ناپا (نیشنل اکیڈمی آف پرفارمنگ آرٹ) کی بنیاد ضیا محی الدین صاحب نے رکھی تھی۔ جو عالمی شہرت یافتہ فنکار تھے۔ جنرل مشرف کے دور میں یہ ادارہ قائم ہوا تھا۔ آج اس ادارے سے پاس ہونے والے بے شمار فنکار میڈیا انڈسٹری میں اپنا لوہا منوا چکے ہیں۔
بیس ، بائیس برس پہلے جب میں نوجوان ہوا کرتا تھا۔ گانے کا مجھے بہت شوق تھا۔ان دنوں ہم کراچی میں رہتے تھے۔ میں نے میڈیا انڈسٹری میں لکھنے اور اداکاری کے حوالے سے بھی کوششیں کیں مگر یہ داستان پھر کبھی سنائیں گے۔
اس دور میں ناپا نیا نیا کھلا تھا۔ اس کی بلڈنگ کراچی میں آرٹ کونسل کی بلڈنگ کے سامنے تھی۔ یہ ہندو جم خانہ کی خوبصورت عمارت تھی۔ جس میں ناپا کا ادارہ قائم گیا تھا۔ یہ عمارت آج بھی اسی جگہ موجود ہے۔ جیسا کہ میں نے بتایا کہ میں اس وقت نوجوان تھا۔ پر جوش تھا۔ میری آواز اچھی تھی۔میں نے سوچا کہ ناپا میں گلوکاری کی تربیت حاصل کروں۔ حالانکہ ہم لوگ اس وقت فیڈرل بی ایریا بلاک 18 سمن آباد میں کرائے پر رہا کرتے تھے اور ناپا ہمارے گھر سے بہت دور تھا۔
ایک دن میں ناپا میں داخلے کی غرض سے جا پہنچا۔ معلوم ہوا کہ بلڈنگ میں داخلے کے لیے شناختی کارڈ دکھانا ضروری ہے جو میرےپاس نہیں تھا۔ بہرحال میں کسی طرح اندر چلا گیا۔ ریسیپن پر ایک لڑکی تھی۔ میں نے گانے کی کلاسوں کے بارے میں استفسار کیا تو اس خوبصورت لڑکی نے بتایا کہ اتنی فیس ہوگی، فارم جمع کروانا پڑے گا اور اتنے سال کا کورس ہے اور اتنا وقت لگے گا۔اس وقت مجھے یاد ہے کہ میں نے اس لڑکی سے کہا تھا کہ اتنے دن میں تو میں مشہور بھی ہوجاؤں گا۔
یہ نوجوانی کی باتیں بھی بڑی دلکش ہوتی ہیں۔
واقعی اس وقت یہی لگتا تھا کہ میں بہت جلدی ٹی وی اسکرین پر چھاجاؤں گا اور دنیا میری فین ہو جائے گی۔ بہر حال مختصر یہ کہ میں نے ناپا میں داخلہ نہیں لیا۔
اسی دوران ایک اور جگہ گلستان جوہر میں غالبا” پرفیوم چوک کی طرف ایک میوزک اکیڈمی تھی وہاں پر بھی میرا جانا ہوا۔ جنگ اخبار میں اشتہار آیا تھا۔ میں چلا گیا۔ وہاں ایک صاحب سے بات چیت بھی ہوئی مگر یہ ادارے کمرشل ہوتے ہیں اور چاہتے ہیں کہ کسی طرح بندے کو قائل کیا جائے کہ وہ ان کے ادارے میں داخلہ لے تاکہ ان کا کاروبار چلتا رہے اور میں یہ چاہتا تھا کہ مجھے اسٹیج پر گانے کا موقع ملے اور اسی لیے مجھے اکیڈمی میں داخلہ لینے کی ضرورت تھی ورنہ بلاوجہ مجھے کوئی اسٹیج پر کیوں گانے دیتا۔ اس اکیڈمی کی فیس بھی اب مجھے یاد نہیں ہے۔ ہاں مجھے یہ یاد ہے کہ اس وقت ہماری مالی حالت بھی پتلی تھی۔ فیڈرل بی ایریا سے گلستان جوہر جانے کا کرایہ بھی دینا پڑتا اسی لیے ممکن نہیں تھا اور میں نے وہاں بھی داخلہ نہیں لیا۔
نوجوانی میں آدمی یہ سمجھتا ہے کہ کوئی بھی کام آسانی سے ہو جائے گا۔ میں یہ سمجھتا رہا کہ مجھے آسانی سے گانے کا موقع مل جائے گا اور میں اسٹیج پر پہنچ جاؤں گا اور میری پرفارمینس کی بدولت مجھ پر دولت کی بارش ہونے لگے گی مگر یہ سب میرا خیال تھا ایسا کچھ بھی نہیں ہوا۔
دراصل یہ اشتہارات جو میڈیا کے حوالے سے اخبارات میں شائع ہوتے ہیں یہ زیادہ تر کمرشل ٹائپ ہوتے ہیں ۔اگر آپ کے پاس پیسہ ہے تو ایک دو سال ایسی اکیڈمی میں داخلہ لے کر تھوڑی بہت نالج اور تعلقات تو ضرور ہو جاتے ہیں مگر اس کے باوجود اسٹیج تک پہنچنا، نام بنانا اور پیسہ کمانا دیوانے کا خواب ہی ہوتا ہے۔
اگر آپ لوگ کسی اکیڈمی کو جوائن ہی کرنا چاہتے ہیں تو پھر ناپا بہتر چوائس ہے۔ یہاں مناسب پیسوں میں معیاری تربیت دی جارہی ہے۔ ماضی جیسے اساتذہ تو شاید نہ ہوں مگر اب بھی یہ ادارہ کراچی کا بہترین ادارہ ہے۔
ابھی پچھلے دنوں دیوالی منائی گئی ۔ مجھے یاد آیا کہ بیس سال پہلے ایک مرتبہ ناپا میں دیوالی کا فنکشن اٹینڈ کرنے کا موقع بھی ملا، بہت مزا آیا وہاں کا ماحول، ہندوؤں کی بنائی ہوئی تاریخی عمارت کا اپنا ہی چارم ہے۔
اسی دور کا ایک اور قصہ بھی بتاتا چلوں۔ اخبار میں اشتہار دیکھ کر میں طارق روڈ پر واقع ایک میڈیا ایجنسی پر گیا۔ اس طرح کے اشتہارات کو پڑھنے کو ملتے ہیں کہ ایک کمپنی کو نئے گلوکار اور اداکار چاہییں۔ میں نے سوچا کہ قسمت کو آزماتے ہیں۔ ایڈ ایجنسی کے آفس میں ایک آدمی سے بات چیت ہوئی۔ وہ آدمی بارعب قسم کا آدمی تھا۔ اس کی آواز بھی بھاری تھی۔اس کی گہری مونچھیں تھیں۔ گھر سے بس میں اتنی دور جانا بہت مشکل تھا اور کبھی وہ آدمی نہیں ملتا تھا تو سخت کوفت ہوتی تھی ۔ اس دور میں موبائل بھی عام نہیں ہوئے تھے۔ میں ایک دن ابو کے ساتھ اس آدمی کے دفتر گیا اور اس نے ابو کا خیال بھی نہ کیا اور 2 ہزار روپے اینٹھ لیے وہ لچھے دار باتیں کرتا رہا۔ بعد میں اس سے فون پر بات ہوئی تو کہنے لگا کہ میں ایک میوزیکل بینڈ کا پتا بتاتا ہوں میرے ریفرنس سے ان سے بات کرنا۔دوہزار روپے اس نے رجسٹریشن کے نام پر کھالیے۔
اب سوچنے کی بات یہ ہے کہ جب اسے یہی بدتمیزی کرنی تھی تو دو ہزار کس خوشی میں لیے تھے ۔ یہ سب باتیں میں اس لیے بتارہا ہوں ہوں کہ نئے لوگوں کو سبق ملے کہ یہ انڈسٹری فراڈیوں سے بھری ہوئی ہے ۔یہاں فراڈ کرنا ،دھوکہ دینا میڈیا والوں کی عادت بلکہ ان کی خصلت بن چکی ہے۔ خوف خدا نام کو نہیں ہے۔میڈیا کی فیلڈ میں آٹے میں نمک کے برابر لوگ بہتر ہیں۔
مجروح سلطان پوری صاحب کا لکھا ہوا گانا اگر آپ نے نہیں سنا ہے تو سنیے، بار بار لگائیے اور پھر سنیے گانے کے بول ہیں۔
بابو جی دھیرے چلنا ، پیار میں ذرا سنبھلنا
بڑے دھوکے ہیں، بڑے دھوکے ہیں اس راہ میں
اسی لیے آپ بھی دیکھ بھال کر اس فیلڈ میں قدم رکھیں۔
میڈیا والے نئے اور بھولے بھالے لوگوں کا پیسہ ایسے کھاتے ہیں کہ جیسے یہ ان کا حق ہو۔
اس کے علاوہ میڈیا کی فیلڈ کا ماحول بھی مجھے سازگار نہیں لگا خیر ۔
یاروں کی محفل ہو یا جب کوئی فرمائش کردے تو میں وہاں گانا سنادیا کرتا تھا اور اب لوگوں کی فرمائش پوری کردیتا ہوں لوگ خوش ہو جاتے ہیں ایک آرٹسٹ کو اور کیا چاہیے۔
میرے ساتھ ایک تعلیمی ادارے میں ریاضی کا ٹیچر بھی پڑھایا کرتاتھا جس کی آواز بہت اچھی تھی۔ ہم دونوں اکثر اسکول کی چھٹی کے بعد اسٹاف روم میں بیٹھ کر گانے گایا کرتے تھے ۔کسی گانے کی فرمائش میں اس سے کرتا اور کسی گانے کی فرمائش وہ مجھ سے کرتا۔
رفیع صاحب ،کشور دا ،کمار سانو ،ادت نارائن اور اریجیت سنگھ کے گانے ہم بہت شوق سے گاتے۔
اس وقت اسکول میں کوئی نہیں ہوتا تھا اور گانے کے لیے یہی وقت بہترین تھا۔
اسی طرح ہر تعلیمی ادارے میں ایک دو لوگ ایسے ضرور ملے جن کو گلوکاری سے شغف تھا اور ہم ساتھ مل کر جگل بندی کرتے ۔
پچھلے سال اگست 2025 میں ایک بار پھر میں نے ناپا کا رخ کیا اور ناپا میں موسیقی کی کلاس میں داخلہ لے لیا۔اس سے پہلے آڈیشن لیا گیا میں ناپا پہنچا آڈیشن کے لیے ایک ہال میں بیٹھ گیا میرے پیچھے میڈم نور جہاں کی ایک خوبصورت تصویر لگی ہوئی تھی ایسا لگ رہا تھا کہ میڈم مجھے آشیر واد دے رہی ہوں۔دیوار پر اور بھی موسیقاروں اور گلوکاروں کی تصویریں لگی ہوئی تھیں۔ آڈیشن سے پہلے دل دھڑک رہا تھا اور پھر میری باری آگئی میں اندر آڈیشن روم میں گیا استادوں کی ٹیم وہاں پر موجود تھی میں نے میوزک پر فلم تیرے نام کا گانا گایا جس کےبول تھے۔
تم سے ملنا باتیں کرنا بڑا اچھا لگتا ہے
کیا ہے یہ، کہوں ہے یہ، کیا خبر، ہاں مگر
جو بھی ہے بڑا اچھا لگتا ہے
اس گانے کو شاعر سمیر انجان نے لکھا ہے اور ہمیش ریشمیا کی موسیقی ہے یہ گانا میرے دل کے بہت قریب ہے۔
چند دن بعد ناپا کی طرف سے مبارکباد کا میسج آیا کہ آپکو سلیکٹ کرلیا گیا ہے۔
مجھے بڑی خوشی ہوئی پھر ہمیں ناپا والوں نے بلایا۔ ناپا کا وزٹ کروایا, ناپا کی بارے میں بتایا گیا یہ عمارت تو ہمیشہ سے میری محبوبہ تھی اور اب میں اس عمارت میں باقاعدہ موسیقی سیکھنے والا تھا۔ بہت پیارا احساس تھا۔
ہمیں موسیقی کی تعلیم کے لیے ٹائم ٹیبل بھی دیا گیا تھا۔ کلاس ایک دن چھوڑ کر ہفتے میں تین دن ہوا کرتی تھی۔ کلاس گول روم میں ہوا کرتی تھی جو ناپا میں داخل ہوتے ہی سیدھے ہاتھ پر ہے گول روم جھونپڑی کے اسٹائل میں بنی ہوئی کلاس تھی اور اس طرح سے بنائی گئی تھی کہ ریاض کی آواز باہر نہ جاسکے۔یہ ہمارا تین سال کا ڈپلومہ کورس تھا۔
ہمارے استاد صاحب جو بڑے ذہین تھے چند لڑکے اور لڑکیاں ہماری کلاس میں شامل تھے میں۔ سمجھتا تھا کہ ناپا کا ماحول بہت فاسٹ ہوگا کیوں کہ ان کی اداکاری کی کلاسوں میں تو بڑا بے تکلف ماحول تھا مگر ہماری کلاس کا ماحول تو ایسا تھا کہ جیسے ہم کسی مدرسے میں پڑھ رہے ہوں۔
یاد رکھیے ضروری نہیں ہے کہ آدمی کا ہر فیصلہ درست ہو میری آواز خدا کی طرف سے میرے لیے تحفہ ضرور ہے مگر باقاعدہ گانا سیکھنا ایک الگ مرحلہ ہے جب استاد نے راگ سکھانے شروع کیے تومیرے پسینے چھوٹ گئے میں نے سوچا کہ یار یہ کہاں پھنس گئے۔ ایک بھجن بھی ہمیں سکھایا گیا۔ ایسے میں میرا ایمان تازہ ہوگیا۔ سیدھی سی بات یہ ہے کہ مجھے مزا نہیں آیا۔
میرے نزدیک گانا سیکھنا بھی شاید اتنا ضروری نہیں ہے اگر آپ کی آواز اچھی ہے تو گائیے اور مزے سے گائیے ورنہ یہ کلاسیکل راگ ہر کسی کو کہاں سمجھ میں آتے ہیں۔ اس کے علاوہ یہ بھی یاد رکھیے کہ یہ کلاسیکل گانے والے کبھی بھی نون کلاسیکل کو نہیں مانتے ہیں۔ ہمارے استاد تو کشور کمار کو ہی سنگر نہیں مانتے تھے جن کے گانے بر صغیر کے خوبصورت ترین گانوں میں شامل ہیں۔ کبھی کبھی تو دل میں آتا کہ کہوں سر اگر کشور کمار سنگر نہیں ہے تو پھر کوئی بھی نہیں ہوسکتا ہے۔
میرا مشورہ تو نئے گلوکاروں کو یہی ہے کہ آپ چاہیں تو کلاسیکل سیکھیں ورنہ جو بھی گائیں مزے سے گائیں جیسا کہ کشور کمارگایا کرتے تھے (استاد جی سے معذرت کے ساتھ) سنیدھی چوہان بھی تو کتنا شاندار گاتی ہے اسنے بھلا کون سا گانا سیکھا ہے۔
بہرحال چند دنوں میں ناپا کا نشا اتر گیا میں دس بارہ روز ہی بامشکل جاسکا۔ میں نے اتنی چھٹیاں کرلیں کے پھر جانا ہی نہیں ہوا۔
ہاں مگر ناپا کی عمارت سے مجھے عشق ہے اور ہمیشہ رہے گا۔یہ کالم میرا ذاتی تجربہ ہے۔ جس سے نئے لوگ بہت کچھ سیکھ سکتے ہیں۔ آپ کو بھی اگر گانے کا شوق ہے تو ناپا جائیے اور گانا سیکھیے ممکن ہو آپ کا تجربہ مجھ سے مختلف ہو۔