اسلام آباد: احتساب عدالت نے جعلی اکاؤنٹس کیس میں سابق صدر آصف زرادری کے جسمانی ریمانڈ میں 11 روز کی توسیع کردی۔
قومی احتساب بیورو (نیب) کی جانب سے آصف زرداری کا 14 روزہ جسمانی ریمانڈ ختم ہونے پر اسلام آباد کی احتساب عدالت میں پیش کیا گیا۔
جعلی اکاؤنٹس کیس کی سماعت شروع ہوئی تو نیب نے عدالت سے استدعا کی کہ ملزم سے مزید تفتیش کرنا ہے اس لیے جسمانی ریمانڈ میں 14 روز کی توسیع کی جائے۔
دورانِ سماعت آصف زرداری کے وکیل لطیف کھوسہ نے نیب کی جانب سے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا پر اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ یہ نیب والے 14،14 دن کا جسمانی ریمانڈ کیوں مانگ رہے ہیں؟
اس موقع پر آصف زرداری کا کہنا تھا کہ ایک ہی دفعہ 90 دن کا جسمانی ریمانڈ دے دیں تاہم احتساب عدالت نے سابق صدر کو مزید 11 روز کے لیے نیب کے حوالے کرتے ہوئے انہیں 2 جولائی کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دیا۔
واضح رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کی جانب سے ضمانت مسترد کیے جانے کے بعد نیب کی ٹیم نے آصف زرداری اور ان کی ہمشیرہ فریال تالپور کو گرفتار کیا تھا۔