[pullquote]تہران کے ساتھ جوہری ڈیل: ایرانی اور یورپی وزرائے خارجہ کی ملاقات[/pullquote]
یورپ اور ایران کے نمائندے تہران کے ساتھ طے پانے والی جوہری ڈیل پر عملدرآمد جاری رکھنے کے حوالے سے آج بروز جمعرات برسلز میں ایک اہم ملاقات کر رہے ہیں۔ اس ملاقات میں جرمنی، برطانیہ، فرانس اور ایران کے وزرائے خارجہ سن دو ہزار پندرہ میں طے پانے والی تاریخی جوہری ڈیل کے مستقبل پر گفتگو کریں گے۔ امریکا کی اس ڈیل سے ممکنہ دستبرداری کی وجہ سے عالمی سطح پر تحفظات پائے جا رہے ہیں۔ اس ڈیل کے تحت ایران نے اپنی جوہری سرگرمیوں کو محدود کیا ہے جبکہ اس کے بدلے تہران پر عائد اقتصادی پابندیوں کو نرم کیا گیا ہے۔
[pullquote]افغانستان، گلبدین حکمت یار کے پچھتر ساتھی رہا کر دیے گئے[/pullquote]
افغان صدر اشرف غنی نےایسے پچھتر قیدیوں کو معافی دے دی ہے جو ماضی کے افغان جنگجو کمانڈر اور سابق افغان وزیراعظم گلبدین حکمت یار کے وفاداروں میں سے تھے۔ حکمت یار اور کابل حکومت کے مابین سن 2016 میں ایک امن معاہدہ طے پایا تھا۔ اس معاہدے کے تحت گلبدین حکمت یار اور اُن کے ساتھیوں کو ماضی کے تمام جرائم پر معافی دے دی گئی تھی اور اُن کے سیاسی حقوق بھی بحال کر دیے گئے تھے۔ مشرقی کابل میں واقع پل ِ چرخی جیل کے پریس افسر شاہ میر امیر پور کا کہنا ہے کہ ان پچھتر افراد کو صدر اشرف غنی کے حکم کی روشنی میں جمعرات کے روز رہا کیا گیا ہے۔
[pullquote]پیرس میں ڈاکہ، کئی ملین یورو کے زیورات چوری[/pullquote]
فرانسیسی دارالحکومت پیرس میں پانچ ڈاکوؤں نے ایک بڑی واردات کرتے ہوئے کئی ملین ڈالر کے زیورات چوری کر لیے۔ پولیس نے بتایا کہ پیرس کے مشہور رِٹس ہوٹل میں واقع کئی دوکانوں کے شیشے توڑتے ہوئے ان ڈاکوؤں نے یہ زیورات چرائے۔ مقامی میڈیا کے مطابق تین مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق بدھ کی رات اس واردات کے بعد جب یہ ڈاکو فرار ہونے کی کوشش میں تھے، تو ان میں سے تین پکڑ لیے گئے۔
[pullquote]شام میں روسی فوجی اڈوں پر ڈرون حملوں کی تحقیقات کر رہے ہیں، روس[/pullquote]
روسی وزارت دفاع نے کہا ہے کہ ماسکو حکومت اس بات کی تحقیق کر رہی ہے کہ شام میں واقع روسی فوجی اڈوں پر حال ہی میں ہوئے ڈرون حملوں میں کس ملک کا بنا بارودی مواد استعمال کیا گیا تھا۔ یہ خبر روسی خبرساں ادارے ریا نے ملکی وزارتِ دفاع کے حوالے سے بتائی ہے۔ رِیا نے روسی میجر جنرل الیگزینڈر نوویکوف کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا ہے کہ جس بارودی مواد کے بارے میں چھان بین کی جا رہی ہے وہ یوکرائن سمیت کئی ممالک میں تیار کیا جاتا ہے۔
[pullquote]جنوبی سوڈان، باغی فورسز کے حملے میں سات افراد ہلاک[/pullquote]
جنوبی سوڈان میں ایک مقامی اہلکار کا کہنا ہے کہ باغی فورسز نے صدر سَلواکیر کی آبائی ریاست کے ایک نواحی گاؤں میں حملہ کیا ہے۔ حملے کے نتیجے میں سات افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ باغی فورسز کا یہ گروہ مشتبہ طور پر جنوبی سوڈان کے سابق آرمی چیف کا وفادار ہے۔ علاقے کے مقامی کمشنر پاؤل مالونگ اَوان کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں چار پولیس اہلکار اور تین شہری شامل ہیں۔ سن دو ہزار تیرہ سے اس ملک میں جاری اقتدار کی جنگ ایک مسلح تنازعے میں تبدیل ہو گئی تھی۔ اس لڑائی میں اب تک ہزاروں افراد مارے جا چکے ہیں۔
[pullquote]فرانسیسی صدر کا دورہ چین مکمل[/pullquote]
فرانسیسی صدر ایمانوئل ماکروں نے کہا ہے کہ ان کے چینی ہم منصب شی جن پنگ نے یقین دہانی کرا دی ہے کہ ان کا ملک 184 ایئر بس A320 طیارے خریدے گا۔ ماکروں نے مزید کہا کہ اس حوالے سے ایک حتمی معاہدہ جلد ہی طے پا جائے گا۔ اپنے دورہ چین کے دوران ماکروں نے چینی قیادت کے ساتھ ملاقاتوں میں دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید بہتر بنانے کے لیے بھی مذاکرات کیے۔ فرانسیسی میڈیا کے مطابق چین کی انیس مختلف ایئر لائنز کو یہ طیارے 2019 سے 2020 تک فراہم کر دیے جائیں گے۔
[pullquote]ادلب میں کارروائی دہشت گردوں کے خلاف ہے، شامی حکومت[/pullquote]
شامی حکومت نے فرانسیسی تنقید کو مسترد کرتے ہوئے اِدلِب میں فوجی کارروائی کا دفاع کیا ہے۔ شام کا کہنا ہے کہ ملکی فوج باغیوں کے زیر قبضہ علاقوں میں دہشت گردوں کو نشانہ بنا رہی ہے۔ شامی حکام کے مطابق اِدلب میں فوجی کارروائی میں کمی کے معاہدے میں یہ شِق شامل نہیں کہ جنگجوؤں کو بھی نشانہ نہ بنایا جائے۔ بدھ کے دن ہی فرانس نے اِدلب میں شامی فوج کی کارروائیوں پر تحفظات کا اظہار کیا تھا۔ ادھر ترکی نے بھی روس سے کہا ہے کہ وہ اِدلب میں شامی عسکری کارروائی کو رکوانے کی کوشش کرے۔
[pullquote]ہنگری میں پارلیمانی الیکشن آٹھ اپریل کو ہوں گے[/pullquote]
ہنگری کے صدر نے اعلان کر دیا ہے کہ ملک میں پارلیمانی انتخابات آٹھ اپریل کو منعقد کیے جائیں گے۔ عوامی جائزوں کے مطابق وزیر اعظم وکٹور اوربان کی سیاسی پارٹی فیدس کو اپنی مرکزی اپوزیشن پارٹی پر برتری حاصل ہے۔ اوربان کی سیاسی پارٹی مہاجرت مخالف بیانیے کو فروغ دیتے ہوئے عوامی حمایت حاصل کرنے میں کامیاب ہوئی ہے۔ یورپی یونین ہنگری کی موجود حکومتی پالیسیوں پر تحفظات کا اظہار بھی کرتی ہے۔
[pullquote]چینی وزیر اعظم کا دورہ کمبوڈیا[/pullquote]
چینی وزیر اعظم لی کیچیانگ آج بروز جمعرات کمبوڈیا کا دورہ کر رہے ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ اس دوران وہ کمبوڈیا کے وزیر اعظم ہن سین سے ملاقات میں دونوں ممالک کے باہمی تعلقات کو بہتر بنانے پر زور دیں گے۔ اس ایک روزہ دورے کے دوران لی کمبوڈیا کے لیے ایک مالیاتی پیکج کا اعلان بھی کریں گے، جس کے تحت دو ہسپتالوں کی تعمیر اور مشہور سیاحتی مقام سیم رِیپ کے بین الاقوامی ہوائی اڈے میں توسیع کی جائے گی۔ چین کمبوڈیا کا ایک اہم دوست ملک قرار دیا جاتا ہے۔
[pullquote]خوراک کی قیمتوں میں کمی ہوئی، FOA[/pullquote]
اقوام متحدہ کی فوڈ ایجنسی نے جمعرات کے روز بتایا ہے کہ گزشتہ برس نومبر کے مقابلے میں دسمبر کے مہینے میں خوراک کی قمیتوں میں کمی واقع ہوئی۔ نوٹ کیا گیا ہے کہ عالمی سطح پر دودھ کی مصنوعات، سبزیوں اور دیگر کئی اشیائے خوراک کی قیمتوں میں 3.3 فیصد کمی ہوئی۔ فوڈ اینڈ ایگریکلچرل آرگنائزیشن (FOA) ہر ماہ ایک فہرست جاری کرتی ہے، جس میں اہم اشیائے خوردونوش کی قمیتوں میں اتار چڑھاؤ کا جائزہ لیا جاتا ہے۔
[pullquote]گوٹیرش کولمبیا کا دورہ کریں گے[/pullquote]
اقوام متحدہ کے سربراہ انٹونیو گوٹیرش آئندہ ہفتے کولمبیا کا دورہ کریں گے، جہاں وہ ملکی صدر خوآن مانوئل سانتوس سے ملاقات میں فارک باغیوں کے ساتھ امن ڈیل کے حوالے سے بات چیت کریں گے۔ کولمبیا میں فارک باغی تحریک کے مکمل خاتمے کی خاطر بوگوٹا حکومت آخری فعال باغی گروہ ’نیشنل لبریشن آرمی‘ سے مذاکرات کر رہی ہے۔ یہ باغی گروہ اب تک کسی امن ڈیل کا حصہ بننے سے انکار کر رہا ہے تاہم توقع ہے کہ جلد ہی کوئی مثبت پیش رفت ہو سکتی ہے۔
[pullquote]عوامی امنگوں کا احترام کیا جائے، جنوبی یورپی ممالک[/pullquote]
جنوبی یورپ کے سات ممالک کے رہنماؤں نے زور دیا ہے کہ یورپی یونین کے مستقبل کی حکمت عملی بناتے ہوئے عوامی امنگوں کا احترام کیا جائے۔ بدھ کی شام روم میں اپنی ایک ملاقات میں ان رہنماؤں نے کئی دیگر اہم معاملات کے علاوہ مہاجرین کے بحران پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ قبرص، فرانس، یونان، اٹلی، مالٹا، پرتگال اور اسپین کے رہنماؤں کی اس ملاقات میں یورو زون کے مستقبل، پائیدار ترقی، بے روزگاری کی شرح میں کمی کی کوشش اور سرمایہ کاری میں بہتری کے حوالے سے بھی بات چیت کی گئی۔ اس ملاقات کا مقصد رواں برس یورپی یونین سمٹ سے قبل ایک متقفہ حکمت عملی تیار کرنا تھا۔
[pullquote]بریگزٹ مذاکرات میں یورپی بلاک متحد رہے، جرمنی[/pullquote]
جرمن چانسلر انگیلا میرکل کے ترجمان اشٹیفان زائبرٹ نے کہا ہے کہ برلن کی کوشش ہو گی کہ بریگزٹ مذاکرات کی خاطر ستائیس رکن ممالک متقفہ موقف اختیار کریں۔ اس بیان کو لندن حکومت کے لیے پریشانی کا باعث قرار دیا جا رہا ہے کیونکہ برطانیہ امید کرتا ہے کہ یورپی یونین سے الگ ہونے کے بعد برطانوی مالیاتی سروسز کو رعایت دی جائے گی۔ زائبرٹ کا یہ بیان بریگزٹ کے برطانوی وزیر ڈیوڈ ڈیوس اور وزیر خزانہ فیلپ ہیمنڈ کے اس بیان کے بعد سامنے آیا ہے، جس میں انہوں نے مشترکہ طور پر کہا تھا کہ بریگزٹ کے بعد برطانیہ اور یورپی یونین کو آپس میں زیادہ سے زیادہ اقتصادی تعاون کرنا چاہیے۔
[pullquote]میانمار میں روہنگیا باشندوں کا قتل، ’فوجی اعتراف محض آغاز‘[/pullquote]
انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں ایمنسٹی انٹرنیشنل اور ہیومن رائٹس واچ کے مطابق میانمار میں سکیورٹی دستوں کے ہاتھوں دس روہنگیا باشندوں کے قتل کا اعتراف سچائی کا محض ایک حصہ اور ریاست راکھین میں اس مسلم اقلیت کے خلاف سرکاری فورسز کی پرتشددکارروائیوں کی ایک ’چھوٹی سی مثال‘ ہے۔ یہ واقعہ گزشتہ برس سمتبر کی دو تاریخ کو پیش آیا تھا، جس میں میانمار حکومت کے مطابق کچھ سکیورٹی اہلکاروں نے مقامی بودھ بھکشوؤں کے ساتھ مل کر دس روہنگیا مسلمانوں کو قتل کر دیا تھا۔ انسانی حقوق کی تنظیموں کا کہنا ہے کہ روہنگیا باشندوں کے خلاف حکومتی کریک ڈاؤن کی بابت بین الاقوامی تحقیقات کی جانا چاہییں۔
[pullquote]تیونس میں حکومت مخالف مظاہرے تیسرے دن بھی جاری[/pullquote]
تیونس میں بچتی اقدامات اور قیمتوں میں اضافے کی وجہ سے حکومت مخالف مظاہروں کا سلسلہ بدستور تیسرے دن بھی جاری رہا۔ ملکی وزارت داخلہ نے بتایا ہے کہ پرتشدد کارروائیوں کو روکنے کی خاطر دو سو افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے جبکہ پچاس سکیورٹی اہلکار زخمی بھی ہوئے ہیں۔ مقامی میڈیا کے مطابق ملک کے دارالحکومت کے علاوہ بیس دیگر شہروں میں بھی مظاہرے جاری ہیں۔ مظاہرین کا کہنا ہے کہ حکومت کے بچتی اقدامات کے خاتمے تک مظاہروں کا سلسلہ جاری رہے گا۔
[pullquote]سیلاب، کیلی فورنیا میں ہلاکتوں کی تعداد سترہ ہو گئی[/pullquote]
امریکی ریاست کیلی فورنیا میں شدید بارشوں کے بعد سیلاب اور مڈ سلائیڈز کے نتیجے میں ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد اب سترہ ہو گئی ہے۔ حکام نے بتایا کہ لاپتہ افراد کی تلاش جاری ہے، جس کے لیے سدھائے ہوئے کتے، ہیلی کاپٹرز اور ماہر عملہ مصروف عمل ہیں۔ سانتا باربرا کاؤنٹی کے حکام نے بتایا کہ زیادہ تر ہلاکتیں مونٹی سیٹو نامی قصبے میں ہوئیں، جو سیلاب سے سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ پچاس افراد کو بچا لیا گیا جبکہ تین سو افراد ابھی تک لاپتہ ہیں۔
[pullquote]ایردوآن میرکل سے ملاقات کرنا چاہیں گے، ترک وزیر[/pullquote]
ترک صدر رجب طیب ایردوآن انقرہ اور برلن کے مابین موجودہ کشیدگی کے خاتمے کے لیے اب چانسلر انگیلا میرکل سے ذاتی ملاقات کے خواہش مند ہیں۔ ترک وزیر خارجہ مولود چاوُش اولو نے کہا ہے کہ جرمنی میں نئی مخلوط حکومت کے قیام کے بعد ترک صدر ایردوآن چاہیں گے کہ وہ چانسلر میرکل کو ترکی کے دورے کی دعوت دیں یا خود جرمنی کا دورہ کریں۔ انقرہ اور برلن کے دوطرفہ تعلقات میں ابھی چند روز قبل ہی کچھ برف اس وقت پگھلی تھی جب ترک وزیر خارجہ چاوُش اولو نے جرمنی کا دورہ کیا تھا اور اس دوران اپنے جرمن ہم منصب زیگمار گابریئل کے ساتھ ملاقات بھی کی تھی۔
[pullquote]کریم اور اوبرکا سعودی عرب میں خواتین ڈرائیورز بھرتی کرنے کا آغاز[/pullquote]
آن لائن سفری سہولیات فراہم کرنے والی عالمی کمپنیوں ’کریم‘ اور ’اوبر‘ نے سعودی عرب میں خواتین ڈرائیورز کو بھرتی کرنے کا آغاز کردیا۔دونوں کمپنیوں نے خواتین ڈرائیورز کو بھرتی کرنے کے پروگرام کا آغاز سعودی عرب کی حکومت کی جانب سے خواتین کو ڈرائیونگ کی اجازت دینے کےفیصلے کے بعد کیا۔ سعودی حکومت نے گزشتہ برس ستمبر میں پہلی بار خواتین کو ڈرائیونگ کی اجازت دی تھی۔حکومتی منصوبے کے تحت جون 2018 تک خواتین کو ڈرائیونگ لائسنس جاری کردیے جائیں گے، جس کے بعد وہ گاڑیاں چلا سکیں گی۔
[pullquote]امریکی عوام اوپرا ونفرے کو اگلا امریکی صدر دیکھنے کے خواہاں[/pullquote]
2 دن قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ اگر اداکارہ اوپرا ونفرے نے آئندہ امریکی صدارتی انتخابات میں حصہ لیا تو وہ انہیں آسانی سے شکست دے دیں گے۔ تاہم ایک حالیہ امریکی سروے سے پتہ چلا ہے کہ زیادہ تر امریکی عوام 64 سالہ اوپرا ونفرے کو امریکی صدر دیکھنے کے خواہاں ہیں۔ سروے کے مطابق اگر آج امریکی انتخابات کرائے جائیں تو مجموعی طور پر 48 فیصد امریکی عوام اوپرا ونفرے کو ووٹ دیں گے، جب کہ ان کے مقابلے محض 38 فیصد امریکی ڈونلڈ ٹرمپ کو دوبارہ ووٹ دیں گے۔ گزشتہ ہفتے کیلیفورنیا میں ہونے والی ’گولڈن گلوب ایوارڈز‘ میں اداکارہ اوپرا ونفرے نے خواتین کے حقوق و عورتوں کو جنسی طور پر ہراساں کیے جانے کے خلاف شاندار تقریر کی تھی، جس کے بعد یہ چہ مگوئیاں کی جانے لگیں کہ وہ آٗئندہ امریکی صدارتی انتخابات میں حصہ لیں گی۔