لندن: بانی ایم کیو ایم الطاف حسین کو ضمانت پر رہا کر دیا گیا۔
اسکاٹ لینڈ یارڈ نے گزشتہ روز بانی ایم کیو ایم کے گھر پر چھاپہ مار کر تشدد پر اکسانے والی تقاریر کے الزام میں الطاف حسین کو گرفتار کیا تھا جنہیں بعدازاں مقامی پولیس منتقل کر دیا گیا تھا۔
جیو نیوز کے مطابق اسکاٹ لینڈ یارڈ نے بانی ایم کیو ایم سے گزشتہ رات برطانوی وقت کے مطابق رات 10 بجے سے 12 بجے تک تفتیش کی اور ان سے مختلف سوالات کئے تاہم الطاف حسین نے لندن پولیس کے سوالات کا کوئی جواب نہیں دیا۔
بانی ایم کیو ایم نے پولیس کو صرف اپنے نام، تاریخ پیدائش اور گھر کے پتے کی تصدیق کی جب کہ دورانِ تفتیش الطاف حسین کے وکلاء بھی ان کے ساتھ تھے۔
اس کے علاوہ پولیس نے بانی ایم کیو ایم کے گھر اور ایم کیو ایم کے انٹرنیشنل سیکریٹریٹ کی تلاشی مکمل کر لی ہے جہاں سے الطاف حسین کی تقاریر سے متعلق مواد قبضے میں لیا گیا ہے۔
اب بانی ایم کیو ایم الطاف حسین کو ضمانت پر رہا کر دیا گیا ہے۔
کراؤن پراسیکیوشن سروس کا کہنا ہے کہ فرد جرم عائد کرنے کے لیے الطاف حسین کے خلاف شواہد ناکافی ہیں، اس موقع پر ان پر فرد جرم عائد نہیں کی جا سکتی تاہم تحقیقات جاری رہے گی۔
دوسری جانب لندن پولیس نے بانی ایم کیوایم کو مزید 12 گھنٹے حراست میں رکھنے کی درخواست دے دی ہے۔
الطاف حسین کی 24 گھنٹے کے لیے حراست کا وقت پورا ہونے کے بعد انہیں مزید حراست میں رکھا جائے گا جس کے لیے درخواست ساؤتھ ورک پولیس اسٹیشن کے سپرنٹنڈنٹ نے دی ہے۔