اسلام آباد: بریگیڈئیر ریٹائرڈ اعجاز شاہ نے وزارت داخلہ کا چارج سنبھال لیا۔
اعجاز شاہ ساڑھے 9 بجے سیکرٹریٹ کے آر بلاک میں وزارت داخلہ کے دفتر پہنچے جہاں انہوں نے اپنی ذمہ داریاں سنبھال لیں۔
وزارت داخلہ کا قلمدان سنبھالنے سے قبل حکومت نے بریگیڈیئر (ر) اعجاز شاہ کو بطور وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور تعینات کیا تھا جس پر پیپلز پارٹی کی جانب سے شدید تنقید کی گئی۔
وزیراعظم عمران خان کی کابینہ میں گزشتہ روز بڑے پیمانے پر اکھاڑ پچھاڑ کی گئی تھی، وزیراعظم نے وزیرمملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی کو عہدے سے ہٹاتے ہوئے وزارت داخلہ کا قلمدان اعجاز شاہ کو سونپا جو اس سے قبل ان کے پاس تھا۔
اسد عمر سے وزارت خزانہ، فواد چوہدری سے وزارت اطلاعات، غلام سرور اعوان سے وزارت پیٹرولیم اور عامر محمود کیانی سے وزارت قومی صحت کا چارج واپس لیا گیا ہے۔
پیپلز پارٹی کے دور حکومت میں وزیر خزانہ کا عہدہ سنبھالنے والے ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کو مشیر خزانہ لگایا گیا ہے جب کہ حکومتی ترجمانی کے لیے فردوس عاشق اعوان کو معاون مقرر کیا گیاہے۔
سابق وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی اعظم سواتی کو ایک مرتبہ پھر کابینہ میں شامل کرتے ہوئے انہیں وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور لگادیا گیا ہے، اس سے قبل انہیں سپریم کورٹ میں زیرسماعت ایک کیس کے بعد وزارت سے ہٹایا گیا تھا۔
فواد چوہدری سائنس اینڈ ٹیکنالوجی اور غلام سرور خان ایوی ایشن کی وزارت سنبھالیں گے۔