[pullquote]یورپی یونین کورونا ویکسین کی تقسیم کا نیا نظام تشکیل دے، بالٹک ریاستوں کا مطالبہ[/pullquote]
بحیرہ بالٹک کی تینوں ریاستوں نے یورپی یونین سے مطالبہ کیا ہے کہ کووڈ انیس کے خلاف ویکسین کی تقسیم کا ایک نیا نظام تشکیل دیا جائے۔ یورپی ہیلتھ کمشنر کے نام ایک خط میں ایسٹونیا، لیٹویا اور لیتھوانیا کے وزرائے صحت نے مطالبہ کیا ہے کہ یورپی ممالک میں غیر معمولی حالات اور ویکسین کے حقیقی استعمال کو مد نظر رکھتے ہوئے ویکسین کی نئے سرے سے تقسیم کو یقینی بنایا جائے۔ ان ممالک نے نئے سسٹم میں ویکسین کی دستیابی، ویکسینیشن کی شرح، کورونا کیسز کے تناسب، شرح اموات اور کورونا وائرس کی نئی تبدیل شدہ شکلوں کے پھیلاؤ جیسے عوامل کو پیش نظر رکھنے پر بھی زور دیا۔ بالٹک کی تین جمہوریاؤں میں سے ایسٹونیا اس وقت انفیکشن کے پھیلاؤ کی شرح کے اعتبار سے دنیا بھر میں دوسرے نمبر پر ہے۔
[pullquote]پوپ فرانسس کی طرف سے ہتھیار سازی اور ہتھیاروں کے اسمگلروں کی مذمت[/pullquote]
کیتھولک مسیحیوں کے روحانی پیشوا پوپ فرانسس نے ہتھیار سازی اور ہتھیاروں کی اسمگلنگ کرنے والوں کی طرف سے دہشت گردوں کو ہتھیار فروخت کیے جانے کی سخت مذمت کی ہے۔ پوپ نے آج بدھ کے روز اپنے حالیہ دورہ عراق کے بعد یہ بات ویٹیکن سٹی میں اپنے ایک بیان میں کہی۔ پاپائے روم نے کہا کہ وہ شکر گزار ہیں کہ وہ عراق کا دورہ کر سکے۔ ان کے مطابق یہ دورہ اس امید کی علامت ہے کہ برسوں کی جنگ، دہشت گردی اور کورونا وائرس کی وبا کے دور میں سخت حالات کے باوجود مسیحیوں اور مسلمانوں کے مابین افہام و تفہیم کی فضا قائم ہو سکتی ہے۔ پوپ فرانس نے ویٹیکن میں اپنے ہفتہ وار خطاب میں کہا کہ عراقی عوام کو پُر امن زندگی گزارنے اور اس وقار کی بحالی کا حق حاصل ہے، جو ان کی میراث ہے۔
[pullquote]امریکا میں ہیکرز نے ویڈیو نگرانی کرنے والے کیمرے ٹیپ کر لیے[/pullquote]
ہیکرز کے ایک چھوٹے سے گروپ نے گزشتہ دو روز کے دوران امریکی کمپنی ویرکاڈا کے بنائے ہوئے ویڈیو نگرانی کرنے والے ڈیڑھ لاکھ کیمرے ٹیپ کر لیے۔ اس کارروائی سے ہسپتال، جیلیں، اسکول، پولیس اسٹیشن اور الیکٹرک کاریں بنانے والی کمپنی ٹیسلا حتیٰ کہ آئی ٹی سکیورٹی کمپنی کلاؤڈ فلیئر بھی متاثر ہوئی۔ ہیکرز اپنی اس کارروائی کو ’نگرانی کرنے والی ریاست کو بے نقاب کرنے‘ میں کامیابی قرار دے رہے ہیں۔ انہوں نے ہیک کی گئی بہت سی تصاویر آن لائن شائع بھی کر دی ہیں۔ ان کیمروں کو بنانے والی کمپنی ویرکاڈا نے اس حملے کو روکنے کے بعد اپنے صارفین اور پولیس دونوں کو اس ہیکنگ سے باقاعدہ طور پر آگاہ بھی کر دیا ہے۔
[pullquote]فرانس کی طرف سے پہلی بار خلاء میں فوجی مشقیں[/pullquote]
فرانس نے خلاء میں اپنی پہلی فوجی مشقوں کا آغاز کر دیا ہے۔ ان مشقوں کا مقصد اس امر کا اندازہ لگانا ہے کہ کسی ممکنہ حملے کی صورت میں ملکی خلائی کمان کی فرانسیسی مصنوعی سیاروں اور دیگر دفاعی آلات کی حفاظت کی صلاحیت کتنی کافی ہے۔ فرانس کی اسپیس کمانڈ کے سربراہ مشیل فریڈلنگ کے مطابق ان مشقوں کا مقصد ’’شدید دباؤ کے ماحول میں فرانسیسی سسٹم کا امتحان ہے۔‘‘ انہوں نے کہا کہ فرانسیسی فوج کی جانب سے یہ اپنی نوعیت کی پہلی مشقیں ہیں جبکہ یورپ میں بھی ایسا پہلی بار ہو رہا ہے۔ یہ مشقیں ایک ایسی تصوراتی فضا میں کی جا رہی ہیں کہ جیسے فرانس کو خلاء میں کسی حریف طاقت کی طرف سے خطرات کا سامنا ہو۔
[pullquote]کیپیٹل ہل کی حفاظت، نیشنل گارڈز کی تعیناتی کی مدت میں توسیع[/pullquote]
امریکی دارالحکومت واشنگٹن میں کیپیٹل ہل کہلانے والی ملکی پارلمیان کی عمارت کی حفاظت پر مامور نیشنل سکیورٹی گارڈز کی تعیناتی کی مدت میں کم از کم ڈھائی ماہ کی توسیع کر دی گئی ہے۔ امریکی محکمہ دفاع پینٹاگون کے ترجمان نے بتایا کہ وزیر دفاع لائڈ آسٹن نے واشنگٹن پولیس کی جانب سے اس توسیع کی درخواست کی منظوری دیتے ہوئے اس کی مدت 23 مئی تک کے لیے بڑھا دی ہے۔ تاہم توسیع کی مدت کے لیے وہاں تعینات فوجیوں کی تعداد پانچ ہزار دو سو سے کم کر کے دو ہزار تین سو کر دی گئی ہے۔ کیپیٹل ہل پر چھ جنوری کو سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حامیوں کی طرف سے دھاوا بولے جانے کے بعد وہاں ہونے والی بدامنی کے باعث نیشنل گارڈز تعینات کر دیے گئے تھے۔
[pullquote]ترکی میں روسی سفیر کے قاتلوں کو عمر قید کی سزا[/pullquote]
ترک دارالحکومت انقرہ کی ایک عدالت نے ترکی میں چار سال قبل وہاں تعینات روسی سفیر آندرے کارلوف کے قتل میں ملوث پانچ ملزمان کو عمر قید کی سزا سنا دی ہے۔ سرکاری خبر رساں ادارے انادولو کے مطابق عدالت نے ان ملزمان کو بغاوت کی کوشش اور دانستہ قتل کے الزام میں یہ سزائیں سنائیں۔ چار سال قبل ایک نمائش کی افتتاحی تقریب کے موقع پر ایک ترک پولیس اہلکار نے روسی سفیر آندرے کارلوف کو گولی مار دی تھی۔ قاتل خود بھی ترکی کے خصوصی دستوں کی کارروائی میں مارا گیا تھا۔ کہا جاتا ہے کہ اس پولیس اہلکار کے مسلمان مبلغ فتح اللہ گولن سے روابط تھے۔ انقرہ حکومت گولن کو 2016ء میں کی گئی ملک میں فوجی بغاوت کی ناکام کوشش کا ذمہ دار قرار دیتی ہے۔
[pullquote]یورپی کمیشن نے ڈیجیٹلائزیشن کے لیے نیا روڈ میپ پیش کر دیا[/pullquote]
یورپی کمیشن نے ڈیجیٹلائزیشن کے لیے اپنا نیا روڈ میپ پیش کر دیا ہے۔ اس روڈ میپ میں تیز رفتار انٹرنیٹ اور آن لائن سہولیات کی فراہمی کے ساتھ ساتھ انفارمیشن ٹیکنالوجی کی بہتر عوامی خدمات کی فراہمی پر توجہ دی گئی ہے۔ یورپی کمیشن اس امر کو بھی یقینی بنانا چاہتا ہے کہ اگلی دہائی کے آغاز تک دنیا بھر میں تیار کردہ تمام سیمی کنڈکٹرز میں سے 20 فیصد یورپی یونین میں تیار کیے جائیں۔ یورپی کمیشن کی صدر اُرزولا فان ڈئرلاین نے کہا کہ دیگر معاملات کے ساتھ ساتھ ڈیجیٹلائزیشن بھی انتہائی اہم معاملہ ہے۔
[pullquote]جرمنی میں تارکین وطن کے سماجی انضمام سے متعلق نیا ایکشن پلان[/pullquote]
جرمن چانسلر انگیلا میرکل نے کہا ہے کہ ملک میں امتیازی سلوک اور نسل پرستی کے خلاف جنگ میں اب بھی بہت زیادہ کام کرنے کی ضرورت ہے۔ اس سلسلے میں ایک سالانہ ’سماجی انضمام سمٹ‘ کا ورچوئل انعقاد بھی کیا گیا۔ اس کانفرنس میں میرکل نے کہا کہ تعصبات کو بے نقاب کرنے کی ضرورت ہے۔ اس موقع پر وفاقی اور صوبائی حکومتی نمائندوں اور بلدیاتی اداروں کے مندوبین کے علاوہ تارکین وطن کے حقوق کے لیے سرگرم تنظیموں کے عہدیداروں نے سماجی انضمام سے متعلق ایک قومی ایکشن پلان کی منظوری بھی دے دی۔ اس پلان میں ایسی حکمت عملی بھی شامل ہے، جس کے تحت معاشرتی زندگی میں تارکین وطن کی زیادہ سے زیادہ شرکت یقینی بنائی جائے گی۔ چانسلر میرکل نے عوام سے مطالبہ کیا کہ وہ معاشرے کو مضبوط بنانے کے لیے سماجی تنوع کی اہمیت کو سمجھیں اور تارکین وطن کے پس منظر کے حامل افراد بھی سماجی انضمام کے عمل میں گرم جوشی دکھائیں۔
[pullquote]کورونا ویکسین کی کمیابی پرغیر سرکاری تنظیموں کا اظہار تشویش[/pullquote]
بین الاقوامی سطح پر کام کرنے والی کئی غیر سرکاری امدادی تنظیموں نے غریب یا کم آمدنی والے ممالک میں کورونا ویکسین کی کمیابی کے خلاف خبردار کیا ہے۔ آکسفیم نے کہا ہے کہ دنیا کے غریب ترین ممالک کی اکثریت میں ابھی تک کسی ایک بھی شہری کو ویکسین نہیں لگائی گئی۔ اس تنظیم کے اندازوں کے مطابق دنیا کے جنوبی نصف کرے کے ممالک میں ویکسین کی کمی کے سبب رواں برس کے آخر تک صرف بیس فیصد باشندوں کو ہی کورونا وائرس کے خلاف ویکسین لگائے جانے کی امید ہے۔ کئی امدادی تنظیمیں مختلف دوا ساز کمپنیوں کو حاصل اس ویکسین کی پیداوار کے قانونی حقوق کی معطلی کے مطالبے بھی کر رہی ہیں تاکہ زیادہ سے زیادہ ممالک مقامی طور پر یہ ویکسین خود تیار کر سکیں۔
[pullquote]بامیان میں بدھا کے تباہ شدہ مجسمے کی تھری ڈی جھلکیاں[/pullquote]
وسطی افغانستان میں تباہ کر دیے گئے بدھا کے دو تاریخی مجسموں میں سے ایک کو ایک ثقافتی منصوبے کے لیے ورچوئل سطح پر دوبارہ تعمیر کیا گیا ہے۔ تھری ڈی پروجیکٹر کی مدد سے ساتویں صدی میں بنائے گئے لیکن دو عشرے قبل تباہ کر دیے گئے اس 55 میٹر بلند مجسمے کو اس کے اصل مقام پر ایک چٹان کے اوپر پروجیکٹر کی مدد سے دکھانے کا بندوبست کیا گیا ہے۔ بیس برس قبل طالبان انتہا پسندوں نے بامیان میں موجود مہاتما بدھ کے یہ دونوں مجسمے تباہ کر دیے تھے۔ اب اسی جگہ پر ان میں سے ایک مجسمے کو ورچوئلی دکھانے کا اہتمام کرنے کا مقصد طالبان کے ہاتھوں تباہی کی یاد تازہ کرنا ہے۔ افغان طالبان نے ان مجسموں کو ملک میں قبل از اسلام کے ثقافتی ورثے کے خلاف اپنی مہم کے دوران تباہ کر دیا تھا۔