ایم کیوایم پاکستان کی اے پی سی؛کئی سیاسی جماعتوں کا شرکت سے انکار

بڑی سیاسی جماعتوں پیپلزپارٹی، پاکستان تحریک انصاف، جماعت اسلامی، عوامی نیشنل پارٹی، جے یو آئی (ف) نے ایم کیوایم پاکستان کی آل پارٹیز کانفرنس(اے پی سی )میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق اے پی سی میں شرکت نہ کرنے والی جماعتوں کا کہنا ہےکہ ایم کیوایم پاکستان کی جانب سے کانفرنس کا ایجنڈا سامنے نہیں آیا جس کے باعث کانفرنس میں شرکت نہیں کررہے۔

مسلم لیگ کے دھڑے، فنکشنل لیگ اور سندھ کی قوم پرست جماعتیں بھی کل جماعتی کانفرنس میں شرکت نہیں کررہی ہیں۔

تحریک انصاف کے رہنما خرم شیر زمان کا کہنا تھا کہ ایم کیوایم پاکستان کی کل جماعتی کانفرنس میں شرکت نہیں کریں گے۔

مسلم لیگ (ن) نے ایم کیوایم کی کل جماعتی کانفرنس میں شرکت کا اعلان کیا ہے۔

گورنر سندھ محمد زبیر کا کہنا ہے کہ آج ایم کیوایم کے لیے اہم دن ہے، ان کی کوششوں کو سراہنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ 22 اگست کراچی اور پاکستان کے لیے خراب دن تھا جس کے بعد ایم کیوایم کو نئے سفر پر خوش آمدید کہتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ کراچی کے لیے مثبت ہے، ہمیں ایم کیوایم کو سپورٹ کرنا چاہیے اور اس پر سیاست نہیں کرنا چاہیے۔

متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما فیصل سبزواری نے میڈیا سے گفتگو میں کہا ہے کہ ایم کیوایم نےملکی مسائل پر بحث کی ایک سنجیدہ کوشش کی،اگر کوئی جماعت اے پی سی میں نہیں آرہی تویہ ان کا حق ہے،آج نہیں تو کل کسی فورم پر ضرور مل کے بیٹھیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ سیاست میں دروازے بند نہیں کیے جاتے،ایک ایک پارٹی کے دفتر گئے،ایم کیوایم پاکستان کی سالمیت کیخلاف سازشوں پر بات کرنا چاہتی ہے،کوئی جماعت نہ آئےتو یہ اس کا فیصلہ ہے۔

ایم کیوایم پاکستان کا کہنا ہےکہ یہ کانفرنس ان کی طرف سے پاکستان کے مختلف سیاسی معاملات پر ایک کوشش تھی، اس میں شرکت نہ کرنا ان جماعتوں کا حق ہے لیکن اپنی کوشش جاری رکھیں گے۔

گزشتہ روز ایم کیو ایم کے وفود نے سیاسی جماعتوں کو آج ہونے والی اے پی سی میں شرکت کی دعوت دی تھی۔پاک سرزمین پارٹی اور ایم کیو ایم حقیقی سمیت بیشتر جماعتوں نے اے پی سی میں شرکت کی دعوت قبول کی۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے