جمعرات : 28 مارچ 2019 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]سعودی عرب کو اسلحے کی برآمد پر جرمن حکومت میں عدم اتفاق[/pullquote]

چانسلر انگیلا میرکل کی مخلوط حکومت سعودی عرب کو اسلحے کی فروخت کے معاملے میں رائے منقسم ہے جبکہ اس پابندی کی مدت رواں ہفتے ختم ہو رہی ہے۔ بدھ ستائیس مارچ کو چانسلر انگیلا میرکل کی قیادت میں جرمنی کی نیشنل سکیورٹی کونسل کا ایک اجلاس بغیر کسی اتفاق رائے کے ہی ختم ہو گیا تھا۔ برلن حکومت نے اس عبوری پابندی کا فیصلہ گزشتہ برس نومبر میں کیا تھا۔ جرمن حکومت میں شامل سوشل ڈیموکریٹک پارٹی اس پابندی میں توسیع چاہتی ہے۔ جرمن حکومت کے ترجمان نے تصدیق کی ہے کہ حکومتی حلقوں میں یہ ایک متنازعہ معاملہ ہے۔

[pullquote]امریکا اور چین کے مابین تجارتی مذاکرات کے نئے دور کا آغاز[/pullquote]

امریکی تجارتی مذاکرات کاروں پر مشتمل ایک وفد جمعرات اٹھائیس مارچ کو چینی دارالحکومت بیجنگ پہنچ گیا۔ اس وفد کی قیادت امریکی تجارتی مندوب رابرٹ لائٹ ہائزر اور وزیر خزانہ اسٹیون منوچن مشترکہ طور پر کر رہے ہیں۔ اس وفد نے اپنے مذاکرات کا آغاز کر دیا ہے۔ جمعہ انتیس مارچ کو بھی کئی مذاکراتی نشستیں ہوں گی۔ چینی وزارت تجارت کے ایک ترجمان کے مطابق فریقین بغیر وقت ضائع کیے پیچیدہ معاملات کا حل تلاش کرنے کی کوشش میں ہیں۔ اس مذاکراتی سلسلے کے حوالے سے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے گزشتۃ ہفتے اطمینان ظاہر کرتے ہوئے کہا تھا کہ دونوں ملک ایک سمجھوتے کے قریب پہنچ گئے ہیں۔

[pullquote]ایک نیا بھارت، مودی کا انتخابی نعرہ[/pullquote]

بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے اپنی سیاسی جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی کی انتخابی مہم کا باضابطہ آغاز کر دیا ہے۔ انہوں نے جمعرات کو اس موقع پر کہا کہ وہ ایک نئے بھارت کی تعمیر چاہتے ہیں۔ انہوں نے انتخابی مہم کا آغاز سب سے زیادہ آبادی والی بھارتی ریاست اترپردیش کے شہر میرٹھ سے کیا۔ بی جے پی کو گزشتہ الیکشن میں سب سے زیادہ نشستیں اسی ریاست سے حاصل ہوئی تھیں۔ جلسہ گاہ میں میلے کی طرح کا انتظام کیا گیا تھا۔ اشیائے خوراک کے اسٹالوں کے ساتھ ساتھ مختلف اسٹالز پر بی جے پی کے جھنڈے اور ٹی شرٹس بھی فروخت کیے جا رہے تھے۔ بھارت میں اگلے پارلیمانی انتخابات کے طویل سلسلے کا آغاز گیارہ اپریل کو ہو گا، جو انیس مئی کو اپنی تکمیل کو پہنچے گا۔

[pullquote]صومالی دارالحکومت میں کار بم حملہ، سولہ افراد مارے گئے[/pullquote]

صومالیہ کے دارالحکومت موغادیشو میں ایک کار بم حملے میں کم از کم سولہ افراد مارے گئے ہیں۔ اس حملے میں زخمیوں کی تعداد بیس بتائی گئی ہے۔ پولیس کے ایک اہلکار کے مطابق بارود سے بھری اس کار سے یہ حملہ ایک مشہور مقامی ہوٹل کے قریب سڑک پر کیا گیا۔ دھماکے سے کئی قریبی عمارات کو بھی نقصان پہنچا۔ اس ہوٹل میں جانے والے افراد زیادہ تر حکومتی اہلکار، سیاستدان اور غیر ملکی مہمان ہوتے ہیں۔ القاعدہ سے وابستہ عسکریت پسند گروہ الشباب نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کر لی ہے۔

[pullquote]آسٹریلیا: راہ گیروں پر ٹرک چڑھا دینے والے مجرم کو عمر قید کی سزا[/pullquote]

ایک آسٹریلوی عدالت نے اس شخص کو عمر قید کی سزا سنائی ہے، جس نے اپنا ٹرک راہ گیروں پر چڑھا کر ایک شخص کو ہلاک اور سترہ دیگر کو زخمی کر دیا تھا۔ اس واقعے کا مجرم سینتیس سالہ ایک افغان تارک وطن سعید نوری ہے۔ وہ جہادی گروہ ’اسلامک اسٹیٹ‘ کے ساتھ ہمدردی رکھتا تھا۔ آسٹریلوی قانون کے تحت اُسے تیس برس جیل میں گزارنا ہوں گے۔ عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ دانستہ طور پر پیدل چلنے والوں پر کوئی گاڑی چڑھا دینا ایک سفاکانہ فعل تھا اور خوش قسمتی سے اس حملے میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد بہت زیادہ نہیں تھی۔ یہ واقعہ اکیس دسمبر سن 2017 کو آسٹریلوی شہر میلبورن میں پیش آیا تھا۔

[pullquote]ٹرمپ کا اوپیک کو تیل کی پیداوار بڑھانے کا مشورہ[/pullquote]

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے تیل برآمد کرنے والے ممالک کی تنظیم اوپیک کو اپنی خام تیل کی پیداوار بڑھا دینے کا مشورہ دیا ہے۔ انہوں نے اپنی ایک ٹویٹ میں لکھا کہ عالمی منڈیوں کی موجودہ صورت حال کمزور ہے اور خام تیل کی قیمت میں بتدریج اضافہ ہو رہا ہے۔ یوں ٹرمپ نے بظاہر خام تیل کی بڑھتی ہوئی قیمتوں میں کمی کی وکالت کی ہے۔ دوسری جانب بین الاقوامی مالیاتی منڈیوں میں جمعرات اٹھائیس مارچ کو خام تیل کی فی بیرل قیمت میں کمی کا رجحان غالب رہا۔ یہ کمی ایک امریکی ڈالر سے بھی زیادہ رہی۔ ماہرین کے مطابق گزشتہ ہفتوں کے دوران خام تیل کی قیمتوں میں اضافے کی وجہ ایران کے خلاف امریکی پابندیاں اور وینزویلا کا سیاسی بحران رہے۔

[pullquote]گوئٹے مالا میں ٹرک حادثے میں ہلاکتوں کی تعداد کم کر کے اٹھارہ کر دی گئی[/pullquote]

وسطی امریکی ملک گوئٹے مالا کے صدر جمی مورالیس نے بتایا ہے کہ ایک ہجوم پر ٹرک چڑھ جانے کے واقعے میں اٹھارہ افراد کی موت ہوئی۔ قبل ازیں اس حادثے میں ہلاکتوں کی تعداد تیس بتائی گئی تھی۔ یہ حادثہ گوئٹے مالا کے دارالحکومت سے تقریباً 160 کلومیٹر کی دوری واقع صوبے سولولا کے شہر ناہُولا میں پیش آیا۔ مقامی ذرائع کے مطابق یہ ٹرک ایسے عام شہریوں کے ایک گروپ پر چڑھ گیا تھا، جو ایک حادثے کے بعد ایک مقامی سڑک پر جمع تھے۔ اٹھارہ ہلاک شدگان میں بچے اور خواتین بھی شامل ہیں۔

[pullquote]بھارتی زیر انتظام کشمیر میں مسلح جھڑپ کے دوران تین عسکریت پسند ہلاک[/pullquote]

بھارتی زیر انتظام کشمیر میں سکیورٹی فورسز کے ساتھ ایک مسلح جھڑپ کے دوران تین عسکریت پسند مارے گئے ہیں۔ بھارت کی سنٹرل ریزرو پولیس فورس کے مطابق یہ جھڑپ جموں اور کشمیر کے علاقے شوپیاں میں ہوئی۔ بیان کے مطابق تینوں عسکریت پسندوں کی لاشیں اور اسلحے کو قبضے میں لے لیا گیا ہے اور علاقے میں تلاش کا عمل جاری ہے۔ پولیس کے مطابق خفیہ اطلاع ملنے کے بعد بھارتی سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر تلاشی کا عمل شروع کیا تو یہ مسلح جھڑپ شروع ہو گئی۔

[pullquote]بھارتی آئین میں کشمیر کے حوالے سے پابندیاں آئینی اعتبار سے کمزور ہیں، بھارتی وزیر[/pullquote]

بھارتی زیر انتظام جموں و کشمیر کے حوالے سے بھارتی آئین میں موجود قانونی پابندیاں ’’آئینی اعتبار سے کمزور‘‘ ہیں۔ یہ بات بھارتی وزیر خزانہ ارون جیٹلی نے آج جمعرات کے روز کہی ہے۔ مسلم اکثریتی علاقے کشمیر کے سیاسی رہنماؤں نے خبردار کیا ہے کہ آئین میں دی گئی ضمانتوں کے حامل آرٹیکل 35 میں کسی طرح کا رد وبدل بے چینی کا سبب بنے گا۔

[pullquote]روسی فوجی وینزویلا پہنچ گئے[/pullquote]

روسی فوجی وینزویلا پہنچے ہیں تاہم اس کا مقصد کسی فوجی آپریشن میں شمولیت کی بجائے فوجی تعاون پر بات چیت کرنا ہے۔ روسی نیوز ایجنسی انٹرفیکس نے یہ بات ماسکو میں تعینات وینزویلا کے فوجی اتاشی کے حوالے سے بتائی ہے۔ مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق ہفتے کے روز دو روسی فوجی جہاز کراکس کے قریب ایک ایئربیس پر پہنچے تھےجن پر قریب 100 روسی فوجی موجود تھے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے گزشتہ روز روس سے مطالبہ کیا تھا کہ وہ وینزویلا سے اپنے تمام فوجی واپس بُلا لے۔ ٹرمپ کے مطابق ’اس کو ممکن بنانے‘ کے لیے تمام راستے کھلے ہیں۔

[pullquote]تھائی لینڈ: فوجی حمایت یافتہ سیاسی جماعت نے سب سے زیادہ ووٹ حاصل کیے[/pullquote]

تھائی لینڈ کے عام انتخابات میں فوج کے حمایت یافتہ وزیر اعظم وزیر اعظم پرایوت چن اوچا کی جماعت نے سب سے زیادہ 8.4 ملین ووٹ حاصل کیے ہیں۔ یہ بات ملکی الیکشن کمیشن کی طرف سے بتائی گئی ہے۔ سب سے بڑی اپوزیشن جماعت پھیو تھائی پارٹی نے 7.9 ملین ووٹ حاصل کیے ہیں۔ ان پارٹیوں کے حصے میں پارلیمان کی کتنی کتنی نشستیں آئی ہیں، اس کی تفصیل بتائی نہیں گئی۔ اس طرح یہ ابھی واضح نہیں کہ کونسی جماعت اگلی حکومت بنانے میں کامیاب ہوتی ہے۔ گزشتہ روز پھیو تھائی پارٹی سمیت سات مختلف جماعتوں نے مل کر حکومت بنانے کا اعلان کیا تھا۔ تھائی لینڈ میں 2014ء میں فوج کی طرف سے اقتدار پر قبضے کے بعد یہ پہلے عام انتخابات تھے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے