جماعتِ اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمٰن کا کہنا ہے کہ ان کا 4 شادیوں کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔
حال ہی میں امیرِ جماعتِ اسلامی کراچی نے مفتی طارق مسعود کے پوڈ کاسٹ میں شرکت کی جس میں انہوں نے کراچی کے حالات سمیت اپنے زمانہ طالبعلمی سے متعلق بات کی۔
دوران گفتگو مفتی طارق مسعود نے پاکستان کی آبادی پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ابھی میں یورپ کا دورہ کرکے آیا ، اتنے بڑے بڑے ملک ہیں اور آبادی بہت ہی کم ہے، تقریباً 50 لاکھ یا ایک کروڑ ہے جب کہ ملک پاکستان جتنے ہی ہیں۔
مفتی طارق مسعود نے کہا کہ ان ممالک میں نوجوان نسل زیادہ نہیں ہے، ہمارے پاکستان میں ڈھائی کروڑ کے قریب آبادی ہے اور جب سے میرے 4 شادیوں والے بیانات شروع ہوئے ہیں، مجھے لگتا ہے 5 کروڑ ہوجائے گی آبادی۔
جواب میں حافظ نعیم نے کہا کہ دیکھیں اب آپ نے شادیوں کی بات کردی ہے، مجھے خواتین میں غیر مقبول مت کردیجیے گا۔
یہ کہتے ہی حافظ نعیم سمیت طارق مسعود ہنس پڑے اور طارق مسعود نے جواب دیا کہ میں آپ کو اپنی 4 شادیوں والی کتاب دوں گا جس پر حافظ نعیم بولے نہیں، میرا 4 شادیوں کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔
امیرِ جماعتِ اسلامی کراچی نے یہ بھی کہا ہے کہ کراچی میں صحیح مردم شماری ہو جائے تو ہمیں وسائل بھی زیادہ ملیں گے اور اسمبلی میں ہماری نمائندگی بھی زیادہ ہوجائے گی۔