جی ٹی روڈ پر جے آئی ٹی سے پہلے جاتے تو حالات مختلف ہوتے ، مائنس ون نہیں ، مائنس سکس کے حالات ہیں . حافظ حسین احمد

جمعیت علمائے اسلام کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات وسابق پارلیمنٹرین حافظ حسین احمد نے کہاہے کہ پہلے ’’جے آئی ٹی‘‘ کا مسئلہ تھا اب’’ جی ٹی ‘‘روڈ کامسئلہ ہے اگر جے آئی ٹی کے وقت جی ٹی روڈ استعمال کرتے تو مثبت ثابت ہوسکتاتھا،پاکستان میں پہلے مائنس ون کی بات کی جاتی تھی اب لگتاہے کہ مائنس 6ہوگا ،

پرویزمشرف کی پاکستان آمد اشارہ دیتی ہے کہ الیکشن سے پہلے سلیکشن ہوسکتی ہے، بڑے میاں کا تختہ توالٹ گیا اب چھوٹے میاں کے لیے طاہر القادری آئے ہیں،بلاول بھٹو زرداری کی تقاریر سے لگتاہے کہ ایک نئے میثا ق جمہوریت کی ضرورت درپیش ہوگی ، اگرحالات مائنس6کی طرف گئے تو کل ایک ہی ٹرک پر پنجاب کے میاں اور بیوی کے میاں نظر آئیں گے،

انہوں نے مزید کہاکہ نئے وزیر اعظم کے آنے سے جمہوریت کو نقصان نہیں پہنچا البتہ میاں نوازشریف نے جو اندازاپنایا ہے وہ اپنے آپ کو مزید نقصان ضرور پہنچائیں گے ،جے آئی ٹی کو تسلیم کرکے مٹھائیاں بانٹنا ان کی غلطی تھی پہلے جے آئی ٹی کا مسئلہ تھا اب جی ٹی روڈ کامسئلہ ہے اگر جے آئی ٹی کے وقت جی ٹی روڈ استعمال کرتے تو مثبت ثابت ہوسکتاتھا اب جی ٹی روڈ استعمال کرنا آبیل مجھے مار کے مترادف ہے ،

نوازلیگ میں آج وہی لوگ ہیں جو ہرجگہ ہوتے ہیں کل مشرف کے ساتھ تھے آج نوازشریف کے ساتھ ہیں اور آنے والے وقتوں میں ان کے آشیانے تبدیل ہونے کی پیشنگوئی کی جاسکتی ہے جو نوازشریف کو ڈٹ جانے کامشورہ دیتے ہیں وہ ان کے ڈٹنے کے بعد ان کے پٹنے تک ساتھ دیں گے پٹنے کے بعد کوئی نظر نہیں آئے گا ،وزارت عظمیٰ کے ایک عہدے پر دوشریف نہیں آسکتے ،شاہد خاقان عباسی فرمانبردارانہ مسلم ہیں بڑے میاں بڑے چھوٹے میاں سبحان اللہ اگر چھوٹے میاں آئے تو بڑے میاں کے لیے مزید مشکلات پید اہوں گی کیونکہ خاندانی طورپر بھی وہ آگے اورپیچھے ہیں ،نوازشریف کی مستقل مزاجی کی داد دیتے ہیں لت جاسکتی عادت نہیں اسی طرح وہ دواداروں کے پاٹوں میں پھنسے ہیں اس لیے بچنا کوئی آسان نظر نہیں آتا ،

بڑے میاں کا تختہ توالٹ گیا اب چھوٹے میاں کے لیے طاہر القادری آئے ہیں کیونکہ اب ماڈل ٹاؤن کا معاملہ بھی آنے والاہے،انہوں نے کہاکہ جے یوآئی نے خلاف توقع میاں نوازشریف کاساتھ دیا لیکن مدعی سست گواہ چست والی بات ہوتی رہی کاش دوسری جانب سے بھی یہی جذبہ ہوتاتو یہ حالات نہ ہوتے ،ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں پہلے مائنس ون کی بات کی جاتی تھی اب لگتاہے کہ مائنس 6ہوگا ،ابتداء الطاف سے ہوئی ہے اسکور دوکو پہنچاہے اب چار یار اور چاہیے نوازشریف نے صفائی دینے کے لیے جن کو آگے رکھا ان کاصفایا ہوتاگیا ،انہوں نے کہاکہ پرویزمشرف کی پاکستان آمد اشارہ دیتی ہے کہ الیکشن سے پہلے سلیکشن ہوسکتی ہے ،

مائنس الطاف سے شروع ہواتھا کم ازکم مائنس 6تو ہوگا مائنس 6تک کچھ چیزیں فکس نظرآتی ہیں ،سیاست میں ہرایک کی عائشہ الگ ہے لیکن جس نہج پر حالات جارہے ہیں وہ دونوں فریقین خود کش اندازاپنائے ہوئے ہیں اس لیے کسی اورنقصان ہویا نہ ہو لیکن خود کش کرنے والوں کو پہلے خود نقصان اٹھانا پڑے گا ،اب احتساب کا عمل متعدی صورت اختیار کرگیاہے ایک کے بعد دوسرا اور دوسرے کے بعد تیسرا اس کی زد میں آئے گا،

عائشہ گلا لئی کو جماعت اسلامی کی جانب سے پارٹی میں شمولیت کی دعوت دینے کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی والے شریف لوگ ہیں مگر شریفوں کے ساتھ نہیں لیکن وہ چاہتے ہیں کہ گھر کی بات گھر میں رہے کیونکہ جماعت اسلامی کے پی کے میں تحریک انصاف کی اتحادی ہے البتہ سراج الحق نے عائشہ گلالئی کو پارٹی میں دعوت دینے والی بات کی تردید کردی ہے ،

انہوں نے کہاکہ بلاول بھٹو زرداری کی تقاریر سے لگتاہے کہ ایک نئے میثا ق جمہوریت کی ضرورت درپیش ہوگی کیونکہ اگر مائنس6کی طرف حالات چلے جائیں گے تو کل ایک ہی ٹرک پر پنجاب کے میاں اور بی بی کے میاں نظر آئیں گے ،ابھی تک انداز معا ندانہ ہے کل یہ انداز مفاہمانہ ہوسکتاہے کیونکہ 63,62جیسی چیزوں کے خاتمے کے لیے میثاق عداوت کو میثا ق جمہوریت میں تبدیل کریں گے ، اب اقامے والوں کی تعداد دونوں طرف سے بڑھ رہی ہے دبئی ویسے تو چھوٹا ملک ہے لیکن اس کے ملازم بڑے بڑے لوگ ہیں ،

وزیر اعظم کے انتخابات میں عمران خان کی جانب سے شیخ رشید کی نامزدگی پر حافظ حسین احمد نے کہاکہ شیخ رشید کی نامزدگی کااعلان ہی عمران خان کا بہت بڑا احسان ہے ،شیخ رشید کو ووٹ دے کر عمران خان ان پر مزید احسان کرنا نہیں چاہتے تھے ،کیونکہ انہوں نے ایک بار خود کہاتھاکہ وہ شیخ رشید کو اپنا چپڑاسی بھی نہیں بنائیں گے لیکن آج حالات نے انہیں وزیراعظم نامزد کرادیا انہوں نے آنے والے کل کے حوالے سے تیاری کی ہے ،انہوں نے مزید کہاکہ ایم ایم اے کی بحالی کی ضرورت بڑھتی جارہی ہے اوریہ تب ہی ممکن ہوسکتاہے جب جے یوآئی مسلم لیگ اور جماعت اسلامی تحریک انصاف سے فاصلے بڑھائیں گی توتب آپس کے فاصلے کم ہوں گے ۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے