بدھ : 07 اپریل 2021 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]برازیل، کورونا سے ایک دن میں چار ہزار سے زائد اموات[/pullquote]

برازیل میں پہلی بار ایک دن کے دوران کورونا کے سبب چار ہزار سے زائد ہلاکتیں ہوئی ہیں۔ ہسپتالوں میں رش بڑھ گیا ہے، صحت کا نظام مفلوج نظر آتا ہے جبکہ بعض شہروں میں علاج کے منتظر افراد کی اموات ہو رہی ہیں۔ طبی ماہرین کے مطابق وائرس کی نئی قسم زیادہ تیزی سے پھیل رہی ہے اور پہلے سے زیادہ مہلک ثابت ہو رہی ہے۔ تاہم اس کے باوجود صدر بولسونارو ملک میں لاک ڈاؤن کے خلاف ہیں اور کئی علاقوں کے گورنر اور میئر معاشی سرگرمیاں بحال کرنے کی راہ پر ہیں۔ برازیل اس وقت دنیا میں امریکا کے بعد دوسرا سب زیادہ متاثرہ ملک ہے جہاں اب تک تین لاکھ چالیس ہزار زندگیاں وبا کی نظر ہوچکی ہیں۔

[pullquote]جرمنی میں تین دہائیوں کا بدترین بجٹ خسارہ[/pullquote]

جرمنی میں آٹھ سال میں پہلی بار حکومت کو بجٹ خسارے کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ حکام کے مطابق اس کی بنیادی وجہ کورونا وبا سے پیدا ہونے والا عالمی معاشی بحران ہے۔ ادارہ شماریات کے مطابق پچھلے سال جرمنی کا بجٹ خسارہ تقریبا 189 ارب یورو تک پہنچ گیا۔ تین دہائیاں پہلے مشرقی اور مغربی جرمنی کے یکجا ہونے کے بعد سے یہ سب سے بڑا خسارہ ہے۔ حکومت کا کہنا ہے کہ وبا کے دوران لوگوں کو زیادہ سے زیادہ ریلف دینا حکومت کی اولین ترجیح ہے جس کے لیے سرکاری خزانہ پر بوجھ بڑھ گیا ہے۔

[pullquote]میانمار میں فوج نے مشہور کامیڈین کو گرفتار کرلیا[/pullquote]

میانمار کے فوجی حکام نے حکومت پر تنقید کرنے والے ادیبوں، فنکاروں اور صحافیوں کے خلاف کریک ڈاؤن سخت کردیا ہے۔ منگل کو سکیورٹی فورسز نے ملک کے مایہ ناز کامیڈین زرگارنر کو ان کے گھر سے گرفتار کرلیا۔ ساٹھ سالہ زرگارنر کا شمار ملک میں طنز و مزاح کی سرکردہ شخصیات میں ہوتا ہے۔ حکام نے ان پر فوجی حکومت کے خلاف لوگوں کو مظاہروں پر اُکسانے کا الزام عائد کیا ہے۔ حکومت نے پچھلے ایک ہفتے کے دوران آرٹ، فلم اور تھیٹر کی سو کے قریب شخصیات کی گرفتاری کے وارنٹ جاری کیے ہیں۔

[pullquote]ترکی کو بہتر تعلقات کے لیے انسانی حقوق کا خیال کرنا ہوگا، یورپی یونین[/pullquote]

یورپی یونین نے کہا ہے کہ اگر ترکی یورپ کے ساتھ بہتر تعلقات چاہتا ہے تو اسے بنیادی انسانی حقوق کا احترام کرنا ہوگا۔ منگل کو انقرہ میں ترک صدر رجب طیب ایردوآن کے ساتھ ملاقات کے بعد یورپی کمیشن کی صدر ارزولا فان ڈیئر لائن نے کہا کہ یورپی یونین کو ترکی میں خواتین کے حقوق سے متعلق تشویش ہے۔ صدر ایردوآن نے پچھلے ماہ ہی ایک صدارتی فرمان کے ذریعے خواتین کو گھریلو تشدد سے تحفظ دینے سے متعلق استنبول کنونشن سے علحیدہ ہونے کا اعلان کیا۔ ترکی کے اس فیصلے پر ملک کے اندر اور باہر کافی تنقید ہوئی ہے۔ یورپی کمیشن کی صدر نے کہا کہ یورپ ترکی کے ساتھ تعلقات کی بہتری چاہتا ہے لیکن انسانی حقوق کے معاملے پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔

[pullquote]دبئی، برہنہ فوٹو شوٹ میں ملوث افراد کی ملک بدر کا حکم[/pullquote]

دبئی میں حکام نے ایک فلیٹ کی بالکونی میں پندرہ بظاہر مغربی خواتین کے برہنہ فوٹو شوٹ میں ملوث افراد کی ملک بدری کا حکم دے دیا ہے۔ دبئی کے پوش علاقے مرینا کی ایک بلند و بالا عمارت کی بالکونی پر اس فوٹو شوٹ کی ویڈیو اور تصاور ہفتے کی شب سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھیں۔ سکیورٹی حکام نے اس واقعے کو اماراتی معاشرے کی اقدار کے خلاف قرار دے کر گرفتاریاں کی تھیں۔ حکام نے یہ واضح نہیں کیا کہ ان خواتین کا تعلق کس ملک ہے۔ تاہم برطانوی اخبار ’دی سَن‘ کا کہنا ہے کہ یہ فوٹو شوٹ ایک امریکی پورن ویب سائٹ سے منسلک ایک اسرائیلی ویب سائٹ کے لیے تھا۔

[pullquote]امریکا میں جلد تمام بالغ افراد کو ویکسین ملے گی[/pullquote]

امریکی صدر جو بائیڈن نے اعلان کیا ہے کہ دو ہفتوں کے بعد ملک کے تمام بالغ شہریوں کو کورونا سے بچاؤ کی ویکسین دستیاب ہوجائے گی۔ اس سے پہلے امریکی حکومت نے یہ کام یکم مئی سے شروع کرنے کا اعلان کیا تھا۔ تاہم منگل کو صدر بائیڈن نے کہا کہ امریکا کا ویکسین پروگرام تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے اور اب اٹھارہ سال سے اوپر کے تمام امریکی شہریوں کو انیس اپریل سے ٹیکے مہیا ہونا شروع ہو جائیں گے۔ صدر بائیڈن کے مطابق امریکا وہ پہلا ملک ہے جو چھ کروڑ بیس لاکھ لوگوں کو مکمل طور پر اور پندرہ کروڑ شہریوں کو کم از کم ایک دفعہ ویکسین دے چکا ہے۔

[pullquote]بھارت میں کیسز پھر ایک لاکھ سے تجاوز کر گئے[/pullquote]

بھارت میں کورونا کی تازہ لہر کے دوران نئے انفیکشن کی تعداد مسلسل بڑھ رہی ہے اور وزارت صحت کے مطابق بدھ کو ایک لاکھ پندرہ ہزار سے زائد کیسز سامنے آئے۔ اس ہفتے میں یہ دوسری بار ہے کہ بھارت میں ایک دن کے اندر ایک لاکھ سے زائد نئے کیسز ریکارڈ کیے گئے ہیں۔ بھارت اس وقت دنیا میں کورونا ویکسین بنانے والا سب سے بڑا ملک ہے۔ تاہم ناقدین کے مطابق ملک کے بعض علاقوں میں ویکسین کی فراہمی بدانتظامی کا شکار ہے اور لوگ ایک دوسرے سے دور رہنے کی ہدایات کو سنجیدگی سے نہیں لے رہے۔ بھارت کی آبادی ایک ارب ساڑھے تین کروڑ ہے، جس میں اب تک ساڑھے سات کروڑ شہریوں کو ویکسین دی جا چکی ہے۔

[pullquote]ایران جوہری معاہدے پر مذاکرات کا پہلا دور ’کامیاب‘[/pullquote]

آسٹریا کے دارالحکومت ویانا میں ایران کے ایٹمی پروگرام پر عالمی طاقتوں کے مذاکرات کا پہلا دور مکمل ہوگیا ہے۔ ایران اور عالمی طاقتوں نے منگل کو ہونے والی اس بات چیت کو ’تعمیری‘ قرار دیا ہے۔ اپنے الگ الگ بیانات میں امریکا اور ایران نے کہا کہ انہیں فوری طور پر کسی کامیابی کی توقع نہیں تاہم دونوں حکومتوں اور یورپی یونین نے ابتدائی بات چیت کو مثبت قرار دیا۔ اطلاعات کے مطابق فریقین تہران پر عائد امریکی پابندیوں پر بات چیت کے لیے ایک ورکنگ گروپ قائم کرنے پر رضامند ہوگئے ہیں تاکہ سن 2015 کا ایٹمی معاہدہ بحال کرنے کی راہ ہموار ہو سکے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے