کراچی: سندھ ہائی کورٹ نے شاہ زیب قتل کیس کے مرکزی مجرم شاہ رخ جتوئی اور سراج تالپور کی سزائے موت کو عمرقید میں تبدیل کردیا۔
سندھ ہائیکورٹ کے جسٹس محمد علی مظہر اور جسٹس نظر اکبر پر مشتمل خصوصی بینچ نے شاہ زیب قتل کیس میں مجرم شاہ رخ جتوئی، سراج تالپور اور دیگر کی سزاؤں کے خلاف اپیلوں کی سماعت کی۔
عدالت نے شاہ رخ جتوئی اور دیگر کی سزاؤں کے خلاف اپیلوں پر فیصلہ سناتے ہوئے مرکزی مجرم شاہ رخ جتوئی اور سراج تالپور کی سزائے موت کو عمر قید میں تبدیل کردیا جب کہ مرتضیٰ لاشاری اور سجاد تالپور کی عمرقید کو برقرار رکھنے کا حکم دیا۔
مجرمان نے 25 دسمبر 2012 کو طالب علم شاہ زیب کو قتل کیا تھا، مجرم شاہ رخ جتوئی اور سراج تالپور کو انسداد دہشت گردی عدالت نے جرم ثابت ہونے پر سزائے موت کا حکم دیا تھا، درخواست گزاروں کے وکلا نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ صلح نامہ کی بنیاد پر تمام مجرمان کو بری کیا جائے تاہم سپریم کورٹ نے شاہ رخ جتوئی اور مقتول شاہ زیب کے اہلخانہ کے درمیان صلح کو معطل کردیا تھا۔