سپریم کورٹ کی جانب سے سابق وزیراعظم نواز شریف کو نااہل قرار دیے جانے کے بعد عبوری وزیراعظم کے انتخاب کے لیے ہونے والے قومی اسمبلی کے اجلاس سے قبل متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) نے مسلم لیگ (ن) کے امیدوار شاہد خاقان عباسی کی حمایت کا اعلان کردیا۔
پارلیمنٹ لاجز میں ہونے والے اجلاس کے بعد شاہد خاقان عباسی اور مسلم لیگ (ن) کے دیگر رہنماؤں کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ایم کیو ایم سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار نے شاہد خاقان عباسی کی حمایت کا اعلان کیا۔
اس موقع پر فاروق ستار کا کہنا تھا کہ ہم جرائم کا خاتمہ چاہتے ہیں، ساتھ ہی انہوں نے لاپتہ افراد کی بازیابی اور ایم کیو ایم کے سیل کیے گئے دفاتر کھولنے کا بھی مطالبہ کیا۔
دوسری جانب شاہد خاقان عباسی نے کراچی کے لیے اعلان کردہ پیکیج پر عمل کرنے کا وعدہ بھی کیا۔
واضح رہے کہ ایم کیو ایم کے پاس قومی اسمبلی کی 24 نشستیں ہیں۔
عبوری وزیراعظم کے انتخاب کے لیے قومی اسمبلی کا اجلاس آج 3 بجے ہونے جارہا ہے۔
اسپیکر سردار ایاز صادق کی صدارت میں ہونے والے اجلاس میں عبوری وزیراعظم کے انتخاب کے لیے ووٹنگ کی جائے گی۔
عبوری وزیراعظم کے لیے مسلم لیگ (ن) کی جانب سے شاہد خاقان عباسی کو نامزد کیا گیا اور حزبِ اختلاف کی صفوں میں عدم اتحاد کے باعث ان کی فتح آسان دکھائی دیتی ہے۔
گوکہ قومی اسمبلی میں مسلم لیگ (ن) کے اپنے اراکین کی تعداد ہی درکار 172 ممبران سے زائد ہے تاہم اتحادیوں کی حمایت اور اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے متفقہ اُمیدوار لانے پر اتفاق رائے قائم نہ ہونے کے سبب عبوری وزیراعظم کے انتخاب کا عمل تقریباً یک طرفہ ہوچکا ہے۔
شاہد خاقان عباسی کے مقابلے میں کاغذات نامزدگی جمع کرانے والوں میں پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کی جانب سے خورشید شاہ اور نوید قمر، پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور مسلم لیگ (ق) کی جانب سے عوامی مسلم لیگ کے چیف شیخ رشید اور جماعت اسلامی کی جانب سے صاحبزادہ طارق اللہ شامل ہیں۔
متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کی جانب سے بھی کشور زہرہ کو عبوری وزیراعظم کے طور پر نامزد کیا گیا تھا، تاہم بعدازاں ایم کیو ایم نے مسلم لیگ (ن) کی حمایت کا اعلان کیا۔