دیامر میں قبائلی سیاست کا خاتمہ

یہ انتہائی خوش آئند بات ہے کہ دیامر کی سیاست میں قبائلی تعصب بڑی حد تک کم ہوتا دکھائی دے رہا ہے۔ اگر دیامر کے چاروں انتخابی حلقوں کی سیاسی صورت حال اور گزشتہ چند انتخابات کا جائزہ لیا جائے تو بخوبی اندازہ ہو جاتا ہے کہ گزشتہ چار عشروں کی سیاست میں جو قبائلی عصبیت اور قبیلہ جاتی تقسیم نمایاں تھی، وہ حالیہ سیاسی منظرنامے میں خاصی کمزور پڑ گئی ہے۔

اس تبدیلی کو سمجھنے کے لیے عطاء اللہ صاحب اور امام مالک صاحب کی حالیہ سیاسی سرگرمیوں اور انتخابات در انتخابات ان کے ساتھ بننے والے سیاسی اتحادوں کا جائزہ لینا کافی ہے۔ مثالیں بہت ہیں تاہم یہ مثال سب کے سامنے ہے۔

عطاء اللہ صاحب کا تعلق یشکن قبیلے سے ہے، تاہم ان کے ساتھ دیامر، بالخصوص حلقہ نمبر دو کے شین قبیلے کی انتہائی معزز اور بااثر فیملیز بڑی تعداد میں شامل ہیں۔ اگر درست تجزیہ کیا جائے تو عطاء اللہ صاحب کی کامیابی کا سہرا، شین قبیلے کو ہی جاتا ہے۔ اس کے علاوہ گجر، کمین، لوہار، سونیوال اور دیگر قبائل کے لوگ بھی بڑی تعداد میں ان کے ساتھ موجود ہیں۔ سننے میں یہ بھی آیا ہے کہ سید برادری کے بعض افراد بھی ان کے سیاسی حلقے میں شامل ہیں۔

اسی طرح سید امام مالک صاحب کے ساتھ بھی مختلف قبائل اور برادریوں کے لوگ کھڑے نظر آتے ہیں۔ ان کے ساتھ سید برادری کے علاوہ معروف شین قبائل، کشیرے قبائل، سونیوال، کمین، گجر اور دیگر برادریوں کے افراد بھی موجود ہیں۔ حتیٰ کہ یشکن قبیلے کے بعض افراد کی شمولیت کی اطلاعات بھی ہیں۔

یہ صورتِ حال اس بات کی نشان دہی کرتی ہے کہ دیامر کی سیاست میں قبائلی وابستگیاں اب پہلے کی طرح فیصلہ کن حیثیت نہیں رکھتیں۔ ہزاروں لوگ اپنے قبیلے کی روایتی سیاسی تقسیم سے نکل کر دوسری برادریوں اور قبائل کے سیاسی لوگوں کے ساتھ بھی اعلانیہ کھڑے ہو رہے ہیں۔ گویا دیامر کی سیاست میں قبیلہ جاتی تعصب کی گرفت کمزور پڑ رہی ہے اور سیاسی وابستگیوں کے نئے رجحانات جنم لے رہے ہیں۔

تاہم یہ بات بھی پیش نظر رہنی چاہیے کہ سیاست میں مفادات کا عنصر ہمیشہ موجود رہا ہے۔ انتخابات کے دوران امیدواروں اور ان کے حامیوں کے درمیان جو سیاسی کشمکش، ایک دوسرے پر الزامات، لفظی محاذ آرائی، تلخ کلامی اور بعض اوقات بدزبانی دیکھنے کو ملتی ہے، اسے بھی اسی انتخابی مقابلے اور مفادات کی سیاست کے تناظر میں سمجھنے کی ضرورت ہے۔ یہ رویے صرف دیامر تک محدود نہیں بلکہ دنیا کے مختلف معاشروں اور سیاسی نظاموں میں کسی نہ کسی شکل میں موجود رہتے ہیں۔ البتہ سیاسی اختلاف کو ذاتی دشمنی، قبائلی نفرت اور سماجی انتشار میں تبدیل نہیں ہونا چاہیے۔

میرے جیسے سیاسی و سماجی علوم کے طالب علم کے لیے یہ ایک قابل توجہ اور خوش آئند سماجی و سیاسی تبدیلی ہے کہ دیامر جیسے علاقے میں، جہاں قبائل اور برادریوں کی گہری سماجی جڑیں اور روایتی وابستگیاں موجود ہیں، سیاست بتدریج قبائلی دائروں سے باہر نکلتی دکھائی دے رہی ہے۔

یہ تبدیلی اگر اسی طرح آگے بڑھتی رہی تو دیامر کی سیاست میں ایک نئے سیاسی کلچر کی بنیاد پڑ سکتی ہے، جہاں امیدواروں کی حمایت کا معیار محض قبیلہ، برادری اور خاندانی وابستگی نہیں بلکہ سیاسی نظریہ، کردار، کارکردگی، صلاحیت اور عوامی خدمت بھی بن سکے گا۔

یہ بات پلے باندھنے کی ہے کہ معاشرے کی حقیقی ترقی اسی میں ہے کہ انسان اپنی قبائلی شناخت برقرار رکھتے ہوئے بھی تعصب سے بالاتر ہو، سیاسی اختلاف کے باوجود ایک دوسرے کا احترام کرے اور اجتماعی مفاد کو ذاتی و گروہی مفادات پر ترجیح دے۔

دیامر کی سیاست میں اگر قبائلی عصبیت واقعی کم ہو رہی ہے تو یہ محض ایک انتخابی تبدیلی نہیں بلکہ ایک اہم سماجی ارتقا بھی ہے۔ اور ارتقا کا یہ سفر جاری رہنا چاہیے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے