بھارت پاکستان میں انتشار پیدا کرنا چاہتا ہے، وزیرداخلہ

وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا کہ کلبھوشن کے مقدمے کی مؤثر انداز میں پیروی کررہے ہیں کیونکہ یہ ثبوت ہےکہ ہمسایہ ملک ہمارے ملک میں تخریب کاری کے ذریعے انتشار پیدا کرنا چاہتا ہے اور اس کا مقصد سی پیک سبوتاژ کرنا ہے۔

کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئےوفاقی وزیرداخلہ احسن اقبال کا کہنا ہے کہ خواجہ اظہار پر حملے کی تفتیش میں سامنے آنے والے گروپ کے خلاف کریک ڈاؤن کیا ہے، چند مفرور لوگوں کو بھی پکڑلیں گے اورجلد اِس گروپ کے خاتمے کی خوش خبری سنائیں گے ۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ تخریب کاری کے لیے نوجوانوں کا دشمن کے ہاتھ چڑھ جانا کسی بھی ملک کے لیے خطرناک ہے، یہ افسوسناک ہے کہ پڑھے لکھے نوجوان گمراہ کن خیالات کی طرف راغب ہوجائیں، اس معاملے پر میڈیا سے درخواست کروں گا کہ نوجوانوں میں اس بات شعور بیدار کریں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تمام سول آرمز فورسز کو سلام پیش کرتا ہوں، ہم نے دہشت گردی کے خلاف جو کامیابیاں حاصل کی ہیں انہیں مستحکم کرنا ہے۔

ایک سوال کے جواب میں احسن اقبال نے کہا کہ چوہدری نثار نے جہاں کام چھوڑا ہم وہیں سے لے کر چلیں گے، ان کی پالیسی کو مزید بہتر کرنا نقطہ نظر ہونا چاہیے کیونکہ چوہدری نثار بھی ن لیگ اور نواز شریف حکومت کی پالیسی پر عملدرآمد کررہے تھے، ملک میں حکومت تبدیل نہیں ہوئی اس لیے پالیسی جو ہماری حکومت کی تھی اسے ہی آگے لے کر چلیں گے۔

احسن اقبال نے کہا کہ سی پیک پاکستانی قوم کا منصوبہ ہے، یہ چین اور پاکستان کی لازوال دوستی کا نتیجہ ہے اسے کوئی واپس نہیں کرسکتا اور یہ ہر حال میں کامیاب ہوگا، اس حوالے سے غلط فہمیاں نہ پھیلائی جائیں۔

انہوں نے کہا کہ چین نے پاکستان کا ہر مشکل وقت میں ساتھ دیا، جب کوئی 10 ڈالر لگانے کو تیار نہیں تھا، تو چین نے دنیا کو 46 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا پیغام دیا جس نے پاکستان کی حیثیت کو بدل دیا، اس کا مقصد پاکستان کو بزنس کو نقصان پہنچانا نہیں بلکہ اسے مضبوط کرنا ہے۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ ٹرمپ کی تقریر پر چین نے فوری طور پر پاکستان کا مقدمہ پیش کیا، روس اور یورپی یونین نے بھی ہمارے کردار کو سراہا جب کہ امریکا کے اندر خود ٹرمپ کی پالیسی پر تجزیئے ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں پاکستان اور اداروں میں اعتماد بحال کرنا ہے، پاکستان کی سول حکومت اور عسکری ادارے مل کر آپریشن ردالفساد کو کامیاب کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری فورسز لائن آف کنٹرول پر بھارت کی اشتعال انگیزی کا مؤثر جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے