منگل : 18 فروری 2020 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]ایران میں دس افراد کو امریکا کے لیے جاسوسی کے الزام میں سزائیں[/pullquote]

ایران نے امریکا کے لیے جاسوسی کرنے کے الزام میں تحفظ ماحول کے لیے سرگرم دس افراد کو قید کی سزا سنا دی ہے۔ ان میں ایک ایسا ایرانی شہری بھی شامل ہے جس کے پاس برطانوی اور امریکی شہریت بھی ہے۔ عدلیہ کے ترجمان غلام حسین اسمعیلی نے آج منگل کو بتایا کہ ان افراد کو ریاست مخالف سرگرمیوں میں ملوث ہونے کا ذمہ دار ٹھہرایا گیا ہے۔ ان کے بقول دو افراد کو دس دس سال کی قید کی سزا دی گئی ہے۔ ان سے وہ رقم بھی واپس طلب کی گئی ہے، جو انہیں امریکی حکومت نے ایران کی جاسوسی کے لیے دی تھی۔ اسعمیلی نے مزید بتایا کہ اسی طرح دو افراد کو بالترتیب آٹھ آٹھ سال کی سزا ئے قید سنائی گئی ہے۔ ان تمام افراد کو 2018ء میں حراست میں لیا گیا تھا۔

[pullquote]شمالی شام میں عام شہریوں کے لیے راہ داریاں قائم کی جائیں، باچلیٹ[/pullquote]

اقوام متحدہ کی کمشنر برائے انسانی حقوق مشیل باچلیٹ نے شمال مغربی شام میں انسانی بنیادیوں پر امدادی کارروائیوں کے لیے راہ داری کے قیام کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے علاقے میں روسی فوج کی پشت پناہی سے جاری دمشق حکومت کے آپریشن پر تشویش کا اظہار بھی کیا۔ ان کے بقول کوئی بھی پناہ گاہ محفوظ نہیں۔ باچلیٹ کے مطابق اس طرح کے بلا امتیاز حملوں کا کوئی جواز پیش نہیں کیا جا سکتا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ باغیوں کے زیر اثر علاقوں میں بہت سے عام شہری پھنسے ہوئے ہیں۔

[pullquote]اقتصادی اہداف حاصل کر لیں گے، شی جن پنگ[/pullquote]

چینی صدر شی جن پنگ نے کہا ہے کہ ان کا ملک رواں برس کے اقتصادی اہداف حاصل کر لے گا۔ شی جن پنگ کے بقول کورونا وائرس نے معاشی سرگرمیوں کو متاثر ضرور کیا ہے تاہم اس کے باوجود 2020ء کے معاشی اہداف حاصل ہونے کا امکان ہے۔ شی نے مزید کہا کہ کووڈ انیس کو قابو کرنے کے اقدامات کے دوران بھی معاشی صورتحال مستحکم رہی ہے۔

[pullquote]کووڈ انیس سے ہلاکتیں اٹھارہ سو سے تجاوز کر گئیں[/pullquote]

چین میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں تقریباً انیس سو کا اضافہ ہو گیا ہے۔ بیجنگ میں صحت سے متعلق کمیشن نے بتایا کہ ایک دن میں مزید اٹھانوے افراد اسی وائرس کے سبب ہلاک ہو گئے ہیں۔ اس طرح نظام تنفس کو متاثر کرنے والے کووڈ انیس نامی اس وائرس سے مرنے والوں کی تعداد اٹھارہ سو سے تجاوز کر گئی ہے۔ مرنے والوں میں ووہان شہر کے ایک ہسپتال کے نگران ڈاکٹر بھی شامل ہیں۔ کووڈ انیس سے صوبہ ہوبے کا شہر ووہان سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے۔

[pullquote]ہمیں مزید تحفظ فراہم کیا جائے، مسلم تنظیموں کا جرمن حکومت سے مطالبہ[/pullquote]

مختلف مسلم تنظیموں نے بم حملوں کے خطرے کے تناظر میں جرمن حکومت سے مزید تحفظ کا مطالبہ کیا ہے۔ جرمنی میں مسلمانوں کی مرکزی کونسل کے سکریٹری جنرل عبدالصمد الیزیدی نے ڈی ڈبلیو سے باتیں کرتے ہوئے اسے غیر معمولی خطرہ قرار دیا۔ جرمنی میں ترک مسلمانوں کی یونین دی تب نے بھی اسی قسم کا مطالبہ کیا ہے۔ مسلم تنظیموں کا یہ بیان دائیں بازو کے ایک مشتبہ دہشت گرد گروہ کی جانب سے مساجد کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کے فاش ہونے کے تناظر میں سامنے آیا۔ اسی طرح دیگر تنظیموں کا موقف ہے کہ مسلم برادری خود کو محفوظ محسوس نہیں کر رہی ہیں۔ ان تنظیموں کا موقف ہے کہ اس پیش رفت پر اکثریت کی خاموشی افسوسناک ہے۔

[pullquote]ووٹ ڈالنا مذہبی ذمہ داری ہے، خامنہ ای[/pullquote]

ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے رائے شماری میں حصہ لینے کو ایک مذہبی ذمہ داری قرار دیا ہے۔ ایران کے سرکاری ٹیلی وژن کے مطابق خامنہ ای نے کہا کہ آج کل ووٹنگ صرف انقلابی اور قومی نہیں بلکہ ایک مذہبی ذمہ داری بن چُکی ہے۔ فروری کی اکیس تاریخ کو ووٹنگ کے ذریعے ایران میں ایک نئی پارلیمان منتخب کی جائے گی۔

[pullquote]نوربرٹ رؤٹگن، سی ڈی یو کے قائد بننے کے پہلے امیدوار[/pullquote]

جرمنی کے سابق وزیر ماحولیات نوربرٹ رؤٹگن کرسچین ڈیموکریٹک پارٹی( سی ڈی یو) کی قیادت کے انتخابات میں حصہ لیں گے۔ روئٹگن کے دفتر کے مطابق اس طرح وہ سی ڈی یو کی قیادت کے لیے باقاعدہ طور پر سامنے آنے والے پہلے امیدوار ہیں۔ چانسلر انگلیلا میرکل کی جماعت سی ڈی یو کو آجکل قیادت کے بحران کا سامنا ہے۔ ریاست تھیورنگیا کے انتخابات میں دائیں بازو کی جماعت اے ایف ڈی کی وجہ سے پیدا ہونے والے بحران کے سبب اس جماعت کی سربراہ آنے گریٹ کرامپ کارن باؤر نے پارٹی کی سربراہی سے مستعفی ہونے کا اعلان کیا تھا۔

[pullquote]آسانج کی حراستی نظربندی میں تشدد ہو رہا ہے: ڈاکٹروں کی تنقید[/pullquote]

ڈاکٹروں اور ماہر نفسیات نے وکی لیکس کے زیر حراست بانی جولیان آسانج کو فوری طور پر بہتر سہولیات مہیا کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ ایک سو بیس ڈاکٹروں اور ماہر نفسیات نے ایک خط میں لکھا ہے کہ آسانج کو نفسیاتی اذیت پہنچانے کے ساتھ ساتھ طبی سہولیات مہیا کرنے میں بھی غفلت برتی جا رہی ہے۔ یہ خط طبی شعبے کے جریدے ’دی لینسٹ‘ نے شائع کیا ہے۔ آسانج اپریل 2019ء سے بیلمارش کے انتہائی سخت انتظامات والی جیل میں ہیں۔ اس خط میں خبردار کیا گیا ہے کہ آسانج اپنی کوٹھری میں ہلاک بھی سکتے ہیں۔

[pullquote]شامی صدر نے ترکی کے دباؤ کو مسترد کر دیا[/pullquote]

شامی صدر بشارالاسد نے ترکی کا دباؤ مسترد کرتے ہوئے ادلب میں عسکری کارروائیاں جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔ شامی صدر نے ٹیلی وژن پر اپنے خطاب میں کہا کہ شمال سے دی جانے والی کھوکھلی دھمکیوں کے باوجود ادلب اور حلب میں آپریشن جاری رہے گا۔ شمال سے صدر اسد کا اشارہ ترکی کی جانب تھا۔ ترکی نے ابھی اختتام ہفتہ پر ادلب میں مزید فوجی کارروائیوں سے خبردار کیا تھا۔ ادلب شامی باغیوں کا آخری گڑھ ہے۔ اقوام متحدہ کے مطابق شامی فوج کی وجہ سے نو لاکھ افراد نقل مکانی پر مجبور ہوئے ہیں۔

[pullquote]ایغور بدستور چینی حکومت کے ظلم و تشدد کا شکار[/pullquote]

چین میں ایغور مسلم اقلیت کو مذہب اور ثفاقت کی بنیاد پر بدستور حکومتی ظلم و جبر کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ یہ بات قیدیوں کی ایک ایسی فہرست سے سامنے آئی ہے، جو ڈوئچے ویلے اور دیگر نشریاتی اداروں کو فراہم کی گئی ہے۔ اس فہرست میں سنکیانگ کے ایک چھوٹے سے علاقے سے تعلق رکھنے والے تین سو سے زائد ایغور قیدیوں کے حالات درج ہیں۔ جرمن دفتر خارجہ کے خفیہ دستاویزات میں بھی دیکھا جا سکتا ہے کہ چین کے اس صوبے میں کم از کم ایک ملین ایغوروں کو نظر بند کیا گیا ہے۔

[pullquote]ناکام فوجی بغاوت، ترک استغاثہ نے مزید افراد کی گرفتاری کے ورانٹس جاری کر دیے[/pullquote]

ترک دفتر استغاثہ نے 695 افراد کو حراست میں لینے کے احکامات دیے ہیں۔ خبر رساں ادارے انادولو نے آج منگل کو بتایا کہ جلا وطن مبلغ فتح اللہ گولن سے رابطوں کے شبے میں ان افراد کے وارنٹس جاری کیے گئے ہیں۔ ان میں 157 فوجی افسران اور وزارت انصاف کے کچھ ملازمین بھی شامل ہیں۔ انقرہ حکومت 2016ء کی ناکام فوجی بغاوت کی ذمہ داری گولن پر عائد کرتی ہے۔ اس دوران تقریباً ڈھائی سو افراد ہلاک ہوئے تھے جبکہ زخمیوں کی تعداد دو ہزار سے زائد تھی۔

[pullquote]جیف بیزوس کا تحفظ ماحول کے لیے اربوں کے عطیے کا اعلان[/pullquote]

ایمیزون کمپنی کےسربراہ جیف بیزوس نے تحفظ ماحول کے لیے اربوں کے عطیے کا اعلان کیا ہے۔ بیزوس کے مطابق وہ ’بیزوس ارتھ فنڈ‘ میں دس ارب یورو دیں گے۔ ان کے بقول اس رقم سے موسمیاتی تبدیلیوں کے خلاف کام کرنے والے ماہرین، انفرادی سطح پر سرگرم شخصیات اور غیر سرکاری تنظیموں کو مالی تعاون فراہم کیا جائے گا۔ آن لائن خرید و فروخت کے اس امریکی ادارے کے سربراہ کا شمار دنیا کے امیر ترین افراد میں ہوتا ہے۔ ایمیزون کے ملازمین بھی انتظامیہ سے موسمیاتی تبدیلیوں کے خلاف اقدامات کا مطالبہ کر رہے تھے۔

[pullquote]گوٹیریش نے لاہور میں بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے[/pullquote]

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انٹونیو گوٹریش اپنے دورہ پاکستان کے دوران آج لاہور میں ہیں۔ انہوں نے لاہور کے ایک کنڈر گارٹن میں بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے۔ گوٹیریش نے کہا کہ ان کی ترجیح ہے کہ دنیا سے پولیو کا خاتمہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ انہیں پاکستان آ کر اچھا لگا ہے۔ گوٹیرش نے اس موقع پر ان پولیو ورکز کے ساتھ اظہار یکجہتی بھی کیا، جنہیں اس مہم کے دوران قتل کیا گیا۔ اس موقع پر صوائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد بھی گوٹریش کے ساتھ موجود تھیں۔ اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل اتوار کو پاکستان کے چار روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچے تھے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے