’نئے وزیراعظم کیلئے اپنا امیدوار بھی لائیں گے‘

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ ان کی جماعت دیگر اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ مل کر نئے وزیر اعظم کے لیے اپنا امیدوار بھی سامنے لائے گی۔

بلاول ہاؤس کراچی میں پریس کانفرس کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ’آج پاکستان کی تاریخ اور جمہوریت کے لیے بہت اہم دن ہے اور میری والدہ بےنظیر بھٹو نے کہا تھا کہ ایک دن نواز شریف انہیں یاد کریں گے۔‘

ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی دیگر اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ مل کر نئے وزیر اعظم کے لیے اپنا امیدوار بھی سامنے لائے گی، ہمیں اپنا نہیں ملک کا فائدہ چاہیے، پیپلز پارٹی جمہوریت کو مضبوط دیکھنا چاہتی ہے اور ہم سپریم کورٹ کے فیصلے پر مکمل طور پر عمل درآمد چاہتے ہیں۔‘

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ’پیپلز پارٹی سب کے احتساب پر یقین رکھتی ہے، پاناما کا معاملہ ہم نے بھی گڑھی خدا بخش میں اٹھایا تھا لیکن اس معاملے پر سپریم کورٹ نہ جانے کی ہماری اپنی کچھ وجوہات تھیں اور ہم چاہتے تھے کہ پارلیمنٹ اس حوالے سے قانون سازی کرے۔‘

انہوں نے کہا کہ ’آرٹیکل 62 اور 63 پر پیپلز پارٹی کا اپنا اصولی موقف رہا ہے، لیکن یہ پاکستان کی عدالت عظمیٰ کا فیصلہ ہے جسے سب کو قبول کرنا چاہیے۔‘

ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ’ہم پر اگر کوئی الزام لگتا ہے تو ہمارا نام فوراً ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں ڈال دیا جاتا ہے، لہٰذا الزامات لگنے پر مسلم لیگ (ن) کے وزرا کے نام بھی ای سی ایل میں ڈالے جانے چاہیئیں۔‘

یاد رہے کہ سپریم کورٹ نے آج بروز جمعہ (28 جولائی) شریف خاندان کے خلاف پاناما لیکس کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف کو نااہل قرار دینے کا حکم دے دیا۔

ملکی تاریخ کے اس سب سے بڑے کیس کا حتمی فیصلہ عدالت عظمیٰ کے کمرہ نمبر 1 میں جسٹس آصف سعید کھوسہ کی سربراہی میں جسٹس اعجاز افضل خان، جسٹس شیخ عظمت سعید، جسٹس اعجاز الاحسن اور جسٹس گلزار احمد پر مشتمل سپریم کورٹ کے 5 رکنی لارجر بینچ نے سنایا۔

عدالت عظمیٰ نے قومی احتساب بیورو (نیب) کو 6 ہفتے میں جے آئی ٹی رپورٹ پر نواز شریف کے خلاف ریفرنس داخل کرنے کی بھی ہدایت کی اور تمام مواد احتساب عدالت بھجوانے کا حکم دے دیا۔

عدالتی بینچ نے اپنے فیصلے میں کہا کہ نواز شریف کے صاحبزادوں حسن نواز، حسین نواز، صاحبزادی مریم نواز اور داماد کیپٹن (ر) صفدر کے خلاف بھی ریفرنس دائر کیا جائے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے