بدھ : 24 مارچ 2021 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]چین کا اسرائیل اور فلسطین کو مذاکرات کے لیے مدعو کرنے کا ارادہ[/pullquote]

بیجنگ حکومت مشرق وسطیٰ میں عشروں سے تصادم کے شکار ممالک اسرائیل اور فلسطین کے رہنماؤں کو مذاکرات کے لیے چین میں مدعو کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔ العربیہ ٹیلی وژن چینل نے بُدھ کے روز چینی وزیر خارجہ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ وانگ ژی نے ایک انٹرویو میں کہا ہے کہ بیجنگ حکومت اسرائیلیوں اور فلسطینیوں کو اپنے ہاں مذاکرات کے لیے مدعو کرنا چاہتی ہے۔ چینی وزیر خارجہ نے رواں ہفتے سے اپنا مشرق وسطیٰ کا دورہ شروع کیا ہے۔ دبئی میں واقع ایک سعودی چینل کے مطابق چینی وزیر خارجہ نے سعودی عرب کی طرف سے یمن جنگ کے خاتمے کی پیش کش کی بھی حمایت کی ہے۔

[pullquote]چین کا یورپی یونین پر ’منافقت اور دوہرا معیار‘ رکھنے کا الزام[/pullquote]

چین نے بدھ کے روز یورپی یونین پر’منافقت اور دوہرا معیار‘رکھنے کا الزام عائد کیا ہے۔ بیجنگ کی طرف سے یہ بیان یورپی یونین اور چین دونوں کی طرف سے ایک دوسرے پر پابندیوں کے اعلان کے بعد سامنے آیا ہے۔ چین میں مسلم ایغور اقلیت کے خلاف بیجنگ حکومت کے اقدامات کے تنازعہ میں یورپی یونین اور چین نے ایک دوسرے پر پابندیاں عائد کر دی ہیں۔ چینی وزارت خارجہ کی ترجمان کے مطابق یورپی یونین سمجھتی ہے کہ صرف خود اُسے ہی دوسروں پر ’حملہ کرنے اور غلط اطلاعات کو بنیاد بنا کر کسی پر پابندیاں عائد کرنے‘ کا حق حاصل ہے اور چین کی جوابی پابندیوں کا حق نہیں دیا جاتا۔

[pullquote]دبئی کے نائب حکمران شیخ ہمدان بن راشد انتقال کر گئے[/pullquote]

دبئی کے نائب حکمران اور متحدہ عرب امارات کے وزیر خزانہ شیخ ہمدان بن راشد ال مکتوم 75 برس کی عمر میں انتقال کر گئے ہیں۔ وہ دبئی کے حکمران اور متحدہ عرب امارات کے وزیر اعظم اور نائب صدر محمد بن راشد کے بھائی تھے۔ دبئی سے ملنے والی رپورٹوں کے مطابق حمدان بن راشد ال مکتوم کا انتقال آج چوبیس مارچ بدھ کے روز ہوا۔ وہ تقریباﹰ نصف صدی تک متحدہ عرب امارات کے وزیر خزانہ کے عہدے پر فائز رہے اور انہوں نے دبئی کو دنیا کے بڑے کاروباری اور اقتصادی مراکز میں سے ایک بنانے میں بھی اہم کردار ادا کیا۔ ان کی وفات پر دبئی میں دس روزہ سرکاری سوگ منانے کا اعلان کیا گیا ہے۔

[pullquote]روہنگیا پناہ گزین کیمپ میں آتشزدگی سے کم از کم 15 ہلاکتیں[/pullquote]

دو روز قبل بنگلہ دیش میں روہنگیا پناہ گزین کیمپ میں لگنے والی آگ کے نتیجے میں کم از کم 15 افراد ہلاک جبکہ 560 زخمی ہوئے ہیں۔ اقوام متحدہ کی مہاجرین کے امور کی ایجنسی یو این ایچ سی آر نے اس صورتحال کو تباہ کن قرار دیا ہے۔ اس واقعے کے بعد سے تا حال 400 افراد لاپتہ ہیں۔ آگ کی زد میں آنے والے مہاجر کیمپ کے 45 ہزار سے زیادہ پناہ گزین اپنی رہائش سے محروم ہو چکے ہیں۔ خبر رساں ادارے روئٹرز نے عینی شاہدین کے حوالے سے بتایا ہے کہ کیمپ کے چاروں طرف خاردار تاروں کی رکاوٹوں کی وجہ سے بہت سے لوگ آگ سے بچ نہیں سکے۔ میانمار سے بنگلہ دیش مہاجرت کر کے آنے والے ان قریب ایک لاکھ چوبیس ہزار مہاجرین کے کیمپ میں آگ لگنے کی وجہ ابھی تک معلوم نہیں ہو سکی۔

[pullquote]جرمنی روس کے ہاتھوں میں کھیل رہا ہے، امریکی وزیر خارجہ[/pullquote]

امریکا کے نئے وزیر خارجہ اینتھونی بلنکن نے اپنے جرمن ہم منصب ہائیکو ماس کے ساتھ اپنی پہلی دو طرفہ ملاقات میں بحیرہ بالٹک گیس پائپ لائن نارڈ اسٹریم ٹو پر شدید تنقید کی ہے۔ بلنکن نے بالواسطہ جرمنی پر الزام لگایا کہ وہ روس کی طرف سے اجتماعی سلامتی کو نقصان پہنچانے کی کوششوں میں ماسکو کے ہاتھوں میں کھیل رہا ہے۔ برسلز میں نیٹو کے اجلاس کے موقع پر بات چیت کے بعد امریکی ترجمان نیڈ پرائس نے اعلان کیا کہ امریکا روس کے ان عزائم کا مقابلہ کرے گا۔ ادھر برلن میں جرمن دفتر خارجہ نے نارڈ اسٹریم ٹو گیس پائپ لائن سے متعلق کوئی معلومات فراہم نہیں کیں اور امریکی وزیر خارجہ کے ساتھ ملاقات کے دوران بہت ’ مثبت تبادلہء خیال‘ کی بات کی ہے۔

[pullquote]جرمنی میں ایسٹر لاک ڈاؤن، تجارتی حلقوں کی سخت تنقید[/pullquote]

جرمنی میں وفاقی اور ریاستی حکومتوں کی طرف سے ’ایسٹر لاک ڈاؤن‘ کا فیصلہ کئی کمپنیوں اور آجرین کے لیے غیر یقینی صورتحال کا باعث بنا ہے اور لاک ڈاؤن میں سختی کے فیصلے پر بزنس ایسوسی ایشنوں نے بھی شدید تنقید کی ہے۔ جرمنی میں کورونا کے نئے انفیکشن کی تعداد کو کم کرنے کے لیے یکم اپریل اور ہفتہ تین اپریل کو بھی اس سال چھٹی ہو گی۔ ہفتے کے روز صرف اشیائے خور دو نوش کی دکانیں کھلی رکھنے کی اجازت ہوگی تاہم بین الاقوامی سپلائی چین کے ملازمین کے لیے اب تک واضح احکامات سامنے نہیں آئے ہیں۔ وفاقی وزارت داخلہ آج بدھ کی شام تک ایسٹر کی تعطیلات کے دوران لاک ڈاؤن سے متعلق ضوابط کی مزید تفصیلات پیش کرے گی۔

[pullquote]اسرائیلی پارلیمانی انتخابات، حکومت سازی پھر مشکلات کا شکار[/pullquote]

دو سال کے اندر چوتھے پارلیمانی انتخابات کے بعد بھی اسرائیل میں مستحکم حکومت سازی کے آثار نظر نہیں آ رہے ہیں۔ گزشتہ روز مشرق وسطیٰ کی اس ریاست میں ہونے والے پارلیمانی انتخابات میں وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو کی قومی قدامت پسند لیکوڈ پارٹی نے زیادہ ووٹوں سے کامیابی حاصل کی تاہم اس کے باجود یہ واضح نہیں کہ آیا وہ ایک قابل عمل حکومتی اتحاد تشکیل دے پائیں گے۔ نیتن یاہو کے حریف جیر لیپڈ، جن کا تعلق لبرل پارٹی سے ہے، کے لیے بھی ایک مستحکم اتحاد بنانا مشکل ہو گا۔ واضح رہے کہ 2020 ء میں بجٹ کے تنازعے پر ’بلیو وائٹ‘ اشتراک سے بننے والی حکومت ٹوٹ گئی تھی۔

[pullquote]شمالی کوریا کی طرف سے دو شارٹ رینج میزائلوں کا تجربہ[/pullquote]

امریکا اور جنوبی کوریا کی حکومتوں کے مطابق شمالی کوریا نے دو شارٹ رینج میزائلوں کا تجربہ کیا ہے۔ تاہم گزشتہ ہفتے کے آخر میں فائر کیے گئے کروز میزائل اقوام متحدہ کی پابندیوں کی خلاف ورزی نہیں تھے۔ دوسرے لفظوں میں یہ چھوٹے درجے کے ہتھیاروں کا نظام تھا۔ شمالی کوریا کے حکمران کم جونگ ان نے حال ہی میں امریکا کو اپنے ملک کا ’’سب سے بڑا دشمن‘‘ قرار دیا تھا۔ یاد رہے کہ امریکا کے 28 ہزار سے زیادہ فوجی جنوبی کوریا میں تعینات ہیں۔

[pullquote]نئی امریکی انتظامیہ کا بغداد کے ساتھ دو طرفہ مذاکرات جاری رکھنے کا فیصلہ[/pullquote]

وائٹ ہاوس نے منگل کے روز کہا ہے کہ امریکا اور عراق اپریل میں اسٹریٹیجک مذاکرات بحال کرنے والے ہیں، جس کا مقصد عراق سے امریکی افواج کے انخلاء کے بارے میں بات چیت کرنا ہے۔ جو بائیڈن انتظامیہ کے زیر اہتمام یہ پہلی میٹنگ ہو گی۔ دونوں ممالک عراق میں اس وقت موجود ڈھائی ہزار امریکی فورسز کی واپسی کے طریقہ کار پر بات چیت کرنے پر رضا مند ہیں۔ وائٹ ہاؤس کی ترجمان جین ساکی نے ایک بیان میں کہا کہ ان مذاکرات سے یہ بات مزید واضح ہوجائے گی کہ اتحادی افواج کی عراق میں موجودگی کا واحد مقصد عراقی فوج کو تربیت دینا اور اس امر کو یقینی بنانا ہے کہ داعش دوبارہ خود کو منظم نہ کر پائے۔

[pullquote]فرانس میں کورونا کی تیسری لہر، دو وزراء ہسپتال میں[/pullquote]

فرانسیسی وزیر ثقافت روزلین بیچلو کورونا وائرس کا شکار ہو گئیں۔ ان کے کووڈ انیس کے ٹیسٹ کا نتیجہ پازیٹیو آنے کے بعد انہیں ہسپتال میں داخل کر دیا گیا ہے۔ اس کا انکشاف فرانسیسی میڈیا نے ُبدھ کے روز کیا۔ فرانس میں روزگار کے امور کی وزیر الیزابتھ بورن پہلے ہی کووڈ انیس میں مبتلا ہونے کے سبب ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔ بحرانی صورتحال کے سبب آئندہ مہینے فرانس کے لیے انتہائی ’غضب ناک‘ ثابت ہو سکتے ہیں۔

[pullquote]جرمن چانسلر آفس کی طرف سے ’آٹوموبائل سمٹ‘ کا انعقاد[/pullquote]

جرمن چانسلر انگیلا میرکل نے سیاسی اور کاروباری نمائندوں کے ساتھ یورپ میں ’ای کاروں‘ کے رجحان اور اس کے ماحولیاتی تحفظ کے اہداف پر اثرات کے بارے میں تبادلہ خیال کیا ہے۔ اس اجلاس میں جرمن چانسلر کے ساتھ سیاسی، اقتصادی اور ماحولیاتی تحفظ کے شعبوں کے نمائندوں نے یورپ میں ’الیکٹرک چارجنگ اسٹیشنز کی تیز رفتار ترقی‘ پر زور دیا ہے۔ آٹوموبائل انڈسٹری کی ایسوسی ایشن کے صدر ہیلڈیگارڈ میولر نے کہا کہ اس صنعت کو اپنی تاریخ کی سب سے بڑی تبدیلی کا سامنا ہے۔ اس موقع پر الیکٹرک کار سازی کی صنعت میں وسعت کے پیش نظر ’قابل اعتماد اور واضح شرائط والے فریم ورک ‘‘ کی ضرورت پر زور دیا گیا ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے