جنرل زبیر محمود حیات نے آج یعنی پیر کے روز ایک باضابطہ تقریب کے دوران بطور چیئرمین جوائنٹ چیف آف سٹاف کمیٹی کا عہدہ سنبھال لیا ہے۔
پیر کے روز چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل زبیر محمود حیات کے اعزاز میں باضابطہ استقبالیہ تقریب راولپنڈی ہیڈکوارٹر میں ہوئی۔
سرکاری ذرائع ابلاغ کے مطابق تقریب میں سبکدوش ہونے والے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل راشد محمود نے نئے نامزد چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل زبیر محمود حیات کو کمان سونپی۔
تقریب میں تینوں مسلح افواج کے سربراہوں اور اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔
خیال رہے کہ سنیچر کو وزیرِ اعظم ہاؤس کی جانب سے جاری ہونے والے ایک بیان کے مطابق صدر پاکستان ممنون حسین نے وزیرِ اعظم کی ایڈوائس پر لیفٹیننٹ جنرل قمر جاوید باجوہ اور لیفٹیننٹ جنرل زبیر محمود حیات کو جنرل کے عہدے پر ترقی دینے کی منظوری دی تھی۔
جنرل زبیر محمود حیات 17ویں چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی ہیں۔
پاکستان کی بری فوج کے نئے آڑمی چیف مقرر ہونے والے جنرل قمر جاوید باجوہ 29 نومبر سے اپنی نئی ذمہ داریاں سنبھال لیں گے اور اسی روز موجودہ آرمی چیف جنرل راحیل شریف ریٹائر ہو جائیں گے۔
فوج کے شعبۂ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کی جانب سے پیر کے روز ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ جنرل راحیل شریف نے اپنے اوداعی دوروں کے دوران آج اسلام آباد میں آئی ایس آئی ہیڈکوارٹر کا دورہ کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ہیڈکوارٹر پہنچنے پر ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل رضوان اختر نے جنرل راحیل شرف کا استقبال کیا۔
واضح رہے کہ جنرل زبیر محمود حیات امریکہ، برطانیہ کے فوجی کالجوں سے پڑھے ہوئے ہیں اور کئی اہم ترین فوجی عہدوں پر فائز رہے ہیں۔
آرمی چیف کے پرائیویٹ سیکرٹری کے علاوہ وہ جوہری اثاثوں کی دیکھ بحال کرنے والے سٹریٹیجک پلان ڈویژن کے بھی ڈائریکٹر جنرل رہ چکے ہیں اور آرٹلری ریجمنٹ کی کمان بھی کرچکے ہیں۔