یہ جو میرے ساتھ تصویر میں موجود شخص ہیں، ان کا نام صفت ولی خان ہے۔ پڑی بنگلہ کے رہائشی ہیں۔ عمر پینسٹھ برس سے تجاوز کر چکی ہے، مگر ان کی ہمت، غیرت اور محنت آج بھی جوان ہے۔ نیک، صالح، باوقار اور انتہائی محنتی انسان ہیں۔ ایک بیوی اور تین کم عمر، نابالغ بچوں کے اکلوتے کفیل ہیں۔ غور سے دیکھیں! زندگی کے نشیب و فراز نے ان کے نورانی چہرے پر وقت کی جھریاں تو ثبت کر دی ہیں، مگر خودداری آج بھی ان کے ماتھے کا روشن ترین عنوان ہے، ایسے عظیم لوگ مجھے ہمیشہ سے اچھے لگتے ہیں۔
یہ اس عمر میں بھی گھنٹی، بیلچے اور مزدوری کا سخت ترین کام کرتے ہیں، اس میں کھبی گرمی سردی کی پروا بھی نہیں کرتے ہیں۔ حیرت اس بات پر ہوتی ہے کہ مکمل مستحق زکوٰۃ و خیرات ہونے کے باوجود کبھی کسی کے سامنے ہاتھ نہیں پھیلاتے۔ نہ شکوہ، نہ سوال، نہ محرومیوں کا ماتم۔ بس خاموشی سے رزق حلال کی جدوجہد میں لگے رہتے ہیں۔ ایسے لوگ واقعی ہمارے معاشرے کا اصل حسن اور غیرت مند طبقے کی آخری نشانی ہیں۔ مجھے یہی لگتا ہے کہ ہم لوگ، ایسے غیرت مندوں لوگوں کی آخری صدی میں رہتے ہیں۔ میں کبھی کبھار اپنے قریبی رفقاء سے صفت ولی بھائی کے لیے کچھ امداد کی ریکوسٹ بھی کرتا اور وہ مایوس نہیں کرتے۔ یوں ان کے بچوں کے لیے کچھ نہ کچھ مل جاتا ہے۔
گزشتہ پانچ برسوں سے یہ میرے پاس کام بھی کرتے رہے ہیں۔ جب بھی ان کے لیول کا کوئی کام ہوتا ہے تو میں انہی کو بلاتا ہوں، بلکہ کئی کئی دن ان کا انتظار بھی کرتا ہوں۔ وجہ صرف یہ نہیں کہ یہ اچھا کام کرتے ہیں، بلکہ اس لیے بھی کہ ان کے ہاتھوں میں محنت کی دیانت اور کردار کی سچائی موجود ہے۔ اور ایسے لوگوں کے رزق حلال کا سبب بن کر خود دلی اطمینان بھی ہوتا ہے۔
یہ گزشتہ پانچ سال سے ہر عید میں میرے خصوصی مہمان بھی بنتے ہیں۔ عیدالاضحیٰ کے دوسرے دن انہیں ضرور بلاتا ہوں۔ گوشت روسٹ کرا کے خوب پیٹ بھر کر کھلاتا ہوں اور گھر کے لیے حصہ بھی ساتھ دیتا ہوں۔ آج بھی تشریف لائے تو ایک عدد پک اپ ان کی نظر کر دی۔
میں جب جب ان سے ملتا ہوں تو معانقہ کرکے دیر تک اس سے الگ نہیں ہوتا، آپ یقین کریں ان کیساتھ معانقہ میں ایک عجیب لطف آتا ہے، بالخصوص نماز جمعہ کے بعد ان سے معانقہ کرکے دل گارڈن گارڈن ہوجاتا ہے، ان کی ایک بات مجھے ہمیشہ متاثر کرتی ہے کہ یہ میرے گھر کو اپنا گھر سمجھتے ہیں، اور ہر بار اس محبت کا اظہار بھی کرتے ہیں۔
یہ بات ماننے میں حرج نہیں کہ رشتے ہمیشہ خون سے نہیں بنتے، کچھ تعلقات اخلاص، محنت، احترام اور انسانیت سے بھی قائم ہو جاتے ہیں، اور پھر عمر بھر دل کے قریب رہتے ہیں۔
رب المشرقین و المغرب سے دعا ہے کہ صفت ولی خان جیسے خوددار، محنتی اور شریف انسانوں کی حفاظت فرمائے، ان کے رزق میں برکت عطا کرے اور ہمیں بھی ایسے لوگوں کی قدر کرنے کی توفیق دے۔ آمین۔