واشنگٹن میں اقبال کے 150ویں یومِ ولادت پر تقریب

واشنگٹن (شازیہ نیئر ) ؛ سفارت خانہ پاکستان واشنگٹن ڈی سی میں شاعرِ مشرق علامہ محمد اقبال کے 150 ویں یومِ ولادت کے موقع پر خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امریکہ میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ نے کہا کہ علامہ اقبال کی بصیرت افروز شاعری کے پاکستان کی قومی تاریخ اور شناخت پر انمٹ نقوش ہیں اور ہماری قومی زندگی کی فکری اساس اقبال کی بصیرت سے وابستہ ہے۔

سفیر پاکستان نے کہا کہ شاعرِ مشرق نے اپنی شاعری، افکار اور تصانیف کے ذریعے برصغیر کے مسلمانوں میں خودی، خودمختاری اور خود ارادیت کا شعور بیدار کیا۔ انہوں نے اپنی نثر اور نظم کے ذریعے اس ملت کو جگانے کی کوشش کی جو نوآبادیات کے زیر اثر فکری اور ذہنی پابندیوں کا شکار تھی۔

رضوان سعید شیخ نے کہا کہ علامہ اقبال نے نوآبادیاتی پس منظر میں اپنے کلام کے ذریعے ملت سے رابطہ استوار کر کے راکھ میں چنگاری کی مانند قیامِ پاکستان کی تحریک کی فکری بنیاد ڈالی۔ کلامِ اقبال کا محور خود شناسی کے ذریعے ایک قوم کو بیدار کرنا اور بالخصوص اس کے نوجوانوں کو متحرک کرنا تھا۔

انہوں نے کہا کہ اقبال کے پیغام میں اسلامی اقدار، روحانیت اور ثقافت کے احیاء پر زور دیا گیا ہے۔ اقبال کے تصورِ خودی میں خود اعتمادی موجود ہے اور ان کی بنیادی کوشش یہ تھی کہ مسلمانانِ برصغیر کو اپنی سیاسی اہمیت اور علیحدہ تشخص کا احساس دلایا جائے۔

سفیر پاکستان نے کہا کہ حکومت پاکستان علامہ اقبال کی 149 ویں سالگرہ کے موقع پر فکرِ اقبال کو تعلیمی اداروں، قومی مباحث اور ترقیاتی ترجیحات کا مؤثر حصہ بنانے کے لیے پُرعزم ہے اور یہ سلسلہ 150 ویں سالگرہ تک جاری رہے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ کلامِ اقبال مختلف ادوار میں ہماری زندگیوں کا حصہ رہا ہے اور ضرورت اس امر کی ہے کہ اس فکری اساس کو نئی نسل میں منتقل کیا جائے۔ ہمیں اپنی نوجوان نسل کو ان درخشاں روایات سے روشناس کروانا ہے جن کے ہم امین ہیں اور جن کا ذکر فلسفہ اقبال میں ہے۔

رضوان سعید شیخ نے کہا کہ علامہ اقبال کا تصورِ خودی خود شناسی، بامقصد جدوجہد اور روحانی آزادی کے ذریعے افراد اور اقوام کو اپنی تقدیر بدلنے کا درس دیتا ہے۔ اقبال کا تصورِ شاہین نوجوانوں کو جرات، بلند ارادے اور حصولِ کمال کا درس دیتا ہے۔ اقبال کی شاعری میں معنویت، آفاقیت اور افادیت ہے اور شاعرِ مشرق کی شاعری بذاتِ خود ایک اجتہادی کاوش ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج علامہ اقبال کے 150 ویں یومِ ولادت کے موقع پر ہم اس عزم کی تجدید کرتے ہیں کہ ہم ایک خوشحال، پرامن اور متحد پاکستان کی تعمیر کے لیے کوشاں رہیں گے، جس کا خواب علامہ اقبال نے دیکھا اور جو قائداعظم کی ولولہ انگیز قیادت اور برصغیر کے مسلمانوں کی لازوال قربانیوں کے باعث شرمندہ تعبیر ہوا۔

تقریب میں مقررین نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر محمد اقبال نے اپنی شاعری اور افکار کے ذریعے برصغیر کے مسلمانوں کو علیحدہ ملک کے حصول کے لیے جدوجہد کرنے کی ترغیب دی۔

مقررین نے کہا کہ علامہ اقبال نے 1930 کے مسلم لیگ کے سالانہ اجلاس سے اپنے تاریخی خطاب میں مسلمانوں کے لیے ایک آزاد مملکت کا خاکہ پیش کیا جس نے بعد ازاں حقیقت کا روپ دھارا۔ عظیم شاعر و مفکر نے برصغیر کے مسلمانوں کے لیے آزاد وطن کا خواب دیکھا تاکہ برطانوی ہندوستان میں مسلمان اپنے سیاسی حقوق حاصل کر سکیں اور ایک آزاد ملک میں ترقی کی منازل طے کریں۔

مقررین نے کہا کہ علامہ اقبال کا فکری و ادبی ورثہ صرف اسرارِ خودی، رموزِ بےخودی اور بانگِ درا پر مشتمل نہیں بلکہ مذہب، روحانیت، فلسفہ اور آزادی جیسے گہرے موضوعات کا بھی احاطہ کرتا ہے۔

اس موقع پر "اقبال کی شاعری اور عصرِ حاضر کے تقاضے” کے موضوع پر بحث و مباحثہ (پینل ڈسکشن) کا بھی اہتمام کیا گیا۔ اس موقع پر صادقین گیلری شکاگو نے کلامِ اقبال پر مشتمل خصوصی فن پاروں کی تصویری نمائش کا بھی اہتمام کیا اور کلامِ اقبال پر مشتمل ویڈیو بھی دکھائی گئی جسے حاضرینِ محفل نے خوب سراہا۔

تقریب کا انعقاد بزمِ حرف و سخن اور انٹرنیشنل اکیڈمی آف لیٹرز کے اشتراک سے کیا گیا۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے