پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کہتے ہیں کہ این اے 120 میں آخری گیند تک مقابلہ کریں گے،یہ الیکشن پاکستان کی تاریخ کے لیے بہت اہم ہے۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ پاکستانیوں کا پیسہ چرا کر باہر لے جایا گیا،اگر چوری بری بات نہیں تو جیلوں میں بند قیدیوں کا کیا قصور ہے؟ اربوں روپے کی چوری کرکے ملک سے باہربھیجا گیا،نوازشریف پوچھتے ہیں کہ انہیں کیوں نکالا گیا، نواز شریف کو کرپشن پر نااہل کیاگیا، انہیں اسی لیے نکالا گیا کہ انہوں نے چوری کی، جھوٹ بولا، جعلی دستاویزات عدالت میں جمع کرائیں۔
عمران خان نے کہا کہ آج سارا دن ہم نےاین اے 120 کے الیکشن کے لیے تیاری کی ہے، یہ فیصلہ کن الیکشن ہوگا،جو پاکستان کی تاریخ میں بہت اہم ہے، اس حلقے کے عوام کے لیے یہ بہت بڑا امتحان ہے کہ وہ کس طرح کا پاکستان چاہتےہیں، یہاں کے عوام کیا چاہتے ہیں کہ حکمران آئیں، پیسا لوٹیں ،باہربھیج دیں یا قانون سب کے لیے یکساں ہو۔
انہوں نے کہا کہ نوازشریف کوسوا سال دیا گیا کہ اپنے آپ کوبے گناہ ثابت کریں،وہ عدالتوں کا فیصلہ نہیں مانتے تو جیلوں میں موجود لوگ عدالتوں کا فیصلہ کیوں مانیں؟ان کی فیملی کی طرف سے جمع کرائے گئے ثبوت جعلی اورجھوٹے نکلے،اگرکسی مجرم کا ٹرائل ہوگا توملک کو کیا نقصان ہوگا؟