[pullquote]ایتھوپیا میں ایک ہزار سے زائد افراد گرفتار[/pullquote]
ایتھوپیا میں گزشتہ ماہ ہنگامی حالت کے نفاذ کے بعد ایک ہزار ایک سو افراد کو حراست میں لیا جا چکا ہے۔ وزیر اعظم ہائلے مریم دیسالین نے دو سال تک جاری رہنے والے حکومت مخالف مظاہروں کے نتیجے میں پندرہ فروری کو استعفیٰ دے دیا تھا، جس کے بعد ملک میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی تھی۔ بتایا گیا ہے کہ پولیس نے ایمرجنسی قوانین کی خلاف ورزی اور دیگر جرائم کے شبے میں ان مشتبہ افراد کو گرفتار کیا ہے۔ اس افریقی ملک میں سیاسی بحران کی وجہ سے عدم استحکام کا خطرہ پیدا ہو چکا ہے۔
[pullquote]سیرا لیون میں صدارتی انتخابات[/pullquote]
سیرا لیون میں ہفتے کے دن صدارتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کی ووٹنگ منعقد کی گئی۔ اس الیکشن میں اپوزیشن پارٹی کے امیدوار جیولیس ماڈا باؤ اور حکمران پارٹی کے امیدوار سامورا کوروما کے مابین سخت مقابلے کی توقع کی جا رہی ہے۔ سات مارچ کو ہوئے پہلے مرحلے میں پیپلز پارٹی کے امیدوار باؤ کو 43.3 فیصد جبکہ حکمران آل پیپلز کانگریس کے امیدوار کوروما کو 42.7 فیصد ووٹ ملے تھے۔ باؤ نے بدعنوانی کے خاتمے اور مفت تعلیم فراہم کرنے کا عہد کر رکھا ہے جبکہ کوروما نے اقتصادی پالیسیوں کے تسلسل کا نعرہ بلند کیا ہے۔
[pullquote]نائجیریا میں بچیوں کا خود کش حملہ، دو افراد ہلاک[/pullquote]
نائجیریا میں چار ٹین ایجر خود کش بمبار لڑکیوں کی ایک کارروائی کے نتیجے میں کم ازکم دو افراد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہو گئے ہیں۔ حکام نے ہفتے کے دن بتایا کہ مبینہ طور پر بوکو حرام کی جنگجوؤں نے یہ دوہرے حملے جمعے کو رات گئے بورنو ریاست کے دارالحکومت میدوگوری میں کیے۔ حملہ آور لڑکیوں کی عمریں تیرہ اور اٹھارہ برس کے درمیان بتائی گئی ہیں۔ یہ تازہ پرتشدد کارروائی ایک ایسے وقت پر ہوئی ہے، جب ابوجہ حکومت نے بوکو حرام کے ساتھ جنگ بندی مذاکرات شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔
[pullquote]مظاہرین کی ہلاکت پر فلسطین میں یوم سوگ[/pullquote]
غزہ پٹی میں اسرائیلی فورسز کی کارروائی کے نتیجے میں سولہ فلسطینیوں کی ہلاکت پر فلسطینی اتھارٹی نے ایک روزہ سوگ کا اعلان کر دیا ہے۔ جمعے کے دن یہ ہلاکتیں مظاہرین اور اسرائیلی فورسز کے مابین تصادم کے نتیجے میں ہوئی تھیں۔ فلسطینی صدر محمود عباس نے اس تشدد کی ذمہ داری اسرائیل پر عائد کی ہے۔ ادھر اسرائیلی فورسز نے الزام عائد کیا ہے کہ حماس کے زیر کنٹرول غزہ میں اس جنگجو تنظیم نے دانستہ طور پر اشتعال انگیزی کا مظاہرہ کیا۔ بیان کے مطابق ان مظاہروں کے دوران حماس ہی کی وجہ سے جھڑپیں شروع ہوئیں۔ دوسری طرف اقوام متحدہ نے مطالبہ کیا ہے کہ غزہ میں ہونے والی ان ہلاکتوں کی آزادانہ اور غیر جانبدر انکوائری کرائی جائے۔
[pullquote]حوثی باغیوں کا سعودی عرب پر نیا میزائل حملہ ناکام بنا دیا گیا[/pullquote]
سعودی افواج نے یمن سے حوثی باغیوں کی جانب سے داغا جانے والا ایک میزائل فضا میں ہی تباہ کر دیا۔ العربیہ ٹیلی وژن کے مطابق یہ میزائل حملہ جنوبی شہر نجران کے قریب کیا گیا۔ اس بارے میں مزید کوئی تفصیلات نہیں بتائی گئیں۔ اس سے قبل یمن میں حوثی باغیوں کے خبر رساں ادارے صبا نیوز نے بتایا تھا کہ باغیوں کی جانب سے سعودی نیشنل گارڈز کی نجران چھاؤنی پر داغے جانے والے اس میزائل نے دشمن کو کافی جانی اور مالی نقصان پہنچایا۔ رواں ہفتے ستائیس مارچ کو بھی حوثیوں نے سعودی دارالحکومت ریاض کی طرف تین میزائل داغے تھے۔
[pullquote]یورپی یونین کے اداروں میں بد انتظامی کے خلاف شکایات میں اضافہ[/pullquote]
یورپی یونین کے اداروں میں بد انتظامی کے خلاف شکایات میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ یورپی محتسب اعلٰی ایملی اورائلی کے مطابق گزشتہ برس یونین میں نظم و نسق کی خرابی کی بائیس سو واقعات سامنے آئے جبکہ اس کے مقابلے میں 2016ء میں انیس سو شکایات موصول ہوئی تھیں۔ اورائلی کے بقول ان میں سے 447 واقعات میں باقاعدہ تحقیقات کا حکم بھی دے دیا گیا۔ اورائلی کے بقول جیسے جیسے محتسب اعلٰی کا دفتر عوام میں مقبول ہو رہا ہے، شکایات کی تعداد بھی بڑھتی جا رہی ہے۔ محتسب اعلٰی کے دفتر میں کوئی بھی یورپی شہری یورپی یونین کے خلاف کسی بھی نوعیت کی شکایت درج کرا سکتا ہے۔
[pullquote]روس کا مزید پچاس برطانوی سفارت کاروں کی ملک بدری کا فیصلہ[/pullquote]
روسی حکومت نے برطانیہ کے مزید پچاس سے زائد سفارت کاروں کو ملک بدر کر دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ روسی وزارت خارجہ کی خاتون ترجمان ماریا زخارووا کے مطابق اس اقدام کی وجہ کشیدگی کے اس ماحول میں دونوں ممالک میں ایک دوسرے کے سفارتی عملے کی تعداد تقریباﹰ برابر کرنا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ روس میں مجموعی طور پر برطانوی سفارت کاروں کی تعداد ابھی بھی برطانیہ میں تعینات روسی سفارت کاورں کی کل تعداد سے کہیں زیادہ ہے۔ ان سفارت کاروں کو واپس بلانے کے لیے برطانیہ کو ایک ماہ کی مہلت دی گئی ہے۔
[pullquote]شام سے متعلق ڈونلڈ ٹرمپ کے غیر متوقع اعلانات[/pullquote]
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جنگ زدہ ملک شام کو دی جانے والی دو سو ملین ڈالر کی امداد منجمد کر دینے کا اعلان کر دیا ہے۔ امریکی اخبار وال اسٹریٹ جرنل کے مطابق وائٹ ہاؤس اور ملکی وزارت خارجہ نے بھی اس خبر کی تصدیق کر دی ہے۔ اس سے قبل ٹرمپ نے شام سے امریکی فوجیوں کو واپس بلانے کا غیر متوقع اعلان بھی کر دیا تھا۔ ٹرمپ کے بقول اس جنگ زدہ ملک کے تمام علاقے ’اسلامک اسٹیٹ‘ یا داعش سے آزاد کرا لیے گئے ہیں اور اب وہاں امریکی فوجیوں کی موجودگی کی کوئی ضرورت نہیں۔ امریکی وزارت خارجہ کے مطابق اسے یہ علم نہیں تھا کہ صدر ٹرمپ یہ فیصلہ کرنے والے تھے۔
[pullquote]غزہ اور اسرائیل کی سرحد پر خونریز واقعات کی غیر جانبدار تحقیقات کرائی جائیں، اقوام متحدہ[/pullquote]
اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ایک ہنگامی اجلاس میں غزہ اور اسرائیل کے درمیان سرحد پر پیش آنے والے خونریز واقعات کا جائزہ لیا گیا۔ عالمی ادارے کے سربراہ انتونیو گوٹیرش نے اب تک سترہ فلسطینیوں کی ہلاکت کا باعث بننے والے ان واقعات کی شفاف اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔ غزہ اور اسرائیل کے مابین 65 کلومیٹر طویل سرحد پر جمعے کے دن ہزاروں فلسطینی ’واپسی کے لیے مارچ‘ نامی احتجاج کے لیے جمع ہوئے تھے۔ ان مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے کی گئی اسرائیلی کارروائی میں سترہ افراد ہلاک جبکہ چودہ سو سے زائد زخمی ہوئے۔ فلسطینیوں کے ان مظاہروں کا سلسلہ مئی کے وسط تک جاری رہے گا۔
[pullquote]دنیا کو درپیش موجودہ حالات پر نادم ہوں، پاپائے روم[/pullquote]
کیتھولک مسیحیوں کے روحانی پیشوا پوپ فرانسس نے گڈ فرائیڈے کے روز اپنے پیغام میں دنیا کو درپیش موجودہ حالات پر شدید افسوس کا اظہار کیا۔ اکیاسی سالہ پوپ کے بقول یہ بہت ہی شرم کی بات ہے کہ بزرگ نسل اپنے پیچھے نوجوانوں کے لیے ایک ایسی دنیا چھوڑ کر جا رہی ہے، جہاں تقسیم، جنگ اور مطلب پرستی کا دور دورہ ہے۔ پاپائے روم نے اس صورت حال پر معافی کی درخواست بھی کی۔ پوپ فرانسس کے مطابق آج کی دنیا میں نوجوان، بیمار اور بزرگ انسان اپنے اپنے معاشروں کے مرکزی دھاروں سے کٹ چکے ہیں۔ اطالوی دارالحکومت روم کے قدیم کولوسیم میں پوپ کے اس خطاب کے موقع پر بیس ہزار سے زائد افراد موجود تھے۔
[pullquote]بھارتی ریلوے میں نوے ہزار ملازمتوں کے لیے کروڑوں درخواستیں[/pullquote]
بھارتی ریلوے کو نوے ہزار ملازمتوں کے لیے اٹھائیس ملین آن لائن درخواستیں موصول ہو چکی ہیں۔ حکام نے بتایا کہ درخواستیں جمع کرانے کی آخری تاریخ آج ہفتہ اکتیس مارچ ہے اور دن کے اختتام تک یہ تعداد اور زیادہ ہو جائے گی۔ بھارتی ریلوے کو تکنیکی شعبے اور انجن ڈرائیوروں کے علاوہ ریلوے ٹریک پر کام کرنے والوں، ویلڈرز اور قلیوں کی بھی بڑی تعداد میں ضرورت ہے۔ بھارتی ریلوے اپنے 1.4 ملین ملازمین کے ساتھ دنیا کا آٹھواں بڑا آجر ادارہ ہے۔ بھارتی حکومت ملکی ریلوے نظام کو جدید بنانے کے لیے 130 ارب ڈالر کے ایک منصوبے پر کام شروع کر چکی ہے۔