جمعہ:یکم نومبر 2019 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]جرمن چانسلر کا دورہ بھارت[/pullquote]

باہمی تجارت بڑھانے اور اسٹريٹيجک روابط ميں بہتری کے ليے جرمن چانسلر انگيلا ميرکل اور بھارتی وزير اعظم نريندر مودی نے کئی معاہدوں پر دستخط کيے ہيں۔ جرمن چانسلر اپنی کابينہ کے کئی ارکان اور کاروباری شخصيات کے ساتھ بھارت کے تين روزہ دورے پر ہيں۔ آج ملاقات کے بعد ميرکل اور مودی نے نئی دہلی ميں ايک مشترکہ پريس کانفرنس سے خطاب کيا۔ دونوں ليڈرز نے تعليم، مصنوعی ذہانت، سائبر سکيورٹی اور زراعت کے شبعوں ميں بھی اضافی تعاون کے معاہدوں کو حتمی شکل دی۔ جرمن چانسلر جمعرات کی شب بھارت پہنچی تھيں۔ آج صبح نئی دہلی میں ان کا فوجی اعزاز کے ساتھ استقبال کيا گيا۔

[pullquote]ترکی نے اٹھارہ شامی فوجی رہا کر ديے[/pullquote]

ترکی نے شمال مشرقی شام سے حراست ميں ليے گئے اٹھارہ شامی افراد کو رہا کر ديا ہے۔ ان کے بارے ميں کہا جا رہا ہے کہ یہ شامی فوجی ہيں۔ ترک وزارت دفاع نے ان کی رہائی کی تصديق جمعرات کی شب کی۔ فی الحال يہ واضح نہيں کہ انہيں کس کے حوالے کيا گيا ہے البتہ ترک بيان ميں يہ کہا گيا کہ رہائی، روس کی ثالثی کے نتيجے ميں عمل ميں آئی۔ اٹھارہ شامی فوجيوں کو سرحدی شہر راس العين سے انتيس اکتوبر کو گرفتار کيا گيا تھا۔ اس علاقے ميں ترک فورسز مقامی کردوں کے خلاف برسرپيکار ہيں۔

[pullquote]ايک امريکی ڈرون مار گرايا، حوثی باغيوں کا دعویٰ[/pullquote]

يمن کے حوثی باغيوں نے امريکی ساخت کا ايک ڈرون طيارہ گرانے کا دعویٰ کيا ہے۔ حوثی باغيوں کے ترجمان کے مطابق ’اسکين ايگل‘ نامی بغير پائلٹ والے اس طيارے کو سعودی عرب کی سرحد کے پاس گرايا گيا۔ ترجمان کے بقول يہ ڈرون علاقے سے انٹيليجنس اکھٹی کر رہا تھا۔ فوری طور پر رياض حکومت کی جانب سے اس پر کوئی رد عمل سامنے نہيں آيا ہے۔ يمن ميں سعودی قيادت ميں عسکری اتحاد حوثی باغيوں کے خلاف برسر پيکار ہے۔

[pullquote]افغان طالبان کا حملہ، متعدد پوليس اہلکار ہلاک[/pullquote]

شمالی افغان صوبے تخار ميں طالبان کے ايک حملے ميں کم از کم نو پوليس اہلکار مارے گئے ہيں۔ جنگجوؤں نے خواجہ بہاؤالدين نامی ضلعے ميں گزشتہ رات حملہ کيا۔ چند ذرائع ہلاک شدگان کی تعداد دس بتا رہے ہيں۔ صوبائی کونسلر نے حملے اور ہلاکتوں کی تصديق کر دی ہے۔ تخار کے چند حصوں ميں اب بھی طالبان کا زور ہے۔ افغان طالبان صوبے ميں تين اضلاع پر قابض ہيں۔

[pullquote]عراق ميں وسيع تر حکومت مخالف مظاہرہ[/pullquote]

عراقی دارالحکومت بغداد ميں آج ہزاروں افراد احتجاج کر رہے ہيں۔ کہا جا رہا ہے کہ سابق صدر صدام حسين کے اقدار کے خاتمے کے بعد يہ ملک کا اب تک کا سب سے بڑا احتجاج ہے۔ مرکزی تحرير چوک پر سينکڑوں افراد خيمے لگا کر قيام پذیر ہيں۔ عراق ميں حاليہ حکومت مخالف مظاہروں ميں ڈھائی سو سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہيں۔ جمعے کی صبح حکام کی کارروائی ميں پچاس سے زائد افراد زخمی ہوئے۔ ايمنسٹی انٹرنيشنل نے سکيورٹی فورسز کی شہريوں کے خلاف کارروائی پر شديد تحفظات کا اظہار کيا ہے۔

[pullquote]کرسٹين لگارد يورپی مرکزی بينک کی نئی سربراہ[/pullquote]

کرسٹين لگارد نے يورپی مرکزی بينک (ECB) کی صدارت آج جمعے سے سنبھال لی ہے۔ انہوں نے اٹلی کے ماريو دراگی کی جگہ يہ ذمہ داری سنبھالی ہے۔ سابق فرانسيسی وزير خزانہ اور انٹرنيشل مانيٹری فنڈ کی چيف لگارد يہ پوزيشن سنبھالنے والی پہلی خاتون ہيں۔ لگارد کے سامنے اقتصادی سست روی اور ای سی بی کی گوورننگ کونسل ميں تقسيم سے نمٹنے جيسے چيلنجز کھڑے ہيں۔ ان پر يہ دباؤ بھی ہے کہ مرکزی بينک کی پاليسياں زيادہ موثر انداز سے عوام کو سمجھائی جائيں۔

[pullquote]شامی صدر نے جرمن وزیر دفاع کی تجویز مسترد کر دی[/pullquote]

شامی صدر بشارالاسد نے شمالی شام میں ایک بین الاقوامی حفاظتی زون قائم کرنے کی جرمن وزیر دفاع آنے گریٹ کارین باؤر کی تجویز مسترد کر دی ہے۔ اسد نے اپنے ایک انٹرویو میں کہا کہ یہ تجویز بالآخر شام کی تقسیم کا باعث بن سکتی ہے۔ اس دوران شامی صدر نے ترکی اور روس کے مابین طے پانے والے اس معاہدے کو سراہا، جس کا تعلق ملک کے شمالی حصے سے کردوں کے انخلاء سے ہے۔ تاہم انہوں نے انقرہ کے ساتھ کسی ممکنہ جنگ کے امکان کو مسترد بھی نہیں کیا۔

[pullquote]نئی دہلی ميں آلودگی کے سبب تمام اسکول بند[/pullquote]

بھارتی دارالحکومت نئی دہلی ميں فضائی آلودگی کی بلند شرح کے سبب شہری انتظاميہ نے تمام اسکول پانچ نومبر تک بند رکھنے کا اعلان کيا ہے۔ وزير اعلی اروند کيجريوال نے يہ اعلان جمعہ يکم نومبر کو کيا۔ ماہرين کے مطابق نئی دہلی کی آب و ہوا اس قدر مضر صحت ہے کہ لوگوں، بالخصوص بچوں کا، باہر نکلنا ان کی صحت کے ليے خطرناک ثابت ہو سکتا ہے۔ نئی دہلی کے آس پاس کے علاقوں ميں کھيتوں ميں آگ اس اسموگ کا سبب بنتی ہے۔

[pullquote]چلی ميں حکومت اور اپوزيشن کے مابين تازہ مکالمت[/pullquote]

ملک ميں جاری پر تشدد مظاہروں کے خاتمے کے ليے چلی کی حکومت نے حزب اختلاف کے ساتھ بات چيت دوبارہ شروع کر دی ہے۔ دارالحکومت سينتياگو ميں صدارتی محل ميں جمعرات کی شب دو گھنٹوں تک مذاکرات جاری رہے تاہم ان ميں کوئی حل نہ نکالا جا سکا۔ بات چيت کے بعد چند اپوزيشن رہنماؤں نے اپنے بيانات ميں کہا ہے کہ حکومت اب بھی مظاہرين کے مطالبات ماننے کو تيار نہيں۔ دريں اثناء احتجاج کا سلسلہ جمعرات کو بھی جاری رہا اور سينتياگو سميت کئی بڑے شہروں ميں سينکڑوں لوگ سڑکوں پر نکلے۔ چلی ميں کم تنخواہوں، کم پينشن، صحت اور تعليم کی ناقص سہوليات کے خلاف احتجاج جاری ہے۔

[pullquote]شمالی کوریا کا بڑے راکٹ لانچرز کا تجربہ[/pullquote]

شمالی کوریا نے انتہائی بڑے راکٹ لانچرز کا کامیاب تجربہ کیا ہے۔ سرکاری خبر رساں ادارے ’کے سی این اے‘ کے مطابق اس تجربے کا مقصد دشمن کے گروہ کے ہدف کو اچانک نشانہ بنا کر تباہ کرنا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ کمیونسٹ کوریا کے رہنما کم جونگ ان اس تجربے پر خوش اور مطمئن ہیں۔ اس سے قبل پڑوسی ملک جنوبی کوریا نے بتایا تھا کہ پیونگ یانگ کی جانب سے درمیانے فاصلے تک مار کرنے والے دو میزائل داغے گئے تھے۔ جاپانی حکام کے مطابق یہ بیلسٹک میزائل تھے۔

[pullquote]بوئنگ کمپنی پھر سے مشکلات کی شکار[/pullquote]

مشکلات کی شکار امريکی طيارہ ساز کمپنی بوئنگ نے 737NG طرز کے درجنوں طياروں کو سروس سے ہٹانے کا اعلان کيا ہے۔ چند طياروں ميں مختلف مقامات پر ’کريک‘ يا دراڑ پڑنے کے بعد کمپنی نے يہ قدم اٹھايا ہے۔ آسٹريليا کی فضائی کمپنی قنطاس نے اپنے تين طياروں کو اسی شکايت کے سبب پرواز سے روک ديا ہے۔ علاوہ ازيں جنوبی کوريا ميں بھی اس طرز کے نو طياروں کو پرواز سے روکا جا چکا ہے۔ امريکا ميں بھی ايک ايئر لائن کے تين طيارے اس نقص سے متاثرہ پائے گئے۔ ريگوليٹرز نے تمام طياروں کے معائنے کے احکامات جاری کيے ہيں۔

[pullquote]فلپائن میں ٹرک حادثہ ، کم از کم انیس ہلاکتیں[/pullquote]

فلپائن میں ٹرک کے ایک حادثے میں کم از کم انیس افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ پولیس نے آج جمعے کو بتایا کہ یہ حادثہ ملک کے شمالی حصے میں اس وقت پيش آيا، جب یہ ٹرک ایک کھائی میں جا گرا۔ مرنے والے تمام افراد ٹرک پر ہی سفر کر رہے تھے۔ بتایا گیا ہے کہ اس حادثے میں بائیس افراد زخمی ہیں۔ زخمی و ہلاک شدگان زیادہ تر مقامی کسان ہیں۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق یہ حادثہ ٹرک کے بریک فیل ہونے کی وجہ سے ہوا۔ زخمیوں میں ٹرک ڈرائیور بھی شامل ہے۔

[pullquote]آسٹريا ميں سگريٹ نوشی کے خلاف سخت قوانين[/pullquote]

يورپی ملک آسٹريا ميں آج سے سگريٹ نوشی کے خلاف سخت قوانين پر عملدرآمد شروع ہو گيا ہے۔ ان نئے قوانين کے مطابق تمام ريستورانوں اور بارز ميں سگريٹ نوشی ممنوع ہے۔ حقے اور ای سگريٹ بھی پابندی کے زُمرے ميں آتے ہيں۔ قوانين کی خلاف ورزی کرنے والے افراد پر ايک ہزار يورو تک اور دکانوں پر دس ہزار يورو تک کا جرمانہ عائد کيا جا سکتا ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے