جمعرات : 31 جنوری 2019 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]جرمن پارلیمان میں ہولوکاسٹ کے متاثرین کے لیے خراج عقیدت[/pullquote]

جرمن پارلیمان میں آج جمعرات کو نازی سوشلسٹوں کا شکار بننے والے افراد کو یاد کیا جا رہا ہے۔ جرمن پریس ایجنسی کے مطابق یہ یادگاری تقریب پولینڈ میں قائم نازی کیمپ آؤشوٹس کی آزادی کے 74 برس پورے ہونے پر منعقد ہو رہی ہے۔ اس موقع پر تاریخ دان ساؤل فریڈلینڈر بھی خطاب کریں گے۔ وہ ہولوکاسٹ کے دوران نازی دستوں کا شکار ہونے سے بچ گئے تھے۔ آؤشوٹس کو سابقہ سوویت یونین کی فوج نے جنوری 1945ء میں آزاد کرایا تھا۔ یہ اذیتی مرکز نازی دور کے حراستی کیمپوں میں سب سے زیادہ بدنام تھا۔

[pullquote]ایران کے ساتھ کاروبار کو ممکن بنانے کا نظام تیار کر لیا گیا[/pullquote]

جرمنی، فرانس اور برطانیہ نےایران کے ساتھ کاروبار اور رقوم کے لین دین کے لیے ایک کمپنی قائم کر لی ہے۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق یہ کمپنی ایک ایسی ایجنسی کے طور پر کام کرے گی، جو سخت امریکی پابندیوں کے باوجود یورپی کمپینوں کے ایران کے ساتھ کاروبار کو ممکن بنائے گی۔ اس طرح ایران تیل سمیت اپنی کئی مصنوعات یورپ کو برآمد کر سکے گا۔ یوں مالی ادائیگیاں بینکوں کے ذریعے ایران تک نہیں پہنچیں گی بلکہ یورپی کمپنیاں ادویات، اشیائے خورد و نوش اور صنعتی مصنوعات ایران کو فروخت کریں گی۔ امریکا پہلے ہی اس متبادل نظام پر اپنے تحفظات کا اظہار کر چکا ہے۔

[pullquote]سعودی عرب نے سات حوثی باغیوں کو رہا کر دیا، اقوام متحدہ کا خیر مقدم[/pullquote]

سعودی عرب نے سات حوثی قیدیوں کو رہا کر دیا ہے۔ سلامتی کے یمنی اداروں کے مطابق ریاض حکام نے بدھ کی رات دیر گئے ان افراد کو ریڈ کراس کے حوالے کیا تھا۔ اس دوران یہ حوثی باغی صنعاء پہنچ چکے ہیں۔ اس سے ایک روز قبل حوثیوں نے ایک سعودی قیدی کو رہا کیا تھا۔ فریقین کے مابین قیدیوں کا یہ پہلا تبادلہ ہے۔ یمن کے لیے اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندے مارٹن گریفتھس نے اس اقدام کا خیر مقدم کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امید ہے کہ قیدیوں کے تبادلے کے معاہدے پر تیزی سے عمل ہو گا۔

[pullquote]یمن کے قریب دو کشیتاں غرق، مرنے والوں کی تعداد باون ہو گئی[/pullquote]

یمن کے قریب غرق ہونے والی دو کشتیوں میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد بڑھ کر باون ہو گئی ہے۔ اقوام متحدہ کے ادارہ برائے مہاجرین کے مطابق حادثے کا شکار ہونے والی ان دو کشتیوں پر سوار زیادہ تر افراد کا تعلق ایتھوپیا سے تھا۔ بتایا گیا ہے کہ یہ افراد جبوتی سے یمن آ رہے تھے۔ امدادی کارکنوں کا خیال ہے کہ ان کشتیوں پر ایک سو تیس سے زائد مہاجرین سوار تھے۔ یہ حادثہ اس ہفتے کے اوائل میں پیش آیا تھا۔

[pullquote]جرمنی میں بے روزگار افراد کی تعداد میں اضافہ[/pullquote]

جرمنی میں بے روزگاری میں0.4 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔ جرمن دفتر برائے روزگار کے مطابق اس طرح جنوری میں بے روزگاری کی یہ شرح بڑھ کر5.3 فیصد ہو گئی ہے۔ ماہرین کے مطابق یہ صورتحال پریشان کن نہیں ہے کیونکہ ہر سال جنوری میں روزگار کی منڈی میں گراوٹ آتی ہے۔ ان کے بقول سرد موسم میں کام کے مواقع کم ہو جاتے ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ 1990ء کے بعدجنوری کے مہینے میں بے روزگاری کی شرح میں ہونے والا یہ سب سے کم اضافہ ہے۔

[pullquote]دوطرفہ تجارتی تنازعہ، امریکی اور چینی وفود کی ملاقات[/pullquote]

امریکی دارالحکومت میں واشنگٹن اور بیجنگ کے اعلیٰ حکام نے دوطرفہ تجارتی تنازعے پر بات چیت کی ہے۔ مقامی ذرائع نے بتایا کہ بند دروازوں کے پیچھے ہوئے ان مذاکرات کی تفصیلات ممکنہ طور پر آج جمعرات کو کسی وقت سامنے آ سکتی ہیں۔ امریکا نے چینی مصنوعات پر اضافی محصولات عائد کرنے کے سلسلے کو نوے دن کے لیے ملتوی کر دیا تھا۔ یہ مدت دو مارچ کو ختم ہو رہی ہے۔ اگر اس بات چیت کا کوئی نتیجہ نہ نکلا تو امریکا چینی مصنوعات پر اضافی درآمدی ڈیوٹی لگانے کا سلسلہ بحال کر دے گا، جس سے عالمی معیشت پر انتہائی منفی اثرات مرتب ہوں گے۔

[pullquote]چھ عرب ریاستوں کا مشاورتی اجلاس[/pullquote]

آج جمعرات کو چھ عرب ریاستوں کے وزرائے خارجہ نے اردن میں ایک اجلاس میں شرکت کی۔ اردن کے وزیر خارجہ ایمن الصفدی کے مطابق اس مشاورتی اجلاس کا مقصد علاقائی بحرانوں پر ایک مشترکہ موقف اختیار کرنے کے موضوع پر بات چیت کرنا تھا۔ اس موقع پر مصر، کویت، متحدہ عرب امارات، بحرین اور سعودی عرب کے وزراء بھی موجود تھے۔ ان سب وزرائے خارجہ نے اردن کے شاہ عبداللہ سے بدھ کو ملاقات کی تھی۔ یہ اجلاس ایک ایسے موقع پر ہوا ہے،جب مشرق وسطی کے ممالک شامی صدر بشارالاسد کی حکومت کے ساتھ رابطے بڑھا رہے ہیں۔

[pullquote]یورپی وزرائے خارجہ کا وینزویلا اور ایران سے متعلق اجلاس رومانیہ میں[/pullquote]

یورپی یونین کے رکن ممالک کے وزرائے خارجہ کا ایک غیر رسمی اجلاس آج جمعرات کو رومانیہ کے دارالحکومت بخارسٹ میں ہو رہا ہے۔ اس اجلاس میں وینزویلا کے سیاسی بحران اور ایران کے خلاف عائد امریکی پابندیوں سے متعلق مشاورت کی جائے گی۔ وینزویلا میں جاری بحرانی صورت حال سے متعلق یہ وزراء اس بارے میں مشورے کریں گے کہ آیا یورپی یونین کو مشترکہ طور پر خوآن گوآئیڈو کو وینزویلا کا عبوری صدر تسلیم کر لینا چاہیے۔ ایران کے موضوع پر وزرائے خارجہ کی کوشش ہو گی کہ ایسے راستے تلاش کیے جا سکیں، جن کی مدد سے یورپی کمپنیوں کو تہران کے خلاف امریکی پابندیوں کے باعث شدید نقصانات سے بچایا جا سکے۔

[pullquote]آئی این ایف جوہری معاہدے پر کوئی پیش رفت نہ ہو سکی[/pullquote]

امریکا اور روس کے مابین جوہری ہتھیاروں سے دستبرداری کے (آئی این ایف) معاہدے پر ہونے والے مذاکرات میں کوئی پیش رفت نہیں ہو سکی۔ روسی خبر رساں ادارے ’تاس‘ نے بتایا کہ بیجنگ میں روسی نائب وزیر خارجہ سیرگئی ریابکوف اور امریکی نمائندے کی ملاقات بے نتیجہ رہی۔ انٹرمیڈیٹ رینج نیوکلیئر فورسز ٹریٹی یا آئی این ایف معاہدہ 1987ء میں طے پایا تھا۔ اس معاہدے کا تعلق درمیانے فاصلے تک مار کرنے والے میزائلوں سے ہے۔ امریکا روس پر اس معاہدے کی خلاف ورزی کا الزام عائد کرتا ہے۔

[pullquote]امریکا منجمد کر دینے والی ریکارڈ سردی کی زد میں[/pullquote]

امریکا کی کئی ریاستوں اور شہروں کو اس وقت منجمد کر دینے اور ریکارڈ حد تک منفی درجہ حرارت والی سردی کا سامنا ہے۔ امریکی محکمہ موسمیات کے مطابق شکاگو میں آج جمعرات کو درجہ حرارت منفی بتیس ڈگری سینٹی گریڈ سے بھی نیچے تک گر جائے گا اور یوں بیس جنوری انیس سو پچاسی کو وہاں پڑنے والی زیادہ سے زیادہ سردی کا گزشتہ ریکارڈ بھی ٹوٹ جائے گا۔ امریکا کے چند دیگر علاقوں میں تو درجہ حرارت منفی چالیس ڈگری سینٹی گریڈ تک گر جانے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ اندازہ ہے کہ آج ہی سے مجموعی طور پر درجہ حرارت تھوڑا سا بڑھنا شروع ہو جائے گا۔

[pullquote]کینیڈا نے کیوبا میں اپنا سفارتی عملہ کم کر دیا[/pullquote]

کینیڈا نے کیوبا میں اپنے سفارتی عملے کی تعداد کم کر دی ہے۔ اوٹاوا میں حکام نے بتایا کہ عملے میں پچاس فیصد تک کمی کا یہ فیصلہ ایک پراسرار بیماری کی وجہ سے کیا گیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ 2017ء کے اوائل سے اب تک ہوانا میں کینیڈا کے سفارت خانے میں کام کرنے والے چودہ افراد نامعلوم بیماریوں کا شکار ہو چکے ہیں۔ اس کے علاوہ پانچ کلومیٹر دور قائم امریکی سفارت خانے کے چھبیس ملازمین میں بھی اسی طرح کے ایک نامعلوم مرض کی تشخیص ہو چکی ہے۔ کیوبا کی حکومت اس حوالے سے کسی بھی قسم کی سازش میں اپنے ملوث ہونے کو مسترد کرتی ہے۔

[pullquote]شامی مہاجرین کے لیے اقوام متحدہ کے امدادی قافلے کی روانگی[/pullquote]

اقوام متحدہ کا ایک امدادی قافلہ اگلے ہفتے منگل کو الرکبان کی مہاجر بستی کے لیے روانہ ہو جائے گا۔ عالمی ادارے کے ایک نمائندے مارک لوکاک نے بتایا کہ یہ قافلہ سو گاڑیوں اور ڈھائی سو امدادی کارکنوں پر مشتمل ہو گا۔ اردن کی سرحد پر واقع اس مہاجر بستی میں شدید نوعیت کے انسانی بحران کا خطرہ بڑھتا جا رہا ہے۔ لوکاک نے مزید بتایا کہ شامی وزارت دفاع کی جانب سے زبانی اجازت مل گئی ہے جبکہ روس اور امریکا نے بھی حفاظتی ضمانتیں دے دی ہیں۔ الرکبان کی مہاجر بستی میں بیالیس ہزار افراد موجود ہیں اور گزشتہ برس نومبر کے بعد سے وہاں کوئی امدادی سامان نہیں پہنچا۔

[pullquote]ایئر بس کنسورشیم پر ہیکرز کا سائبر حملہ[/pullquote]

یورپی طیارہ ساز ادارے ایئر بس پر ایک سائبر حملہ کیا گیا ہے۔ ایئر بس کنسورشیم کے فرانسیسی شہر تولوز میں واقع دفتر کے مطابق بدھ کی رات کیے گئے اس حملے میں ہیکرز اہم ڈیٹا تک رسائی حاصل کرنے میں کامیاب ہو گئے، جس میں ملازمین کے نجی کوائف بھی شامل ہیں۔ تاہم اس سے فضائی آمد ر وفت پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔ یہ یورپی ادارہ شہری ہوابازی کے ساتھ ساتھ عسکری اور خلائی شعبوں میں بھی بہت فعال ہے۔ دنیا بھر میں ایئر بس کے ملازمین کی تعداد ایک لاکھ تیس ہزار کے لگ بھگ ہے۔

[pullquote]وینزویلا میں صدر مادورو کے خلاف مظاہرے[/pullquote]

وینزویلا میں صدر نکولاس مادورو کے خلاف ایک مرتبہ پھر شدید مظاہرے ہوئے ہیں۔ خبر رساں اداروں کے مطابق مظاہرین کی ایک بڑی تعداد سلامتی کے اداروں سے اپنی ہمدردیاں تبدیل کرنے اور امدادی سامان کی فراہمی کے مطالبے کر رہی تھی۔ اس موقع پر ملک کے خود ساختہ عبوری صدر خوآن گوآئیڈو نے اپنے خطاب میں کہا کہ وینزویلا آمریت کے شکنجے میں ہے۔ نکولاس مادورو حزب اختلاف سے بات چیت کرنے کا عندیہ تو دے چکے ہیں تاہم وہ اقتدار چھوڑنے پر تیار نہیں ہیں۔ امریکا کی جانب سے وینزویلا پر پابندیاں بھی عائد کی جا چکی ہیں۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے