وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کے اعزاز میں گارڈ آف آنر

سابق وزیراعظم نواز شریف کی نااہلی کے بعد وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے والے شاہد خاقان عباسی کو وزیراعظم ہاؤس میں منعقد ہونے والی خصوصی تقریب میں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔

یکم اگست کو اپنے عہدے کا حلف اٹھانے والے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی پہلی بار وزیراعظم ہاؤس پہنچے تو مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے نے انہیں سلامی دی۔

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے گارڈ آف آنر کا معائنہ کیا۔

واضح رہے کہ گذشتہ ماہ جولائی کو سپریم کورٹ کی جانب سے نواز شریف کو بطور وزیراعظم نااہل قرار دیئے جانے کے بعد صدر مملکت ممنون حسین نے نئے قائد ایوان کے انتخاب کے لیے قومی اسمبلی کا اجلاس طلب کیا تھا۔

یکم اگست کو اسپیکر سردار ایاز صادق کی صدارت میں ہونے والے اجلاس میں نئے وزیراعظم کے انتخاب کے لیے ووٹنگ ہوئی جس میں مسلم لیگ (ن) کے شاہد خاقان عباسی 221 ووٹ حاصل کرکے وزیراعظم منتخب ہوئے۔

وزیراعظم منتخب ہونے کے بعد ایوانِ زیریں سے خطاب میں جماعت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ میں ‘عوام کے وزیراعظم نواز شریف’ کا شکرگزار ہوں جبکہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کا بھی شکریہ ادا کرتا ہوں جو ہمیں روز تنقید کا نشانہ بناتے ہیں’۔

یاد رہے کہ نواز شریف کے وزارت عظمیٰ کے عہدے سے مستعفی ہونے کے اگلے روز یعنی 29 جولائی کو مسلم لیگ (ن) نے اس عہدے کے لیے شہباز شریف کے نام کا اعلان کردیا تھا تاہم فوری طور پر شاہد خاقان عباسی کو عبوری وزیراعظم نامزد کیا تھا.

گذشتہ روز نو منتخب وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے اپنی کابینہ کے ارکان کے ناموں کو حتمی شکل دینے کے لیے اپنے پیش رو اور مسلم لیگ (ن) کے سربراہ نواز شریف سے مری میں ملاقات کے دوران مشاورت کی تھی۔

اجلاس کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ’ملاقات میں نواز شریف نے حکومتی پالیسیوں کو برقرار رکھنے اور جاری منصوبوں کو مزید تیزی سے مکمل کرنے کی ہدایت کی، ملاقات میں نئی کابینہ سے متعلق بھی مشاورت ہوئی، جو اگلے ایک دو دن میں حلف اٹھا لے گی’۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے