ماضی اور حال کا جب تقابلی جائزہ لیا جائے تو انسان ایک عجیب ذہنی کشمکش کا شکار ہو جاتا ہے۔ مسلمانوں کی تاریخ کا مطالعہ کریں تو ایک ایسا دور سامنے آتا ہے جب مسلمان صرف علم و تحقیق میں ہی نمایاں نہیں تھے بلکہ اخلاق، کردار، عدل، انسانیت اور تہذیب میں بھی بلند مقام رکھتے تھے۔ ان کا کردار اسلام کا عملی تعارف تھا۔ لوگ ان کے علم سے متاثر ہوتے تھےمگر ان کے اخلاق سے دین کےقریب آتے تھےمگر آج مسلمان معاشرے کی مجموعی صورتِ حال دیکھ کر دل میں سوال اٹھتا ہےہم یہاں تک کیسے پہنچ گئے؟
وہی امت جسے دنیا کو ہدایت اور خیر کا راستہ دکھانے کی ذمہ داری دی گئی تھی آج خود اپنی عملی زندگی میں بہت سے بنیادی اخلاقی اصولوں سے دور ہوتی دکھائی دے رہی ہے۔ ہم دوسروں کو ہدایت کی بات تو کرتے ہیں مگر اپنی زندگیوں میں اس ہدایت کی جھلک کتنی دکھائی دیتی ہے؟
ہم اپنے ہی مسلمان بھائی کے دکھ کو محسوس کرنے سے قاصر ہوتے جا رہے ہیں۔ ہماری ترجیحات بھی بدل گئی ہیں۔ اعلیٰ سے اعلیٰ گھر، قیمتی لباس، مہنگی جگہ پر کھانا اور معاشرے میں اپنی حیثیت کا اظہار. . . . . کیا کامیابی کا معیار صرف یہی رہ گیا ہے؟
ہماری پہچان ہمارے کردار سے کب ہوگی؟
معاشرے میں کہیں کوئی اچھائی دکھائی دے تو اسے سراہنے کے بجائے ہم اس میں خامیاں تلاش کرنے لگتے ہیں۔ کوئی شخص اپنی صلاحیت اور محنت سے آگے بڑھ رہا ہو تو اس کی حوصلہ افزائی کے بجائے اسے نیچا دکھانا، اس کی ٹانگ کھینچنا یا اس کی کامیابی کو کم تر ثابت کرنا جیسے ہماری عادت بنتی جا رہی ہے۔
کیا کسی اچھے انسان کو گرانا اور پھر اس کی بے بسی کا تماشا دیکھنا ایک مسلمان کے شایانِ شان ہے؟کسی کی خاموشی کا ناجائز فائدہ اٹھانا، کسی کی کمزوری کو اس کے خلاف استعمال کرنا اور کسی بے سہارا انسان کے لیے مشکلات پیدا کرکے خاموشی سے تماشا دیکھنا آخر کس اخلاق کی علامت ہے؟پھر ہم شکایت کرتے ہیں کہ ہمیں سکون نہیں ملتا۔
شاید ہمیں سمجھنے کی ضرورت ہے کہ سکون صرف آسائشوں سے نہیں ملتا۔ کسی کے لیے آسانی پیدا کرنے، کسی کا حق ادا کرنے، کسی کی عزت بچانے اور کسی کے دکھ کو محسوس کرنے سے بھی دل کو سکون ملتا ہے۔
یقیناً ہر مسلمان ایسا نہیں۔ آج بھی ہمارے معاشرے میں بے شمار لوگ اخلاص، دیانت، خدمت اور انسانیت کو اپنی زندگی کا حصہ بنائے ہوئے ہیں لیکن حسد، جلن، بغض، غیبت، نمود و نمائش اور دوسروں کو نیچا دکھانے جیسے رویّے تشویش کا باعث ضرور ہیں۔
ہماری سرگرمیاں اور ترجیحات بھی بدل گئی ہیں۔ جو محفلیں کبھی علم، ادب، فکر اور تربیت کا ذریعہ ہوا کرتی تھیں وہاں بے مقصد گفتگو اور نمود و نمائش نے جگہ بنا لی ہے۔ ہم بچوں کی ایسی سرگرمیوں پر خوش ہوتے ہیں جن سے محفل میں واہ واہ ملےمگر اگر وہی بچہ کوئی اچھی، دینی یا اخلاقی بات کرے تو ہم اسے اتنی توجہ نہیں دیتے۔
ہم نے بچوں کو یہ سکھانے کے بجائے کہ اچھا انسان کیسے بننا ہے یہ سکھانا شروع کر دیا ہے کہ لوگوں کو متاثر کیسے کرنا ہے۔فیشن اور مقبولیت بھی ہماری ترجیحات پر غالب آچکی ہیں۔ جو چیز معاشرے میں مقبول ہو ہم اسے اپنانے سے پہلے یہ سوچنا بھی ضروری نہیں سمجھتے کہ وہ ہماری اقدار، اخلاق اور دینی شناخت سے ہم آہنگ ہے یا نہیں۔
آخر مقبول ہونا اور درست ہونا ایک ہی بات کب سے ہو گئی؟
ہم ذہنی طور پر میڈیا اور مقبول بیانیوں کے بھی اس قدر زیرِ اثر آچکے ہیں کہ بعض اوقات اپنے معاشرے کی اچھی مثالیں ہماری نظروں سے اوجھل ہو جاتی ہیں۔
کوئی مسلمان مشکل حالات میں علم، خدمت یا انسانیت کے لیے کام کرے تو ہم اسے سراہنے میں بخل سے کام لیتے ہیں جبکہ کسی غیر مسلم کی اچھی کاوش سامنے آئے تو اسے بھرپور توجہ ملتی ہے۔
یہاں مسئلہ کسی غیر مسلم کی خوبی کو تسلیم کرنا نہیں۔ اچھائی جہاں بھی ہو، قابلِ قدر ہے۔ مسئلہ یہ ہے کہ ہم دوسروں کی خوبی دیکھنے کے لیے تو تیار ہوں مگر اپنے معاشرے کے ان لوگوں کی خدمات کو نظر انداز کر دیں جو مشکل حالات میں بھی خاموشی سے لوگوں کے لیے کام کر رہے ہیں۔
اگر ہم اپنی نئی نسل کے سامنے ہمیشہ دوسروں ہی کو مثالی کردار کے طور پر پیش کریں گے اور اپنے معاشرے کی مثبت مثالوں کو نظر انداز کریں گے تو ہم ان میں فکری انحصار پیدا کریں گے۔یہ ذہنی غلامی نہیں تو اور کیا ہے؟
ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم ہر اچھی مثال کو تسلیم کریں مگر اپنی اچھی مثالوں کو بھی پہچانیں ان کی حوصلہ افزائی کریں اور نئی نسل کو بتائیں کہ ہمارے اپنے معاشرے میں بھی خدمت، علم، قربانی اور کردار کی بے شمار مثالیں موجود ہیںاور شاید ہمارے معاشرتی زوال کا سب سے دردناک پہلو رشتوں کی کم ہوتی ہوئی قدر ہے۔
وہی معاشرہ جہاں کبھی رشتوں کو زندگی کا سرمایہ سمجھا جاتا تھاآج بعض جگہ رشتے مفاد کے ترازو میں تولے جانے لگے ہیں۔ بوڑھے ماں باپ، جنہوں نے اپنی زندگی اولاد کی پرورش میں گزار دی، بعض گھروں میں بوجھ سمجھے جانے لگے ہیں۔میاں بیوی کا رشتہ اعتماد، وفاداری اور احترام کا رشتہ ہےجب اس میں جھوٹ، بے وفائی اور غیر ضروری تعلقات جگہ بنا لیں تو گھر کی چار دیواری قائم رہتے ہوئے بھی اس کا سکون ختم ہو جاتا ہے۔ اس کا اثر صرف میاں بیوی تک محدود نہیں رہتا بلکہ بچوں اور پورے خاندان کو متاثر کرتا ہے۔
ہم نے رشتوں کی حفاظت کرنا کیوں چھوڑ دیا؟گھر صرف دیواروں اور آسائشوں سے نہیں بنتا. . . . . گھر اعتماد، وفا، احترام، قربانی اور احساس سے بنتا ہے۔تعلیم کا میدان بھی اس بحران سے محفوظ نہیں۔ بچے اپنے اساتذہ کا احترام بھولتے جا رہے ہیں اور بعض اساتذہ بھی اپنے منصب کو صرف ملازمت اور تنخواہ تک محدود کرتے دکھائی دیتے ہیں حالانکہ استاد صرف کتاب نہیں پڑھاتاوہ نسلوں کی ذہن سازی کرتا ہے۔
اسی طرح والدین کی ذمہ داری بھی صرف بچوں کی ضروریات پوری کرنا نہیں بلکہ ان کی تربیت کرنا ہے۔
ہم بچوں کو آسائشیں تو دے رہے ہیں مگر کیا ہم انہیں اقدار بھی دے رہے ہیں؟ ہم انہیں کامیاب دیکھنا چاہتے ہیں مگر کیا ہم انہیں اچھا انسان بنانا بھی چاہتے ہیں؟والد کے لیے کامیابی کا معیار اگر صرف زیادہ آمدنی اور بڑا گھر بن جائے تو اس دوڑ میں یہ سوال پیچھے رہ جاتا ہے کہ آمدنی حلال ہے یا نہیں؟
شاید ہمارے معاشرے کا المیہ یہی ہے کہ ہم نے ظاہری ترقی کو کامیابی اور اخلاقی زوال کو معمول سمجھنا شروع کر دیا ہے۔ہم دوسروں کی غلطیاں گنتے ہیں، اپنی خامیاں نہیں۔
ہم دوسروں کے بچوں کی تربیت پر تبصرہ کرتے ہیں اپنے بچوں کے کردار پر توجہ نہیں دیتے اور پھر حیران ہوتے ہیں کہ معاشرے میں سکون کیوں نہیں۔
ہمیں ایک لمحے کے لیے رک کر خود سے پوچھنا ہوگاہم آخر کس طرف جا رہے ہیں؟کیا ہماری منزل صرف دولت، شہرت، نمود و نمائش اور لوگوں کی نظروں میں بڑا بننا ہے؟یا ہمیں دوبارہ اس کردار، علم، عدل، رحم اور انسانیت کی طرف لوٹنا ہے جس نے کبھی مسلمانوں کو دنیا کے سامنے ایک مثال بنایا تھا؟
حقیقت یہ ہے کہ ہمارے بہت سے مسائل کا بنیادی حل اپنے دین کی صحیح تعلیمات کو سمجھنے اور اپنی عملی زندگی میں نافذ کرنے میں ہے۔ اسلام نے ہمیں عبادات کے ساتھ ساتھ عدل، امانت، سچائی، والدین کی خدمت، رشتوں کی پاسداری، پڑوسی کے حقوق، کمزوروں کی مدد، حسنِ اخلاق اور انسانیت کا درس بھی دیا ہے۔ اگر ہم ان رہنمائیوں سے غفلت برتیں گے تو ہمارے اندر موجود خامیاں اور معاشرے کے مسائل بڑھتے ہی رہیں گےمگر دین کی بات صرف زبان سے کرنا کافی نہیں اسے کردار میں دکھانا ہوگا۔
اگر ہمیں معاشرہ بدلنا ہے تو تبدیلی کسی دوسرے کے آنے کا انتظار کرنے سے نہیں آئے گی۔ اس کا آغاز فرد سے ہوگا، پھر گھر سے، پھر تربیت سے اور پھر معاشرے سے۔ہمیں اپنے حصے کا چراغ خود جلانا ہوگا۔
والدین کو اپنی اولاد کی تربیت میں کردار ادا کرنا ہوگا، استاد کو اپنے منصب کی ذمہ داری سمجھنی ہوگی، اولاد کو والدین کے احترام اور خدمت کا احساس پیدا کرنا ہوگا، میاں بیوی کو رشتے کی بنیاد اعتماد اور وفاداری پر رکھنی ہوگی اور ہر فرد کو یہ سوچنا ہوگا کہ وہ معاشرے میں خیر کے اضافے کے لیے کیا کر رہا ہے۔کیا ہمیں انتظار ہے کہ کوئی دوسرا آئے اور ہمارے معاشرے کو بدل دے؟کیا ہمیں خود اسے بدلنے کی ضرورت نہیں؟
معاشرے صرف تقریروں سے نہیں بدلتے۔ تبدیلی اس وقت شروع ہوتی ہے جب انسان دوسروں کا احتساب کرنے سے پہلے اپنا احتساب کرتا ہے۔
شاید ہمیں دنیا کو بدلنے سے پہلے اپنے اندر کے انسان کو بدلنے کی ضرورت ہےاور اگر ہر شخص اپنے حصے کی ذمہ داری قبول کر لے تو شاید وہ دن دور نہ ہو جب ہمارا معاشرہ پھر سے علم، کردار، احساس، عدل اور انسانیت کی وہی خوشبو دینے لگے جس کی کبھی دنیا مثال دیا کرتی تھی۔