پاکستان کی سیاسی صورتحال پر اکثر وبیشتر مزاحیہ گانے بنتے رہتے ہیں اور اب ان گانوں کی فہرست میں ایک نیا گانا بھی شامل ہوگیا ہے، جسے پاناما پیپر لیکس کیس میں سابق وزیراعظم نواز شریف کے نااہل ہونے کے حوالے سے پیش کیا گیا۔
یہ گانا سوشل میڈیا پر موجود کامیڈی ویڈیوز بنانے والے ایک گروپ ‘کراچی وائنز’ نے تیار کیا، جس کے بول ہیں ’عمو ہمیں آپ پہ بھروسہ صحیح تھا‘ ہیں۔
اس گانے میں ‘عمو’ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کے لیے استعمال کیا گیا، جنہوں نے پاناما انکشافات کے بعد سابق وزیراعظم نواز شریف کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کیا تھا۔
گانے کی ویڈیو میں 8 نوجوان ایک سوئمنگ پول میں موجود ہیں اور بتا رہے ہیں کہ ’عمو ہمیں آپ پہ بھروسہ صحیح تھا، آپ کا مدعا پھر دیکھو وہی تھا، پیچھے بندہ بھی آپ کے کئی تھا‘۔
اس گانے کی شاعری گروپ کے ایک ساتھی سلمان خان نے تحریر کی۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ یہ گانا مراٹھی کے ایک ہٹ سانگ ’سونو کیا تمھیں مجھ پر اعتبار نہیں؟‘ کی پیروڈی ہے۔
برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی اردو کی رپورٹ کے مطابق ‘سونو’ کے عنوان سے بنایا جانے والا اصل مراٹھی گانا ہندوستان کی ایک ریڈیو پریزینٹر ملیش نے بنایا تھا اور پھر بعد میں اس گانے کے بہت سے ورژن بنائے گئے۔
خیال رہے کہ گزشتہ سال کی ایک پشتو فلم ‘سوداگر’ میں بھی پاناما کیس کے حوالے سے ایک گانا پیش کیا گیا تھا، یہ گانا دو ایسے پریمیوں پر مشتمل تھا جن میں سے ایک نے کسی اور کی خاطر اپنے پیار کو دھوکا دے دیا اور پاناما کیس کی طرح یہ اپنے دل کا حال بتانے کے بعد اب فیصلے کا انتظار کررہے تھے۔
علاوہ ازیں پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور گلوکار ابرار الحق نے بھی گزشتہ سال پاناما کیس پر ایک گانا ’ظالما ساڈا پیسا لوٹا دے‘ بنایا تھا، جو نور جہاں کے گانے ’ظالما کوکاکولا پلا دے‘ کی پیروڈی تھا۔
https://www.facebook.com/ImranKhanOfficial/videos/1550767401632341/