نواز شریف کی آج لندن روانگی کا امکان

احستاب عدالت میں اپنے خلاف دائر ریفرنسز میں پیشی کے لیے گذشتہ دنوں وطن واپس لوٹنے والے برطرف وزیراعظم نواز شریف آج ممکنہ طور پر لندن واپس روانہ ہوسکتے ہیں۔

میڈیا سے بات چیت میں پاکستان مسلم لیگ (نواز) کے ایک رہنما کا کہنا تھا کہ ’اپنی بیمار اہلیہ کی تیمارداری کے لیے میاں صاحب نے جمعرات (28 ستمبر) کے روز لندن کے لیے روانہ ہونے کا ارادہ کیا ہے‘۔

لیگی رہنما کے مطابق نواز شریف نے کلثوم نواز کی خیریت دریافت کرنے کے لیے لندن ٹیلی فون کال بھی کی۔

انہوں نے مزید بتایا کہ ’نواز شریف اسلام آباد کی احتساب عدالت میں ٹرائل کے لیے 2 اکتوبر سے پہلے واپس وطن آجائیں گے‘۔

یاد رہے کہ گذشتہ روز نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا تھا کہ ان کی والدہ کی طبعیت گزشتہ رات دوبارہ خراب ہوئی، جس کے بعد انہیں ہسپتال لے جایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے کلثوم نواز کا طبی معائنہ کیا۔

مریم نواز نے اپنی ٹوئیٹ میں عوام سے کلثوم نواز کی صحت یابی کے لیے دعا کی اپیل کرتے ہوئے کہا تھا کہ ڈاکٹر ان کی صحت کی بحالی کے لیے کوششوں میں مصروف ہیں۔

خیال رہے کہ گذشتہ ماہ نواز شریف کی اہلیہ لیمفوما کی تشخیص کے بعد علاج کے لیے لندن روانہ ہوئی تھیں۔

بیمار والدہ کی تیمارداری کے لیے بیٹی مریم نواز اور بیٹے حسین اور حسن نواز لندن میں ہی موجود ہیں۔

حال ہی میں این اے 120 کے ضمنی انتخاب میں کامیابی حاصل کرنے والی کلثوم نواز کو 23 ستمبر کو تیسری سرجری کے بعد لندن کے ہسپتال سے ڈسچارج کردیا گیا تھا۔

یہ اعلان نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ کے ذریعے کیا تھا۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے