بدھ: 06 جنوری 2019 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]امریکا نے اپریل تک افغانستان سے نصف فوجی نکالنے کا وعدہ کیا ہے، افغان طالبان[/pullquote]

افغان طالبان نے کہا ہے کہ امریکا نے ان کے ساتھ ہونے والی حالیہ امن بات چیت میں یہ وعدہ کیا ہے کہ واشنگٹن اس سال اپریل تک ہندو کش کی اس ریاست سے اپنے نصف فوجی دستے واپس بلا لے گا۔ نیوز ایجنسی آر آئی اے کے مطابق یہ بات طالبان کی طرف سے روسی دارالحکومت ماسکو میں بدھ کے روز کہی گئی۔ افغان طالبان کا ایک وفد ان دنوں روس میں افغان اپوزیشن رہنماؤں کے ساتھ مکالمت میں حصہ لے رہا ہے۔ اس بات چیت میں کابل حکومت شامل نہیں ہے۔ امریکا اور افغان طالبان کے مابین ابھی حال ہی میں قطر کے دارالحکومت دوحہ میں ایک ہفتے تک امن بات چیت ہوئی تھی، جس کے نتائج سے افغانستان میں قیام امن کے امکانات کے سلسلے میں کچھ مثبت اشارے ملے تھے۔

[pullquote]امریکی صدر کا قوم سے خطاب، معیشت میں آنے والی بہتری پر زور[/pullquote]

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے قوم سے اپنے خطاب میں اس بات پر زور دیا کہ ان کے صدر بننے کے بعد سے ملکی معیشت میں بہتری آئی ہے۔ اپنے ’اسٹیٹ آف دا یونین‘ خطاب میں ٹرمپ نے منگل کی رات کہا کہ اب ضرورت اس بات کی ہے کہ انہی پالیسیوں پر آئندہ بھی عمل کیا جائے اور عشروں پرانی ناقص تجارتی سیاست کی تلافی کی جائے۔ ساتھ ہی صدر نے یہ بھی کہا کہ وہ تارکین وطن کی آمد سے متعلق قوانین میں اصلاحات بھی چاہتے ہیں۔ ٹرمپ کے مطابق یہ ان کا اخلاقی فرض ہے کہ وہ امریکیوں اور امریکا میں روزگار کے مواقع کے تحفظ کو یقینی بنائیں۔ ڈونلڈ ٹرمپ کے مطابق وہ اس بات کو بھی یقینی بنائیں گے کہ امریکا کی میکسیکو کے ساتھ سرحد پر دیوار کی تعمیر کا منصوبہ مکمل کیا جائے۔

[pullquote]آرمینیائی باشندوں کی نسل کشی، فرانس میں ہر سال قومی یادگاری دن منانے کا فیصلہ[/pullquote]

فرانس میں آئندہ ہر سال چوبیس اپریل کو ایک ایسا قومی یادگاری دن منایا جایا کرے گا، جس میں پہلی عالمی جنگ کے دوران سلطنت عثمانیہ کے دور میں آرمینیائی باشندوں کی نسل کشی کی یاد تازہ کی جایا کرے گی۔ فرانسیسی صدر ایمانوئل ماکروں نے کہا کہ اس فیصلے سے قبل ترک صدر رجب طیب ایردوآن کو اس بارے میں آگاہ کر دیا گیا تھا۔ ترک عثمانی دستوں کے ہاتھوں انیس سو پندرہ میں شروع ہونے والے آرمینیائی باشندوں کے اس قتل عام کو فرانس نے سن دو ہزار ایک میں باقاعدہ طور پر نسل کشی قرار دے دیا تھا۔ اس دوران ڈیڑھ ملین تک آرمینیائی باشندوں کو قتل کر دیا گیا تھا۔ جون دو ہزار سولہ میں جرمن پارلیمان کی طرف سے بھی ایسے ہی ایک فیصلے پر ایک شدید سفارتی بحران شروع ہو گیا تھا۔ ترکی اس بات سے قطعی انکاری ہے کہ یہ قتل عام کوئی نسل کشی تھا۔

[pullquote]’اسلامک اسٹيٹ‘ کے خلاف سرگرم اتحادی ممالک کا اہم اجلاس[/pullquote]

امريکا آج بدھ کو ايک اہم اجلاس کی ميزبانی کر رہا ہے، جس ميں دہشت گرد تنظيم ’اسلامک اسٹيٹ‘ یا داعش کے خلاف برسرپيکار عسکری اتحاد کے رکن ممالک کے وزرائے خارجہ شرکت کر رہے ہيں۔ امريکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے شام سے امریکی فوجی انخلاء کے حوالے سے پچھلے سال کیے گئے اچانک اعلان کے بعد سے صورتحال غير واضح ہے اور یہ اجلاس اسی سلسلے ميں ہو رہا ہے۔ يہ اجلاس ايک ايسے موقع پر منعقد ہو رہا ہے، جب اسی ہفتے امريکی محکمہ دفاع نے ايک رپورٹ ميں خبردار کيا کہ داعش عراق اور شام کے دیہی علاقوں ميں دوبارہ زور پکڑ سکتی ہے اور يہ تنظيم اب بھی ايک خطرہ ہے۔ آج ہونے والے اجلاس ميں اس عسکری اتحاد میں شامل اناسی ممالک اور تنظیموں کے نمائندے حصہ لے رہے ہیں اور یہ اجلاس پینٹاگون میں ہو رہا ہے۔

[pullquote]ترکی اور یونان باہمی مذاکرات کے لیے مشترکہ بنیادوں کی تلاش میں[/pullquote]

ترک صدر رجب طیب ایردوآن نے انقرہ میں یونانی وزیر اعظم الیکسس سپراس کے ساتھ ایک ملاقات کی، جس میں یہ اتفاق رائے ہو گیا کہ دونوں ممالک کو باہمی کشیدگی میں کمی لانا چاہیے۔ اس ملاقات میں دوطرفہ مذاکرات کے لیے مشترکہ بنیادیں تلاش کرنے کی کوشش بھی کی گئی۔ اس ملاقات سے قبل ترکی نے اپنے ہاں سے فرار ہونے والے ملکی فوجیوں کے سروں کی قیمت کا اعلان کر کے اس مکالمت کو قدرے مشکل بنا دیا تھا۔ ایردوآن اور سپراس کی اس ملاقات میں قبرص کے تنازعے، تارکین وطن کی آمد اور بحیرہ ایجیئن میں دونوں ممالک کی سمندری حدود سے متعلق موضوعات پر بات چیت کی گئی۔

[pullquote]’پیلی جیکٹوں‘ والے مظاہرین کے باعث فرانس میں مظاہروں کے حق کے قانون میں سختی[/pullquote]

فرانسیسی قومی اسمبلی نے ملک میں کئی ہفتوں سے جاری ’پیلی جیکٹوں‘ والے مظاہرین کے احتجاج کے باعث مظاہروں کے حق سے متعلق شہری قوانین میں سختی کی منظوری دے دی ہے۔ اب فرانس میں ’پریفیکٹ‘ کہلانے والے انتظامی علاقوں کے اہلکار عدالتی اجازت ناموں کے بغیر بھی عوامی مظاہروں پر پابندی عائد کر سکیں گے۔ یہ پابندی ایسے مظاہروں پر لگائی جا سکے گی، جن کی وجہ سے نقص امن عامہ کا خصوصی اندیشہ ہو۔ اس پابندی کی خلاف ورزی کرنے والوں کو انفرادی سطح پر ساڑھے سات سو یورو جرمانے اور چھ ماہ تک قید کی سزائیں سنائی جا سکیں گی۔ اس قانون پر رائے شماری میں صدر ماکروں کی پارٹی کے پچاس کے قریب ارکان پارلیمان شامل نہ ہوئے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ نیا قانون شہری حقوق کو بہت محدود کر دے گا۔

[pullquote]مقدونيہ مغربی دفاعی اتحاد نيٹو کی رکنيت کی منزل کے قریب تر[/pullquote]

مغربی دفاعی اتحاد نيٹو کے ارکان آج بدھ کو ايک ایسی دستاويز پر دستخط کر رہے ہيں، جس سے مقدونيہ کی اس اتحاد ميں شموليت کی راہ ہموار ہو جائے گی۔ برسلز میں نيٹو ہيڈ کوارٹرز ميں اس حوالے سے ایک پروٹوکول کو حتمی شکل دی جا رہی ہے، جس کے بعد اس اتحاد کے انتيس رکن ممالک انفرادی سطح پر اس کی توثيق کر ديں گے۔ اس پیش رفت کے بعد سن دو ہزار بیس تک مقدونيہ نيٹو کا تيسواں رکن ملک بن سکے گا۔ يہ پيش رفت مقدونيہ کے نام کے حوالے سے اس کے يونان کے ساتھ طویل تنازعے کے خاتمے کے بعد ممکن ہوئی۔

[pullquote]مسیحی پادریوں کے ہاتھوں راہباؤں کا جنسی استحصال ايک حقيقت، پوپ فرانسس[/pullquote]

پوپ فرانسس نے کيتھولک مسيحی پادریوں کے ہاتھوں راہباؤں کے جنسی استحصال کو پہلی مرتبہ عوامی سطح پر تسليم کر ليا ہے۔ پاپائے روم نے متحدہ عرب امارات سے واپس اطالوی دارالحکومت روم جاتے ہوئے ايک پريس کانفرنس ميں اس بارے ميں کہا کہ وہ اس مسئلے کے حل کے ليے اقدامات کریں گے۔ پوپ کے مطابق ايسے واقعات ميں ہر کوئی ملوث نہيں تاہم چند پادری ايسے جرائم کا ارتکاب کر چکے ہيں۔ پوپ فرانسس نے یہ اعتراف چند کلیسائی شخصیات کی طرف سے بزرگ راہباؤں کو جنسی استحصال کا نشانہ بنائے جانے سے متعلق ايک سوال کے جواب ميں کيا۔ يہ پيش رفت اس امر کا ثبوت ہے کہ ’می ٹو‘ تحریک اب کيتھولک چرچ تک بھی پہنچ گئی ہے۔

[pullquote]فٹ بال: جرمن فیڈریشن کپ میں ڈورٹمنڈ کی ٹیم کوارٹر فائنل سے پہلے ہی باہر[/pullquote]

جرمنی میں فٹ بال کے فیڈرشین کپ کے لیے ہونے والے پری کوارٹر فائنل مقابلوں میں ڈورٹمنڈ کی ٹیم بریمن سے دو کے مقابلے میں چار گول سے ہارنے کے بعد ان مقابلوں سے خارج ہو گئی ہے۔ جرمنی میں فٹ بال کے بنڈس لیگا مقابلوں کے موجودہ سیزن میں اب تک اول نمبر کی اس ٹیم کے بارے میں یہ توقع بہت کم تھی کہ وہ ڈی ایف بی کپ کے کوارٹر فائنل میں بھی نہیں پہنچ سکے گی۔ دیگر میچوں میں بائر لیورکوزن کو بھی ناکامی کا سامنا کرنا پڑا جبکہ ہیمبرگ کی ٹیم نے نیورمبرگ کو ہرا دیا۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے