لاہور:گورنر پنجاب چوہدری سرور نے لوکل گورنمنٹ بل2019 پر دستخط کردیے۔
پنجاب اسمبلی نے گزشتہ دنوں صوبے میں نئے بلدیاتی نظام کا بل منظور کیا تھا جس پر اپوزیشن کی جانب سے شدید احتجاج کیا گیا تھا۔
پنجاب میں نئے بلدیاتی نظام کے تحت شہروں میں میونسپل اور محلہ کونسل جب کہ دیہات میں تحصیل اور ویلج کونسل ہوگی۔
گورنر پنجاب چوہدری سرور کا کہنا ہے کہ اختیارات نچلی سطح پر منتقل کرنے کا وعدہ پورا کررہے ہیں، وزیراعظم عمران خان کے وژن کے مطابق عوام کو مضبوط کررہے ہیں، نئے بلدیاتی نظام میں مقامی سطح پر عوامی نمائندے صحیح معنوں میں بااختیار ہوں گے۔
گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ عوامی سطح پر پائیدار سروس ڈیلیوری کو یقینی بنانا تحریک انصاف کے منشور کا سب اہم جزو ہے۔