھ آجائیں تو وارے نیارے، عیدی ہوکرارے نوٹوں کی تو سونے پہ سہاگا اور یہی کرارے نوٹ ایک ایس ایم ایس پرمل جائیں تو کیا کہنے جناب ۔۔ مزہ آگیا
میٹھے اور رسیلے پکوان بڑھاتے ہیں عید کی شان ۔ کوئی گھر میں شیر خرما بنا کر داد وصول کرتا ہے تو کوئی بازار سے خوبصورت کیک لے آتا ہے ۔ میٹھی عید کی سوئیاں، کھیر، شاہی ٹکڑے، گلاب جامن اور لذیذ رس ملائی کو بھی کیسے بھولا جاسکتا ہے۔
تو پھر کیوں نہ خوش ذائقہ اور خوش رنگ میٹھوں کی ریسیپی شئیر کی جائے ۔۔ جو اس عید پر آپ کے لیے ثابت ہو کم خرچ بالا نشیں ۔ اورآپ بھی اپنے دل کے قریب رہنے والوں کے لیے یہ تمام میٹھے پکوان بنا کر اُن کی اس میٹھی عید کو مزید مٹھاس سے بھر دیں۔
٭فروٹ کیک
:اجزا
میدہ: 50 گرام،سوجی: 50 گرام
گھی یا مکھن: 50 ملی لیٹر،چینی: 50 گرام
انڈے: 6 عدد،بیکنگ پاؤڈر: چائے والا ایک چمچ
کشمش: 15 گرام،بادام کی گری: 15 گرام
پستہ: 5 گرام،بیکنگ کاغذ موٹا: حسب ضرورت
:ترکیب
انڈوں کی زردی اور سفیدی کو الگ الگ برتنوں میں ڈال کر کانٹے سے اتنا پھینٹیں کہ جھاگ بن جائے۔
چینی کو باریک پیس کر چھان لیں۔گھی یا مکھن اور چینی کو ملا کر اتنا پھینٹیں کہ دونوں یک جان ہو جائیں۔
میدے میں بیکنگ پاؤڈر ملا کر چھلنی میں چھان لیجیے اور اسے چینی اور گھی یا مکھن والے مرکب میں ڈال دیں۔اب اس میں انڈوں کی زردی بھی ڈال دیجیے اور پھینٹ کر یک جان کرنے کے بعد انڈوں کی سفیدی بھی ملا لیں۔کشمش، بادام اور پستہ بھی باریک کاٹ کر ڈال دیں۔
اب ایک کھلے منہ کے پتیلے میں بیکنگ والا کاغذ بچھا کر اس پر گھی یا مکھن لگانے کے بعد تیار شدہ آمیزہ اس کا غذ پر ڈال دیں۔پتیلے کا ڈھکنا بند کر کے چولہے پر رکھ کر ہلکی آنچ پر پکایئے اور آگ کے کچھ کوئلے پتیلے کے ڈھکنے پر بھی رکھ دیں۔آدھے گھنٹے بعد سلائی یا تنکا کیک میں چبھو کر دیکھیے۔ اگر کوئی چیز سلائی یا تنکے کے ساتھ نہ لگے تو سمجھ لیں کہ کیک تیار ہے اور اسے اتار لیں۔اگر سلائی یا تنکے کے ساتھ کچھ لگ جائے تو پانچ منٹ اور کیک کو پکائیں اور پانچ منٹ بعد اتار لیں۔پتیلے کی بجائے فروٹ کیک کے آمیزے کو ایک پونڈ کے سانچے میں رکھ کر اوون، تنور یا بھٹی میں بھی پکایا جا سکتا ہے۔
٭ شاہی ٹکڑے
،اجزاء:
ڈبل روٹی کے سلائس: آٹھ عدد،کنڈینسڈ ملک: ایک ٹن، چھوٹی الائچی: چار عدد، بادام پندرہ عدد: باریک کٹے ہوئے، گھی: حسب ضرورت، کارن فلور: ایک کھانے کا چمچا، چینی: آدھا کھانے کا چمچ
ترکیب:
پہلے ایک کڑاہی میں حسبِ ضرورت گھی گرم کرکے اس میں ڈبل روٹی کے سلائس ڈیپ فرائی کریں اور گولڈن براؤن ہونے پر نکال کر اخبار پر پھیلادیں، تاکہ چکنائی جذب ہوجائے۔ فرائنگ پین کو ہلکی آنچ پر گرم کریں۔ اب کنڈینسڈ ملک میں کارن فلور، چھوٹی الائچی اور چینی ملاکر فرائنگ پین میں ہلکا سا پکائیں۔ جب وہ گاڑھا ہوجائے تو اسے اْتار کر تلے ہوئے سلائسز کے اوپر لگاکر درمیان سے دو ٹکڑے کرلیں یا گول کٹر سے کاٹ لیں۔ پھر اوپر سے باریک کٹے بادام چھڑک کر پھیلی ڈش میں نکال کر سرو کریں۔
٭رس ملائی
اجزاء:
خشک دودھ: 1 کپ، انڈا پھینٹا ہوا: 1 عدد، تیل: 3-4 کھانے کے چمچے، بیکنگ پاؤڈر: ¼ چائے کا چمچا، دودھ: 1 لیٹر، چینی: 1 کپ، پستہ بادام: 10-15 دانے
ترکیب:
خشک دودھ، انڈا، بیکنگ پاؤڈر اور تیل ڈال کر اچھی طرح مکس کریں۔جب مکس ہو جائے تو اس کی بالز بنا لیں۔ایک دیگچی میں دودھ اْبال لیں اور ساتھ چینی شامل کردیں۔ دس سے بارہ منٹ پکائیں اور گاڑھا کرلیں۔ اس کے بعد وہ بالز شامل کرلیں۔ ان رس ملائیوں کے ساتھ مزید 5 منٹ پکائیں اور پھر ٹھنڈا کر لیں۔ اب ایک پیالے میں نکال کر پستہ بادام سے گارنش کر لیں اور سرو کریں۔
براؤنیز:
اجزا:
مکھن……سو گرام،چینی پسی ہوئی……آدھی پیالی
انڈے……دوعدد،میدہ……ایک پیالی
بیکنگ پائوڈر……ایک چائے کا چمچ،کوکو پائوڈر……ایک کھانے کا چمچ
دودھ……دو سے تین کھانے کے چمچ،ونیلا ایسنس……ایک چائے کا چمچ
ترکیب:
اوون کو 180 ڈگری پر پری ہیٹ کرنے رکھ دیں، میدہ، بیکنگ پائوڈر اور کوکو پائوڈر کو تین دفعہ چھان کر رکھ دیں۔ انڈے علیحدہ پھینٹ لیں۔ ایک پیالے میں مکھن اور چینی کو خوب پھینٹیں کہ کریم کی شکل اختیار کر جائے، پھر پھینٹے ہوئے انڈے شامل کر کے اچھی طرح پھینٹیں، میدہ تھوڑا تھوڑا کر کے اس آمیزے میں شامل کر کے لکڑی کے چمچ سے ایک ہی سمت میں فولڈ کرتی جائیں، دودھ اور ونیلا ایسنس شامل کرکے اچھی طرح ملا کے گریس بیکنگ پین میں ڈال کر بیک کرنے کے لیے رکھ دیں۔ 40 سے 50 منٹ میں تیار ہوگا۔ اس کو کریم اور آئس کریم کے ساتھ بھی پیش کیا جا سکتا ہے۔
٭اسپیشل ربڑی کھیر
اجزاء:
چاول: دو مُٹھی (پسے ہوئے)، دودھ: دوکلو، چینی: ایک کپ، حسبِ ذائقہ، الائچی پاؤڈر: آدھا چائے کا چمچا، کیوڑہ ایسنس: دو سے تین قطرے، تازہ ربڑی: ایک پاؤ (لچھے دار)، بادام اور پستہ: حسبِ ضرورت۔
ترکیب:
دودھ کو اتنا پکائیں کہ اُس کی رنگت ہلکی گلابی ہوجائے ، پھر دودھ میں چاول ڈال کر ہلکی آنچ پر پکائیں، یہاں تک کہ چاول اچھی طرح گَل جائیں، پھر اس میں چینی شامل کریں اور کچھ دیر پکائیں۔ اب الائچی پاؤڈر اور خشک میوے ڈال کر دس منٹ تک پکائیں۔ کھیر درمیانی گاڑھی ہونے لگے، تو چولہے سے اْتار لیں۔ ربڑی اور کیوڑہ ایسنس ڈال کر ہلکا مکس کرلیں۔ ڈش میں نکال کر ٹھنڈی کر کے سرو کریں۔
٭فروٹ ٹارٹ
اجزا
پیسٹری کے اجزا
میدہ چھنا ہوا: 225 گرام ۔۔۔مکھن: 112 گرام۔۔۔پسی ہوئی چینی: 2 کھانے کے چمچ
ٹارٹ کو بھرنے کے اجزا
کریم پنیر: 225 گرام۔۔چینی: 2 کھانے کے چمچ۔۔لیموں کا رس: 2 چائے کے چمچ۔۔ملے جلے تازہ پھل: 1 پیالی۔۔باریک پسی ہوئی چینی: چھڑکنے کے لیے
ترکیب
میدے میں مکھن ڈال کر چورے جیسا بنا لیں۔اس میں چینی اور ٹھنڈا پانی ملا کر آٹا گوندھیں اور ململ کے کپڑے میں لپیٹ کر 30 منٹ کے لیے فرج میں رکھ دیں۔آٹے کو پتلا بیل کر گول کٹر سے کاٹ لیں۔
انہیں مفنز ٹرے میں رکھیں اور پہلے سے گرم اوون میں 190 ڈگری پر 15 منٹ تک پکا کر نکال لیں۔
ایک پیالے میں پنیر کو پھینٹ لیں، اس میں چینی اور لیموں کا رس شامل کر کے ٹارٹس پر ڈالیں۔
اس کے اوپر پھل سجائیں اور چینی چھڑک دیں۔لذیذ فروٹ ٹارٹ تیار ہیں۔۔
٭ کھجور کیک
اجزاء
کھجور – 400 گرام ( گٹھلیاں نکال لیں)،،دودھ – 2 کپ
بیکنگ سوڈا – 2 کھانے کے چمچ،،مکھن – 1/5 کپ،،چینی – 2 کپ (یا حسب ذائقہ)
انڈے – 4 عدد،،گندم کا آٹا – 2 کھانے کے چمچ،،ونیلا پاؤڈر – 2 کھانے چمچ،،پانی – 2 سے 3 کپ
ترکیب
کھجور کو دودھ اور پانی کے ساتھ ایک برتن میں ابالنے کے بعد 3 منٹ تک پکائیں۔پھر چولہا بند کردیں اور اس میں بیکنگ سوڈا ملالیں۔ایک اور برتن میں مکھن، چینی اور انڈوں کو مکس کرنے کے بعد چولہے پر پکائیں۔پھر مکھن، چینی اور انڈوں کے ساتھ آٹے اور ونیلا پاؤڈر کو بھی مکس کریں اور آنچ ہلکی کرکے کچھ دیر پکنے دیں۔آخر میں پکی ہوئی کجھور کے ساتھ تمام چیزوں کو مکس کرکے بیکنگ پین میں ڈال کر 35 سے 40 منٹ تک بیک کرلیں۔
بیک ہونے کے بعد کیک کو ڈرائی فروٹس سے ڈیکوریٹ کریں اور ٹھنڈا کرکے سرو کریں۔
٭گلاب جامن
اجزاء:
پاؤڈر کا دودھ: ایک کپ، میدہ: ایک کھانے کا چمچا، بیکنگ پاؤڈر: ایک چائے کا چمچا، انڈا؛ ایک عدد، الائچی: پاؤڈر آدھا چائے کا چمچا، چینی: ڈیڑھ کپ، پانی: دو کپ، تیل: ایک چائے کا چمچا، پستہ: گارنشنگ کے لیے (کٹا ہو)، چاندی کا ورق: سجاوٹ کے لیے، گھی: فرائی کرنے کے لیے
ترکیب:
شیرے کے لیے:
ایک پین میں دو کپ پانی اور چینی ڈال کر شیرہ بنانے کے لیے چولہے پر رکھ دیں۔ پھر کچھ دیر پکنے کے بعد اس میں الائچی پاؤڈر شامل کر دیں۔
گلاب جامن کے لیے:
ایک پیالے میں دودھ پاؤڈر، بیکنگ پاؤڈر، میدہ، انڈا تھوڑا سا پانی اور گھی ڈال کر اچھی طرح مکس کرلیں۔ اب اس مکسچر کے ایک سائز کے چھوٹے چھوٹے گول بالز (پیٹرے) بنالیں۔
ایک فرائنگ پین میں گھی کو گرم کرلیں۔ اب اس میں بالز ڈال کر ہلکی آنچ پر فرائی کرلیں۔ جب اِن کا رنگ براؤن ہوجائے تو پین سے نکال کر شیرے میں ڈال دیں۔ مزے دار گلاب جامن تیار ہیں۔ پستہ اور چاندی کے ورق سے گارنش کرکے سرو کریں۔
٭ٹھنڈی ٹھنڈی لبِ شیریں
اجزاء:
دودھ: ڈیڑھ لیٹر، چینی: دوکپ، فریش کریم: ایک کپ، ونیلا کسٹرڈ یا کارن فلور: تین کھانے کے چمچے، لال جیلی: ایک پیکٹ، پیلی جیلی: ایک پیکٹ، ہری جیلی: ایک پیکٹ، ابلی رنگین: سوئیاں ایک کپ، آم: دو عدد، کیلے: چار عدد، سیب: تین عدد، چیکو: تین عدد، انگور: ایک کپ، آڑو: ایک عدد، پستے، بادام: ایک کپ
ترکیب:
ونیلا کسٹرڈ یا کارن فلور کو تھوڑے سے پانی میں گھول لیں۔ دیگچی میں دودھ اور چینی ڈال کے ابلنے کے لیے رکھ دیں۔ جب چینی اچھی طرح حل ہو جائے تو کارن فلور کو الگ پیالی میں ٹھنڈے دودھ کے ساتھ حل کریں۔ پھر اس مکسچر کو گرم دودھ میں شامل کریں اور اس دوران مسلسل چمچا چلاتی رہیںاور اتنا پکائیں کہ گاڑھا کسٹرڈ بن جائے۔
پھر اس کو ٹھنڈا کرلیں اور تھوڑا سا کسٹرڈ پیالے میں نکالیں اور اس میں کریم مکس کریں اور اس مکسچر کو فریج میں رکھ کے اچھی طرح ٹھنڈاکرلیں۔ جیلی کو ڈبے پر لکھی ہدایات کے مطابق بناکے جمالیں اور جمنے کے بعد کیوب کاٹ لیں۔ سارے پھل چھیل کے ان کے ٹکڑے کرلیں۔ اب سرونگ باؤل میں سارے پھل، جیلی، رنگین اُبلی ہوئی سویاں ڈال کے اوپر کسٹرڈ ڈال دیں۔ پستے، بادام سے سجا کے ٹھنڈا کرکے سرو کریں۔
اور لیجئے جناب !سب سے آخر میں پھلوں کے بادشاہ کا انعام،آم موسم گرما کی سوغات ہے اور آم کے بغیر گرمیوں کا تصور نا ممکن ہے۔
٭مینگو کیک
اجزا
میدہ: 2 کپ۔۔چینی: 3 سے 4 کپ۔۔انڈے: 4 عدد۔۔مکھن: 1 کپ
بیکنگ پاﺅڈر: 2 چائے کے چمچ۔۔مینگو چنکس: 1 کپ
آئسنگ کے لیے
بغیر نمک کا مکھن: 1 کپ۔۔آئسنگ شوگر: 2 کپ۔۔آم کی چٹنی: 4 کھانے کے چمچ
ترکیب
میدے میں بیکنگ پاﺅڈر اور مینگو چنکس ڈال کر مکس کرلیں۔انڈے پھینٹ لیں یہاں تک کہ اچھی طرح کریمی ہوجائیں۔اب چینی ڈالیں اور مکس کرلیں۔اب مکھن ڈال کر مکس کریں۔اس کے بعد میدہ ڈال کر مکس کرنے کے بعد پین میں ڈال کر 180 ڈگری سینٹی گریڈ پر بیک کریں۔تقریباً 40 منٹ تک ٹھنڈا ہونے دیں۔آئسنگ کے تمام اجزا کو مکس کریں اور کیک پر آئسنگ کریں۔لذیذ مینگو کیک تیار