راولپنڈی پولیس نے جنس چھپا کر ڈیڑھ سال تک امامت کرنے والے خواجہ سرا کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔
مقدمہ اہل علاقہ کی مدعیت میں تھانہ روات میں درج کیا گیا اور ملزم محمد خان کو پولیس نے حراست میں لے لیا۔
مدعی مقدمہ راجہ شفیق نے الزام لگایا ہے کہ محمد خان نامی خواجہ سرا ڈیڑھ سال تک مقامی مسجد میں امامت کرتا رہا اور متعدد نماز جنازہ کی بھی امامت کی۔
راجہ شفیق کے مطابق گزشتہ ماہ خواجہ سرا نے مسجد کی امامت چھوڑی جس پر اہل علاقہ نے اس کو باعزت طریقے سے رخصت کیا لیکن ایک روز قبل پولیس نے ملزم کو خواجہ سرا کے روپ میں بھیگ مانگتے ہوئے گرفتار کیا جس پر معلوم ہوا کہ محمد خان خواجہ سرا ہے۔
پولیس کا کہنا تھاکہ ملزم سے مزید تفتیش کے لیے مقامی عدالت سے ریمانڈ حاصل کیا جائے گا۔