نہار منہ مکھن کھانا، فائدہ یا وزن میں اضافہ؟

غذائی ماہرین کا کہنا ہے کہ سفید مکھن وزن کم کرنے کا براہِ راست ذریعہ نہیں ہے، اس کا زیادہ استعمال وزن اور کولیسٹرول دونوں بڑھا سکتا ہے۔

بعض افراد وزن کم کرنے کے لیے سفید مکھن یا بغیر نمک والا مکمل چکنائی کا مکھن اپنی غذا میں شامل کرتے ہیں تاہم ماہرین کے مطابق اسے خالی پیٹ کھانے سے وزن تیزی سے کم ہونے کے دعوے کے ٹھوس طبی شواہد موجود نہیں۔

سفید مکھن میں چکنائی کی مقدار زیادہ ہوتی ہے جو معدے سے غذاء کے اخراج کی رفتار کم کر کے کچھ دیر تک پیٹ بھرے رہنے کا احساس پیدا کر سکتی ہے، اس کے نتیجے میں بھوک اور غیر ضروری کھانے کی خواہش کم ہوتی ہے لیکن وزن کم کرنے کے لیے صرف مکھن پر ہی انحصار کرنا درست نہیں، وزن کم کرنے کے لیے بنیادی شرط روزانہ کیلوریز کا مناسب حد تک کم استعمال ہے۔

کولیسٹرول بڑھنے کا خدشہ

سفید مکھن میں سیر شدہ چکنائی کے ساتھ کولیسٹرول بھی پایا جاتا ہے۔اس کا زیادہ استعمال خون میں خراب کولیسٹرول کی سطح بڑھا سکتا ہے اور دل کی صحت کے لیے نقصان دہ ثابت ہو سکتا ہے، اس لیے اسے محدود مقدار میں استعمال کرنا ضروری ہے۔

سفید مکھن میں بعض وٹامنز بھی موجود ہوتے ہیں اور یہ توانائی کا مفید ذریعہ بھی ہے تاہم اس کے فوائد کا انحصار مجموعی خوراک اور استعمال کی مقدار پر ہے۔

کن افراد کو احتیاط کرنی چاہیے؟

جن افراد میں خراب کولیسٹرول پہلے ہی زیادہ ہو، موٹاپا ہو، دل کی بیماری کا خطرہ ہو یا جنہیں طبی طور پر سیر شدہ چکنائی (Saturated fat) محدود کرنے کا مشورہ دیا گیا ہو، انہیں سفید مکھن سے پرہیز یا اس کے استعمال کے بارے میں ماہرِ غذائیت سے مشورہ کرنا چاہیے۔

سفید مکھن کیسے استعمال کریں؟

سفید مکھن کو تھوڑی مقدار میں ثابت اناج کی روٹی، پروٹین سے بھرپور ناشتے یا باجرے جیسی غذاؤں کے ساتھ استعمال کیا جا سکتا ہے, اسے انتہائی پراسیس شدہ غذاؤں کے ساتھ کھانے سے گریز کرنا بہتر ہے۔

خلاصہ
نہار منہ سفید مکھن کی محدود مقدار صحت مند غذاء کا حصہ بن سکتی ہے لیکن یہ خود وزن کم نہیں کرتی، ضرورت سے زیادہ استعمال وزن اور کولیسٹرول میں اضافے کا سبب بن سکتا ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے