سابق وزیراعظم نوازشریف کا لندن سے فوری وطن واپسی کا فیصلہ

لندن: سابق وزیراعظم نواز شریف نے فوری طور پر وطن واپس آنے کا فیصلہ کیا ہے۔
میڈیا کے مطابق اپنی اہلیہ کی تیمارداری کے لیے لندن میں موجود سابق وزیراعظم نواز شریف نے وطن واپسی کا فیصلہ کرلیا ہے اور وہ پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن کی پرواز پی کے 786 کے ذریعے کل صبح 8 بجے اسلام آباد پہنچیں گے۔ سینیٹر مشاہد اللہ خان نے بھی اس بات کی تصدیق کی ہے کہ نوازشریف وطن واپس آرہے ہیں جبکہ وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی بھی وطن واپسی ہورہی ہے۔
سینیٹر مشاہد اللہ کے مطابق نواز شریف لندن سے اسلام آباد پہنچیں گے جہاں وہ چند روز قیام کریں گے اور پاکستان میں ان کی مصروفیات سے متعلق بعد میں آگاہ کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق نواز شریف نے اپنے بھائی شہباز شریف اور پارٹی کے دیگر اہم رہنماؤں سے ملاقات کے بعد وطن واپسی کا فیصلہ کیا ہے۔ وہ 31 اگست کو لندن پہنچے تھے جہاں ان کی اہلیہ بیگم کلثوم نواز کا علاج جاری ہے۔ نواز شریف نے عید الاضحیٰ بھی لندن میں ہی منائی تھی اور ان کی نااہلی کے بعد خالی ہونے والی نشست این اے 120 کے ضمنی انتخاب کے دوران بھی وہ لندن میں ہی موجود تھے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے